جماعت اسلامی ہند بہار نے مقتول نواز کے اہل خانہ سے کی ملاقات، معاوضہ کا کیا مطالبہ

پٹنہ: 4مئی، 2026

جماعت اسلامی ہند، بہار نے ریاست میں بڑھتے جرائم، قتل کی واردات پر تشویش کا اظہار کیا ہے بطور خاص کم عمرنوجوانوں میں جرائم کے بڑھتے رجحان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور سماج سے اس جانب متوجہ ہونے کی اپیل کی ہے۔ پٹنہ کے لال باغ میں مقتول نواز عالم کے اہل خانہ سے جماعت اسلامی ہند بہاراور اے پی سی آر کے مشترکہ وفد کی ملاقات کے بعد جاری ایک پریس بیان میں جماعت اسلامی ہند،بہا رکے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ حال کے دنوں میں قتل جیسی کئی بہیمانہ واردات کو انجام دیا گیا ہے۔ بعض میں نابالغ لڑکے ملوث رہے ہیں یا ان کا شکار نابالغ لڑکیاں رہی ہیں۔امیر حلقہ نے اسے انتظامیہ کی ناکامی قرار دیا ہے۔

مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ مذکورہ قتل کے سلسلے میں جو خبریں آرہی ہیں، وہ بے حد تشویش ناک ہیں۔ ملزم لڑکا گزشتہ کئی مہینوں سے مقتول کی نابالغ بھتیجی کو پریشان کر رہا تھا۔ جب لڑکی کے گارجین نے اس پر اعتراض ظاہر کیا تب لڑکے نے منصوبہ بند طریقے سے لڑکی کے گھر میں گھس کر چچا کا قتل کر دیا۔ اس دوران اس نے لڑکی کی چچی پر اس قدر چاقو سے وار کیا کہ وہ بری طرح زخمی ہو گئیں اور آج بھی زیر علاج ہیں۔

امیر حلقہ نے تمام گارجین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں خاص کر زیر تعلیم بچوں میں اعتماد پیدا کریں کہ ان کے ساتھ باہر کچھ ہوتووہ گھر آکر انہیں باخبر کریں۔ اس سے وقت رہتے حالات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ نئی نسل کی تربیت، ان کے اندر خوف خدا کے ساتھ ساتھ سماجی قدروں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

امیر حلقہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پولس نے اصل ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر کے ریمانڈ ہوم میں بھیج دیا ہے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ مرحوم نواز اپنی فیملی کی کفالت خود ہی کرتے تھے ایسی صورت میں ان کی بیوہ اور دو سال کی بچی کے سامنے گزر بسر کا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے۔ایسی صورت میں ریاستی حکومت ان کی بیوہ کو خاطر خواہ معاوضہ دے تاکہ بیوہ اور یتیم بچی کی کفالت ہو سکے، بلکہ سرکار اس یتیم بچی کی تعلیم و تعلم کی پوری ذمہ داری قبول کرے۔

مقتول نواز کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے والوں میں جماعت اسلامی ہند، بہار کے سکریٹری ضیاء القمر، شوکت علی، محمد انور اور اے پی سی آر کی طرف سے ایڈوکیٹ ماجد محبوب خان، ایڈوکیٹ شاہد اختر اور ایڈوکیٹ شہزاد رشید شامل ہیں۔