پٹنہ: 28 نومبر، 2026
جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے سیوان کے دو معصوم بچوں اشرف علی اورزید شہیدی کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے قصورواروں کو سخت سے سخت سزا دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مولانا رضوان احمد اصلاحی نے پریس کو جاری ایک پریس بیان میں بتایا کہ جماعت اسلامی کی ایک ٹیم نے مقتولین کے سرپرستوں سے ملاقات کرکے صورت حال سے واقفیت حاصل کی ہے۔ ٹیم کے مطابق یہ سارا معاملہ مسلمانوں سے بڑھتی نفرت کا نتیجہ ہے۔ ورنہ صرف کھیت سے گنا چرانے کے جرم میں دو نابالغ بچوں کو قتل کرکے تالاب میں پھینک نہیں دیا جاتا۔
جماعت اسلامی کی ٹیم نے پولس کے طرز عمل پر بھی سوال اٹھایا۔ٹیم کا کہنا ہے کہ پولس دو دن تک بیان جاری کرکے بتاتی رہی کہ معاملے گمشدگی کا ہے۔ یہاں تک کہ پولس میڈیااور سوشل میڈیا میں آرہی کسی انہونی کی رپورٹ کی بھی تردید کرتی رہی اور عوام کے کہتی رہی کہ وہ اس طرح کی خبروں سے گمراہ نہ ہوں۔ لیکن آخرکار دو بچوں کی لاش برآمد ہونے سے اندیشہ سچ ثابت ہوا۔
جماعت اسلامی کی ٹیم نے بتایا کہ پولس نے کافی دباو کے بعد ایف آئی آر درج کیا جس میں ایک مقتول کے والد نے الزام عاید کیا ہے کہ جس پانڈے ٹولہ کے تالاب سے بچوں کی لاش برآمد کی گئی، وہاں کے کچھ لوگوں نے پہلے بچوں کو بندھک بنایا پر دس ہزار روپے بطور گنے کا معاوضہ طلب کیا۔ جب مدرسے کے ذمہ داران جائے وقوع پر پہنچے اور معافی مانگی تب گاؤں کے لوگوں نے تین بچوں کو چھوڑ دیا۔ لیکن دوبچوں کا کچھ اتہ پتہ نہیں چلا۔ واقعہ 23نومبر کا تھا اور بچوں کی لاش 25 نومبر کو برآمد ہوئی۔ ایف آئی آر میں الزام عاید کیا گیا ہے کہ گاؤں کے ستیندر پانڈے، جیوتی بھوشن پانڈے، پریتم پانڈے اور آشو سنگھ نے بچوں کا قتل کیا ہے۔
پریس بیان میں جماعت اسلامی ہند، بہار نے بڑہریا تھانہ حلقہ کے تیتہلی بازار واقع دارالعلوم فیضان وارث مدرس کے ذمہ داروں کے طرز عمل کی سخت نکتہ چینی کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو دور دراز بھیج کر ان سے چندہ یا زکوۃ کی وصولی کرانا بالکل غلط ہے۔ ماں باپ بچوں کو مدرسہ پڑھنے کے لئے بھیجتے ہیں نہ کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے لئے۔
بیان میں دونوں بچوں کے سرپرستوں کے تئیں ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے انہیں خاطر خواہ معاوضہ دئے جانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ دونوں بچوں کے سرپرست بے حد غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور روشن مستقبل کے لئے انہوں نے اپنے بچوں کو مدرسے میں داخل کرایا تھا لیکن ان کے گھر چراغ ہی بجھ گیا۔ بچوں کو واپس تو لایا نہیں جا سکتا لیکن معاونت اور معاوضے سے اہل خاندان کی مدد کی جا سکتی ہے۔
مولانا رضوان احمد اصلاحی نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرائے اور قاتلوں کو ان کے کیفر کردار تک پہنچائے۔
