روزہ کے پیغام پر پوری انسانیت کو عمل کرنا چاہئے: مولانا رضوان احمد

جماعت اسلامی ہند، سلطان گنج، پٹنہ کی جانب سے اتوار 24 اپریل، 2022 کو دفتر حلقہ میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ افطار میں چیف سکریٹری عامر سبحانی سمیت مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی ذی وقار شخصیتوں کے علاوہ عام لوگوں نے شرکت کی۔ بعد نماز مغرب اپنے مختصر خطاب میں امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ روزہ تقویٰ، پرہیزگاری، صبر اور ضبط نفس کی تربیت کرتا ہے۔دنیا میں فتنہ و فساد، قتل و غارت گری، فحاشی و عریانیت، جنسی تشدد کی بنیادی وجہ پیٹ اور شرم گاہ ہے۔اس ایک مہینے کی تربیت سے روزہ دار حرام کاری، غلط کاری، شہوت پسندی اور دیگر گناہوں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا عادی ہو جاتا ہے۔ روزہ کے اس پیغام پر صرف مسلمانوں کو نہیں، بلکہ پوری انسانیت کو عمل کرنا چاہئے۔ امیر حلقہ نے کہا کہ اللہ کی کبریائی روزہ کا اصل مقصد ہے۔ لیکن افسوس کا مقام ہے کہ ہم نے اللہ کی کبریائی کو عام لوگوں اور برادران وطن تک نہیں پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ قرآن کا نزول اسی ماہ رمضان میں ہوا تھا جو کہ اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ مگر ہم نے اس نعمت کو بالائے طاق رکھ دیا۔ اس نعمت سے ہم خود بھی ہدایت حاصل کرتے، عام لوگوں کو بھی ہدایت یافتہ بناتے۔ یہ اس نعمت کا بنیادی تقاضا تھااور رمضان کا ماحصل بھی ہے۔ ناگفتہ بہ حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے مولانا رضوان احمد نے کہا کہ ماضی میں کبھی بھی تین طلاق، اذان، مدارس و مساجد، حجاب کے موضوعات اتنے بڑے پیمانے پر زیر بحث نہیں آئے۔ یہ امت مسلمہ کے لئے ایک موقع ہے کہ وہ ان موضوعات کی صحیح حقیقت عام لوگوں کو بتائیں۔یہ ہمارے ملک کے لئے بڑی ضرورت بھی ہے اور ہماری نجات کا باعث بھی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی عملی زندگی سے امت واحدہ کا تصور پیش کرنا ہے۔ذاتی، گروہی اور مسلکی اختلافات سے اوپر اٹھ کر اتحاد ملت کا ثبوت پیش کرنا چاہئے۔ یہ وقت کی بڑی ضرورت ہے۔ تقریب کی نظامت جماعت اسلامی ہند بہارکی بانکی پور یونٹ کے امیر مقامی محمد انور نے کی۔

882 sharesLikeCommentShare

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*