قربانی کرنے کے بعد فضلات کو فورا ضائع کریں،برادران وطن کے جذبات کا خیال رکھیں: مولانا رضوان

پٹنہ: 6 جون، 2025
جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے امت مسلمہ بالخصوص بہارکے مسلمانوں کو عید الضحیٰ کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دن اللہ کے نزدیک سب سے پسندیدہ عمل جانورں کی گردن پر جھری چلانا ہے۔یہی وجہ ہے حضورﷺِنے تمام مستطیع مسلمانوں کو قربانی کرنے کا حکم دیا ہے اور اس کی تاکید فرمائی ہے کہ ”جو شخص استطاعت رکھتا ہو اور پھر قربانی نہ کرے وہ ہماری عید گاہ کے قریب نہ آئے“۔لہذا ہر صاحب استطاعت مسلمان کو چاہیے کہ وہ قربانی کرے۔ صدقہ،خیرات،انفاق قربانی کے بدل نہیں ہوسکتے ہیں۔
مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ قربانی کرتے وقت ہم کہتے ہیں ”اللھم منک ولک“ خدایا تیرا ہی مال ہے اور تیرے ہی لیے حاضر ہے۔یہی قربانی کی روح واسپرٹ ہے۔اس کو ملحوظ رکھنا چاہیے یعنی زندگی کا ہر لمحہ، ہر وقت، ہر صلاحیت اور ہر مال اللہ کا ہے اور اللہ کے لیے وقف ہونا چاہیے،اس کو مستحضر رکھیے۔جذبہ قربانی کو سال بھر اورپوری زندگی مہمیز دیتے رہنا چاہیے کہ اللہ کے دین کے لیے ہر ممکن قربانی دیں گے۔ ہماری قربانی ہمیں امامت وقیادت کے منصب پر فائز کرنے والی ہونی چاہیے،بغیر قربانی کے نہ فرد کی زندگی اور نہ ہی امت کی زندگی میں کوئی تبدیلی آتی ہے، بلکہ دنیا سے لے کر آخرت کی کامیابی کا راز قربانی میں پنہاں ہے۔ اس شعور کو بیدار رکھیے۔
امیر حلقہ نے کہا کہقربانی کرنے کے بعد فضلات کو فورا ضائع کریں،گندیاں نہ پھیلنے دیں۔صفائی وستھرائی ایمان کا حصہ ہے۔پڑوسیوں بالخصوص مخلوط محلہ میں رہنے والے مسلمان برادران وطن کے جذبات کا خیال رکھتے ہوئیشاہراہ یا عوامی مقام پر ذبیحہ سے گریز کریں۔پڑوسیوں کے بڑے حقوق ہیں ان کا خیال رکھیں۔چرم قربانی کو فوراً محفوظ مقام تک پہنچائیں،قربانی کرنے والوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ چرسۂ قربانی کوتنظیم،ادارے،یا سینٹر تک جہاں پہنچانا ہے فوراً پہنچائیں۔
مولانا رضوان احمد نے کہ اکہ عید کی خوشی میں اپنے اعزہ واقارب،دوست احباب مسلم وغیرمسلم سب کوشریک کریں۔الحمدللہ ہماری ریاست بہار پرامن ریاست ہے،یہاں امن وامان کی فضا قائم رہے،مزید ترقی کرے اس کا پورا پورا خیال رکھیں،شرپسندوں کو شرارت کا کوئی موقع نہ دیں،اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ریاستی سرکار اور انتظامیہ بھی حسب سابق قانون کی حکمرانی قائم رکھتے ہوئے امن وامان کے ساتھ عیدقربان منعقد کرانے میں کماحقہ اپنی ذمہ داری ادا کرے گی۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*