میڈیکل آکسیجن، پلازما اور ایمبولنس سروس سے بھی مریضوں کوفراہم کرائی جا رہی ہے سہولت
پٹنہ: 3 مئی، 2021 جماعت اسلامی ہند، بہار کے زیر اہتمام اورمعروف سرجن ڈاکٹر احمد عبدالحئی کی سرپرستی میں 25 سے زیادہ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کے تعاون سے شروع کی گئی آن لائن مفت میڈیکل کاؤنسلنگ کے کافی بہتر نتائج سامنے آرہے ہی۔23 اپریل سے شروع کی گئی میڈیکل کاؤ نسلنگ سے روزانہ سو ڈیڑھ سو لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔ اس امر کی اطلاع فراہم کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ میڈیکل کاؤنسلنگ کے لئے تقریباً 20 ہیلپ لائن نمبر جاری کئے گئے ہیں۔ ان نمبروں پر صبح 8 بجے سے رات کے 11 بجے تک الگ الگ شفٹوں میں طبی ماہرین مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو دوا اور علاج تجویز کرتے ہی۔ مریضوں اور ڈاکٹروں کے بیچ میں 12 کوآرڈینیٹر س کڑی کا کام کرتے ہیں۔ کوآرڈینیٹرس مریضوں کے فون کو ڈاکٹرس کو فارورڈ کرتے ہیں۔مریض فون پر اپنی کیفیت بتاتے ہیں اور ڈاکٹر حضرات حسب احوال دوا اور علاج تجویز کرتے ہیں۔ حسب ضرورت دوا اور آکسیجن سلنڈر بھی پہنچا تے ہیں۔ امیر حلقہ نے بتایا کہ میڈیکل کاؤنسلنگ کے ساتھ ساتھ مریضوں کو میڈیکل آکسیجن،پلازما اور ایمبولنس سروس بھی فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آکسیجن سلنڈر کی محدود تعدادکی وجہ سے بہت زیادہ لوگوں تک آکسیجن فراہم کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ اس کے مد نظر جماعت اسلامی نے پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ کو مراسلہ بھیج کر 50 سلنڈر قیمتاً فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مولانا رضوان احمد نے کہا کہ جوماہرین طب تمام تر مصروفیات کے باوجود مریضوں کے لئے اپنا وقت صرف کر رہے ہیں، جماعت اسلامی ہند بہار ان کی شکرگزار ہے۔ اس کے علاوہ میڈیکل کاؤنسلنگ کو چلانے میں اپنا تعاون پیش کررہے ایسوسی ایشن آف مسلم ڈاکٹرس، فلیم پٹنہ، بہار رابطہ کمیٹی اور ایس آئی او بہارکی بھی جماعت اسلامی ممنور و مشکور ہے
Be the first to comment