دنیا میں سب سے زیادہ وقف جائدادیں ہندوستان میں:: امیر جماعت

خبرنامہ: نومبر۔دسمبر2023

جماعت اسلامی ہند کے نئی دہلی واقع صدردفتر میں 5 اور 6 نومبر، 2023 کو تفہیمی و تنظیمی اجلاس برائے امور اوقات کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اجلاس میں اوقاف سے جڑے کارکنوں نے شرکت کی تھی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت جناب سید سعادت اللہ حسینی نے اوقاف سے متعلق کئی اہم باتیں کہی تھیں۔پیش ہیں خطاب کے اہم حصے۔
دنیا میں سب سے زیادہ وقف جائدادیں ہندوستان میں ہیں۔ سچر کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں 60 لاکھ ایکڑ یعنی 24 ہزار 280 اسکوائر میٹروقف جائدادوں کا اندازہ لگایا ہے یعنی نصف پنجاب جتنا رقبہ ہندوستان میں وقف کی جائداد ہے۔ اس سے پورا ایک اسٹیٹ بن سکتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ہندوستان میں سب سے زیادہ زمینیں فوج کے پاس ہیں، دوسرے نمبر پر ریلوے ہے اور تیسرے نمبر پر وقف کی جائداد ہے۔ اس کی مارکیٹ ویلیو2 لاکھ کروڑ روپے ہے اور 20 ہزار کروڑ روپے سالانہ اس سے ریوینیو جنریٹ کر سکتے ہیں۔ قابل ذکر امر ہے کہ 20 ہزار کروڑ روپے سالانہ ہندوستان میں کئی ریاستوں کا بجٹ نہیں ہے۔ لیکن اس وقت جو ریوینیو جنریٹ ہو رہا ہے، وہ صرف 163کروڑ روپے ہے۔
مال کا استعمال انسان کی فلاح و بہبود کے لئے ہونا چاہئے۔ خیر خیرات کے لئے ہونا چاہیے۔ اس میں آدمی صرف اپنا مفاد نہ دیکھے، بلکہ سماج کا اپنے آس پاس کے انسانوں کا مفاد بھی دیکھے۔بستی میں ایک آدمی بھی بھوکا سو جاتا ہے تو پوری بستی گنہگار ہوتی ہے۔ تو مال کمائیں لیکن اس کا استمعال انسانوں کے فائدے کے لئے کریں۔ یہی وقف کی اہم فلاسفی ہے۔ وقف کے ذریعہ مال پروڈیوس ہوتا ہے، گروتھ ہوتی ہے اور پھر وہ عام انسانوں کے فائدے کے لئے اس کا استعما ل ہوتا ہے۔
اسلامی تاریخ میں ہمیشہ سماج کے خوشحال طبقات نے،مالدار لوگوں نے بلکہ، غریب لوگوں نے، متوسط لوگوں نے بھی جو کچھ ان کا مال تھا اس کو زیادہ سے زیادہ انسانوں کے لئے، سماج کے لئے مفاد میں productive بنانے کی طرف توجہ دی۔ اس کے لئے اپنے مال کا استعمال کیا۔ نبی کریم ؐ کے دور سے ہی اس کی شروعات ہوئی۔ کہا جاتا ہے کہ سب سے پہلا وقف مسجدقباہے، جس کے بعد مسجد نبوی ہے اور پہلا وقف خیری مقیریؓ کا وقف ہے جو غزوہ احد میں شہید ہوئے تھے۔ اس بعد حضرت عمر، حضرت عثمان ……اسلامی تاریخ میں ہر دور میں اوقاف رہے ہیں۔
مولانا علی میاں نے اپنی کتاب ’ماذاخسرالعالم‘میں لکھا ہے کہ اسلامی تاریخ میں لوگوں کا status ان کے خیر کے کاموں سے متعین ہوتا تھا۔ وہ آدمی بڑے status کا مانا جاتا تھا جس نے زیادہ جائدادیں وقف کیں اور جس کی جائدادوں سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفیض ہورہے ہیں۔ پرسنل حیثیت میں تو وہ فقیر ہوتا تھا، سادہ سیدھا جیسے دوسرے لوگ ہوتے تھے، ویسا ہوتا تھا، لیکن لوگوں کو معلوم رہتا تھا کہ اس آدمی کے ذریعہ فلاں فلاں وقف چل رہا ہے۔ جس کے جتنے وقف ہوتے تھے اور جتنے زیادہ لوگ اس کی جائدادوں سے مستفیض ہوتے تھے، اس سے سماج میں اس کا status متعین ہوتا تھا۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ خواتین نے بھی وقف قائم کئے۔
لوگ اپنے سماج کی بڑی گہری study کرتے تھے کہ ہمارے شہر کی ہمارے سماج کی کیاضرورت ہے، آج کی ضرورت کیا ہے، آنے والے زمانے کی ضرورتیں کیا ہیں، اور ان ضرورتوں کی تکمیل کے لئے وہ اپنی جائدادوں کا استعمال کرتے تھے اور جائدادوں کو وقف کرتے تھے۔ مثلاً—غریبوں کی فلاح و بہبود، بیواؤں و یتیموں کی خبر گیری، کفالت عامہ، تعلیم کا فروغ، طلباء کے وظائف، بڑے مدرسوں و دانشگاہوں کا قیام، علمی و سائنسی تحقیقات،رسد گاہوں و تجربہ گاہوں کا قیام، دین کی اشاعت،دعوت و تبلیغ، جہاد، مساجد، علماء و مشائخ و مبلغین کی کفالت،جانوروں و پرندوں کی غذا کا انتظام، شہر کی صفائی، پاکیزگی،سڑکوں پر روشنی کا انتظام، باغوں اور عوامی تفریح گاہوں کا انتظام،فواروں کا انتظام،شہر کی خوبصورتی،حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کے نیوٹریشن کے لئے وقف، اسپتال میں جو مریض داخل ہیں، ان کی گھریلو ضرورتوں کے لئے وقف۔
ہمارے ملک کے اوقاف میں بھی یہ تمام امور شامل ہیں۔ لوگوں نے اپنی زندگی بھر کی کمائی اور مختلف ضرورتوں کو کاٹ کرانہوں نے آنے والی نسلوں کے لئے اور مسلمانوں کے لئے، ان کی مختلف ضرورتوں کی تکمیل کے لئے یہ اوقاف قائم کئے ہیں۔

تربیت و تنظیم
نومبر

مرکز اسلامی، پتھر کی مسجد، پٹنہ میں 3تا 6 نومبرکوچار روزہ تربیت گاہ کا اہتمام کیاگیا۔جناب نظیر احمد کی نگرانی میں منعقد اس تربیت گاہ میں ارکان،کارکنان اور امیدواررکنیت نے شرکت کی۔تربیت گاہ سے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بھی خطاب کیا۔
امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی کی صدارت میں 19 نومبر کو سہرسہ میں ایک روزہ سہ ضلعی (سہرسہ، مدھے پورہ، سپول)تربیتی اجتماع ہوا۔
ارریہ ضلع کا سہ ماہی اجتماع 18-19 نومبر کو شہر سے دور چلہنیاں گاؤں میں منعقد ہوا۔ اجتماع گاہ گاؤں کی جامع مسجد کو بنایا گیا تھا۔اس موقع پر خطاب عام ہوا۔1-’امت کی موجودہ صورتحال: اسباب اور علاج‘کے عنوان پر مولانا فاروق ندوی نے خطاب کیا۔2-’ہندوستان میں تحریک اسلامی کی پیش رفت‘ کے موضوع پر جناب عابد فاروقی نے خطاب کیا۔ نماز عشاء کے بعد تنظیمی نشست ہوئی۔
دوسرے دن تین منی لکچرس ہوئے۔1-’عقیدہ توحید کااثر انسانی زندگی پر‘ کے عنوان پر جناب احتشام انعام، فاربس گنج نے پیش کیا۔2-’اپنی تربیت آپ کیسے کریں؟‘ کے عنوان پر جناب محبوب عالم فاربس گنج نے پیش کیا۔3-’2024 کا عام انتخابات اور ہمارا لائحہ عمل‘ کے عنوان پر جناب مشیر عالم نے پیش کیا۔
بھاگلپور واقع ماڈل پبلک اسکول میں 25 نومبر کو بھاگلپور اور بانکا ضلع کا یک روزہ تربیتی و تنظیمی اجتماع ہوا جس میں امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی اور حلقہ سکریٹری جناب نثار احمد نے شرکت کی۔
جماعت اسلامی ہند ضلع مونگیر اور جموئی کے زیر اہتمام 26 نومبر کو مونگیر میں یک روزہ تربیتی و تنظیمی اجتماع ہوا۔اس موقع پر سکریٹری حلقہ جناب نثار احمد اورجناب زاہد کریم بھی موجود تھے۔
l گیا ضلع کے سہدیو کھاپ میں 26 نومبر کو گیا ضلع کا تربیتی و تنظیمی اجتماع ہوا۔
پٹنہ سنٹرل کا ہفتہ وار اجتماع 26 نومبر کو مرکزاسلامی پٹنہ میں ہوا۔ پروگرام کنوینر جناب شوکت علی، سیکرٹری رابطہ عامہ تھے۔موضوع تھا’قران کا مطلوب انسان‘۔ درس حدیث میں ڈاکٹر محمد فہیم الدین نے سات قسم کے لوگوں کا ذکر کیا جو عرش کے سائے میں ہوں گے۔جناب محمد انور نے ابو یحیی کی کتاب’قران کا مطلوب انسان‘کا حاصل مطالعہ پیش کیا اور بتایا کہ قرآن کے مطلوب انسان میں کیا خوبیاں ہونی چاہیے۔ امیر مقامی جناب محمد شہزادنے ماہانہ رپورٹ کی اہمیت بتائی۔ نہوں نے تحریک کے فرد کے لئے باہمی تعلقات کی اہمیت بھی بتائی اور کہا کہ رفقاء کے باہمی تعلقات کافی وسیع ہونے چاہیے تبھی وہ تحریک کے بہت سارے اہداف پورا کر سکتے ہیں۔ جناب سلطان احمد صدیقی نے رفقاء سے دعوت‘ کا خریدار بننے اور فاران مسجد کے تعمیراتی کام میں حصہ لینے کی اپیل کی۔


دسمبر
جماعت اسلامی ہند سمستی پور کا سہ ماہی ضلعی اجتماع 3 دسمبر کو مسجد عبد اللہ بن زبیر، شاہ پور بگھونی، تاج پور میں منعقد ہوا۔ افتتاحی گفتگو امیر مقامی جناب جمیل پرواز نے پیش کی، سورہ عنکبوت 1 تا 5 آیت کا درس جناب توقیر احمد فلاحی نے حالات حاضرہ کے تناظر میں بہت ہی جامع انداز میں پیش کیا۔
’موجودہ حالات میں اُمت ِمسلمہ کی ذمّہ داریاں‘ کے عنوان سے رُکن شورٰی بہار جناب نذیر احمد نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔ پانچ مختلف عنوانات پر— ’اِنسانی زِندگی پر عقیدہ توحید کے اثرات‘ جناب آصف وکیل،’اِنسانی زِندگی پر عقیدہ آخرت کے اثرات‘ جناب ضیاء القمرفلاحی،’ہم اپنی تربیت کیسے کریں‘جناب حافظ محمدیوسف،’اُمت مسلمہ کا مقصدِ وجود‘ جناب امان اللہ رضوی،’آئندہ انتخاب اور کرنے کے کام‘جناب انظار اختر نے منی لکچر پیش کیا۔
دوسرے سیشن میں ’پانچ احکام‘ کے عنوان سے جناب ضیاء القمر فلاحی نے درس حدیث اورتمام ارکانِ جماعت نے ’کارکن سازی مؤثر اقدامات‘کے عنوان پر مذاکرہ میں حصہ لیا جس کی صدارت ناظم ضلع نے کی۔
l پٹنہ واقع فاران مسجد میں 3 دسمبر کو جماعت اسلامی ہند پٹنہ سنٹرل کا دعوتی گشتی اجتماع ہوا۔
جماعت اسلامی ہند، بگ سیٹی، پٹنہ کے زیر اہتمام مرکز اسلامی، پتھر کی مسجد، پٹنہ میں 10 دسمبر، 2023 کو یک روزہ تربیتی و تنظیمی اجتماع برائے مرد و خواتین کا انعقاد کیا گیا۔اجتماع میں پٹنہ ایسٹ، پٹنہ سنٹرل اور پٹنہ ویسٹ کے ارکان و کارکنان نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کلیدی خطبہ پیش کیا۔
بتیا میں مغربی چمپارن اور مشرقی چمپارن کا تربیتی اجتماع 17 دسمبر کوہوا جس میں امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے شرکت کی۔
پٹنہ سنٹرل کا ہفتہ وار اجتماع17 دسمبر کو جماعت اسلامی مرکز پٹنہ میں ہوا۔ پروگرام کے کنوینر جناب غیور انور تھے۔
’نماز قرب الہی کا ذریعہ ہے۔ نماز کے ذریعہ ہم اللہ سے تعلق مضبوط کر سکتے ہیں۔اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ہمارے نماز کو بہتر ہونا ضروری ہے۔‘ اسی موضوع پر اس ہفتے کا اجتماع رکھا گیا تھا۔ جناب انتخاب عالم شمسی فلاحی، سکریٹری HRD نے نماز سے متعلق منتخب آیات کی تلاوت و تشریح پیش کی اور نماز کی اہمیت پر اپنی بات رکھی۔ انہوں نے بتایا کہ نماز کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جنگ کے موقع سے جبکہ ایمرجنسی سچویشن ہوتی ہے،اس حالت میں بھی نماز پڑھنے کا حکم دیا گیا ہے۔
درس حدیث ڈاکٹر محمد فہیم الدین نے پیش کیا اور بتایا کہ جس نے خشوع اور خضوع کے ساتھ پانچ وقت کی نمازیں پڑھیں اس کے لیے جنت کا وعدہ ہے۔
اس موقع پر منی تقاریر کا پروگرام بھی ہوا۔’نماز بے اثر کیوں ہو گئیں‘ اس عنوان پر ڈاکٹر مختارعالم، معاون سکریٹری تنظیم و مالیات نے تقریر کی جس کا عنوان مولانا مودودی کی کتاب’خطبات‘ حصہ سوم سے لیا گیا تھا۔جناب محمد شوکت علی، سکریٹری رابطہ عامہ نے ’آفات نماز‘ پر بات رکھی جو کہ مولانا امین حسن اصلاحی کی کتاب ’تزکیہ نفس‘ سے لیا گیا تھا۔ جناب محمد انور نے ’نماز قرب الہی کا ذریعہ‘موضوع پر جناب ڈاکٹر ضیاء الہدی صاحب کی کتاب سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی بات رکھی۔اس کے بعد جناب فخر عالم کا تجدید شہادت جناب لئیق الزماں، ناظم شہر پٹنہ بگ سٹی کے ذریعہ ہوا۔
جماعت اسلامی ہند، پٹنہ ویسٹ کا ایک روزہ ماہانہ تربیتی اجتماع 17 دسمبر کومسجد ابو بکر صدیق، پھلواری شریف کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ یہ اجتماع دو سیشن پر مشتمل تھا۔ پہلے سیشن کی صدارت اور نگرانی جناب مولانا لطف اللہ قادری، سیکرٹری اسلامی معاشرہ، جماعت اسلامی ہند، حلقہ بہار نے کی اور دوسرے سیشن کی صدارت و نگرانی جناب کامل رضا، سیکرٹری تعلیمات،جماعت اسلامی ہند حلقہ بہار نے کی۔ تربیتی اجتماع کا آغاز جناب سید لطف اللہ قادری نے درس قرآن سے کیا۔ انہوں نے سورۃ التغابن کی آیات نمبر 11 سے 15 تک کے پیش نظر ایمان کے پانچ لوازمات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ افتتاحی کلمات جناب قمر وارثی سابق ناظم شہر نے پیش کرتے ہوئے تربیتی اجتماع کی غرض وغایت پر سیر حاصل گفتگو کی۔ سابق امیر مقامی جناب علی انور نے مولانا سید ابوالاعلی مودودی رحمہ کی کتاب ’انسان کے بنیادی حقوق‘ کے حوالے سے حاصل مطالعہ پیش کیا۔ پروفیسر ضیاالدین محمد صابر نے بھی مولانا سید ابوالاعلی مودودی رحمہ کی کتاب’دین حق‘کی روشنی میں تفصیلی مطالعہ پیش کیا۔ خرم مراد رحمہ کی کتاب ’تحریک اسلامی کا عام کارکن‘ پر انجنیئر شوکت علی نے گفتگو کی۔جناب اسحاق اثر نے سید سعادت اللہ حسینی کی کتاب ’جدیدیت کا چیلنج اور اسلام‘ کے حوالے سے اپنی بات رکھی۔ جناب وصی حیدر نے ایس امین الحسن کی کتاب’زندگی کی منصوبہ بندی‘ پر خطاب کیا۔ جناب قمر وارثی نے ’تحریک اسلامی میں اختلافات اور اس کے دفاع کا دینی طریقہ‘پر سیر حاصل گفتگو کی۔ جناب محمد زبیر احمد نے کلام نبوت ص 52 کے حوالے سے اخلاق کی جامعیت پر درس حدیث پیش کیا۔ ’جدید تعلیم یافتہ طبقہ اور علم دین‘ کے موضوع پر جناب اسحاق اثر،جناب مشتاق احمد، جناب ضیاء الدین، انجینئر محمد صابراورجناب شوکت علی نے مذاکرہ پیش کیا۔
حلقہ خواتین و جی آئی کا ہفتہ وار اجتماع 31 دسمبر کو امیر مقامی چکنوٹہ کی رہائش گاہ پر ہوا۔اس موقع پر درس قرآن شاذیہ اشتیاق نے، درس حدیث نزرانہ سہیل نے اور حاصل مطالعہ لٹریچر افق مریم نے پیش کیا۔ تقریب میں انچارج جی آی او شاذیہ اشتیاق اورانچارج خواتین مسرت جہاں موجود تھیں۔
پٹنہ سینٹرل کا دعوتی گشتی اجتماع31 دسمبر کو پٹنہ کی دریا پور مسجد میں ہوا۔ پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر محمد فہیم الدین تھے۔جناب خواجہ محمد طارق نے معروف کا حکم دینا اور منکر سے روکنا موضوع پر حدیث پیش کی اور بتایا کہ منکر سے روکنا بہت ضروری ہے ورنہ سارے لوگ متاثر ہونگے۔ انہوں نے اس سلسلے میں کئی احادیث پیش کیں۔
امیر مقامی جناب محمد شہزاد نے جماعت کی توسیع پر رفقاء کرام سے گفتگو کی۔ مشورہ آیا کہ فاران مسجد اور بکسریہ ٹولہ میں پروگرام کی شروعات کی جا سکتی ہے۔ جناب غلام سرور ندوی نے جماعت اسلامی ہند کا مقصد اور طریقہ کار پیش کیا اور بتایا کہ جماعت کا مقصد اقامت دین ہے اس کے لیے اجتماعیت سے جڑنا ضروری ہے۔ پروگرام کے دوران جماعت اسلامی کا تعارفی فولڈر بھی تقسیم کیا گیا۔
l جماعت اسلامی ہندپٹنہ ایسٹ کا ماہانہ دعوتی و گشتی اجتماع 31دسمبر کو مسجد شاہ کمال،لودیکٹرہ،پٹنہ سیٹی میں منعقد ہوا۔اجتماع کا آغاز مولانا فضل کریم قاسمی نے درس قرآن سے کیا جبکہ امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند بہار مولانا رضوان احمد اصلاحی کا خطاب عام ہوا۔ شدید سردی کے باوجود عالم گنج اور پٹنہ سیٹی کے رفقاء کے علاوہ مقامی لوگوں نے خاصی تعداد میں شرکت کی۔ناظم شہر جماعت جناب لیئق الزماں بھی اجتماع میں شریک رہے۔

ووٹر بیداری مہم
نومبر

جماعت اسلامی ہند پٹنہ، بگ سٹی کی طرف سے 21 نومبر کو مرکز اسلامی پتھر کی مسجدمیں

کے سلسلے میں ایک Voter Awareness

اہم میٹنگ ہوئی جس میں پٹنہ کے مختلف علاقوں کے تقریباً 16 افراد شامل تھے۔جماعت اسلامی ہند حلقہ بہار کے ملکی امور کے سکرٹری جناب راشید حسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے Voter Awareness Program کے بارے میں معلومات فراہم کیں اور سبھی کے اتفاق رائے سے پٹنہ شہر کے لیے اس موقع سے کئی منصوبے بنائے گئے۔جناب محمد لیق الزماں،ناظم شہر جماعت اسلامی ہند بگ سٹی پٹنہ کی صدارت میں ہوئی جس میں پٹنہ سینٹرل کے امیر مقامی جناب محمد شہزاد،پٹنہ ایسٹ کے امیر مقامی ڈاکٹر نسیم اختر اور پٹنہ ویسٹ سے جناب علی انور کے علاوہ سبھی مقام کے ارکان و کارکنان نے شرکت کی۔
l بہار شریف واقع بنولیہ میں 26 نومبر کوبھی آن لائن ووٹر رجسٹریشن کا کام جاری رہا۔ اس کام کے سلسلے میں جمعہ کو شہر کی کئی مسجدوں میں اعلان کیا گیاتھا۔سات افراد کو آن لائن ووٹر رجسٹریشن کی ٹریننگ دی گئی۔دو BLO سے ملاقات کر رجسٹریشن کے تعلق سے گفتگوبھی ہوئی۔

دسمبر
جناب لئیق الزماں، ناظم شہر پٹنہ بگ سٹی کی ہدایت پر عبد الباری بھون، سلم بستی(نزد دفتر حلقہ) میں جناب محمد آرزو کے ذریعہ ووٹر ائی ڈی کا نیا کارڈ بنانے کا سلسلہ جا ری رہا۔ کارڈ میں تصیح بھی کی گئی۔
پٹنہ واقع مغل پورہ قبرستان کے پاس ناگرک سیوا کیندر کے تعاون سے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کے لئے ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر 100 سے زیادہ لوگوں نے درخواست دی۔

انتخابی نتائج پر نشست
مرکزی ذمہ دارجناب واثق ندیم خان کی آمد پر11 دسمبر کو پٹنہ واقع بہار دلت وکاس سمیتی کے دفتر میں ریاستی سطح کے سوشل اکٹیوسٹ کے ساتھ ایک نشست ہوئی۔اس موقع پرجناب واثق نے حالیہ انتخابی نتائج پر جامع جائزہ پیش کیا۔


بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن
دسمبر

شہر ارریہ میں بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کی جانب سے 10 دسمبر کویک روزہ ٹیچرس ٹریننگ کا پروگرام منعقد کیا گیا جس میں کئی اسکولوں کے تقریباً 50 اساتذہ شریک رہے۔ پروگرام میں بورڈ کے ذمّہ داران جناب ارشاد حسین،جناب راشد نیّر، جناب انتخاب عالم شمسی کے علاوہ جناب فیض احمد،پرنسپل MANUU دربھنگہ اور جناب فخرالدین،اسسٹنٹ پروفسر بھی بحیثیت ریسورس پرسن شریک رہے۔ پروگرام کو چھاؤں فاؤنڈیشن،ارریہ نے اسپانسر کیا اور ضروری تعاون دیا۔اس موقع پر بورڈ کے ممبر ماسٹرمحمد محسن کے علاوہ جناب عفان کامل اور امیر مقامی ارریہ جناب مقصود عالم بھی موجود رہے۔

تارئخ کے اوراق سے
یہی وہ جگہ ہے جہاں اکتوبر 1943 میں جماعت اسلامی متحدہ ہندوستان کا پہلا اجتماع منعقد ہوا تھا۔ یہ اجتماع مرحوم حسنین سید صاحب نے اسلام نگر رسول پور (دربھنگہ، بہار) میں منعقد کرایا تھا اور اس میں ہندوستان بھر سے جماعت کے ارکان نے شرکت کی تھی۔(فوٹو بشکریہ: خانوادہ مرحوم حسنین سید)

سی آئی او
دسمبر

نیا بازار، چھپرا میں 3 دسمبر کو امیر مقامی جماعت اسلامی ہندجناب رئیس الزماں کی صدارت میں چلڈرنس اسلامک آرگنائزیشن (سی آئی او) کا قیام عمل میں آیا۔اس موقع پر چھ بچوں نے شرکت کی جنہیں پروگرام چلانے کی تربیت دی گئی۔ جناب محمد ابتہاج کونگراں مقرر کیا گیا۔ طے پایا کہ ہرمہینے کے آخری اتوار کو صبح 10 سے 11 بجے کے دوران پروگرام ہو ا کرے گا۔

مرکز اسلامی، پتھر کی مسجد، پٹنہ میں 9 دسمبر کو چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن کا پروگرام ہوا۔ اس میں قریب 15 بچے اور پانچ گارجین خواتین شریک ہوئیں۔پروگرام کے کنوینر ڈاکٹر محمد فہیم الدین تھے۔ افتتاحی کلمات میں شہمینہ رحمن نے بچوں کو اس پروگرام کی اہمیت بتائی۔ گارجین میں سے ایک خاتون شبینہ امام نے بتایا کہ یہ پروگرام کافی اچھا ہے اور وہ اپنے بچے کو اس میں خاص طور پر بھیجتی ہیں۔ جناب محمد شہزاد امیر مقامی پٹنہ سنٹرل نے چلڈرن اسلامک آرگنائزیشن کا تعارف پیش کیا اور بتایا کہ 5 سے 14 سال کے بچے اس میں شریک ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی اچھی تربیت ضروری ہے تاکہ وہ ایک اچھے انسان بن سکیں۔ چلڈرن اسلامی آرگنائزیشن کی کوآرڈینیٹرمحترمہ شاذیہ احسن بھی پروگرام میں شریک تھیں۔
موتیہاری کے بنجریا محلہ میں 10دسمبر کو سی آئی اوکا ہفت روزہ اجتماع ہوا جس میں 30بچو ں نے شرکت کی۔اجتماع کی نظامت درجہ 6کی طالبہ یسری نے کی۔اجتماع کی monitoring محترمہ نشاط شمع حلقہ خواتین کی کارکن نے کی۔اجتماع میں تلاوت قرآن ہوانیزبچوں نے نعت اورنظم پڑھی۔ آدم کی کہانی امیر مقامی نے سنائی۔ gesture and posture کے ساتھ اصلاحی نظم بھی پڑھی گئی۔بچوں نے بڑی دلچسپی کے ساتھ اجتماع میں حصہ لیا۔
پیرو میں سی آئی اوکا اجتماع پہلی بار منعقد کیا گیا جس میں 15بچے اور بچیوں کی شرکت ہوئی۔ اجتماع میں رکن جماعت جناب محمد اسلام اور ناظم ضلع جناب محمد ضیا الدین شریک رہے۔

سلم تعلیمی سنٹر
ناظم شہرپٹنہ جناب محمد لئیق الزماں نے شہرکے سلم ایریا میں چل رہے تمام ایجوکیشن سینٹرکاسال کے اخیر میں دورہ کیا اورسینٹر میں مفت کتاب کی تقسیم کو یقینی بنانے کی کوشش کی تاکہ غریب بچے تعلیم سے محروم نہ رہیں۔اسی کڑی میں 9 نومبرکو ناظم شہر جناب محمد لئیق الزماں کا دورہ گائے گھاٹ پٹنہ سلم ایریا کا ہوا۔ دورہ کے دوران انہوں نے سلم ایریا میں چل رہے ایجوکیشن سینٹر کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع سے جناب نسیم اختر، امیر مقامی پٹنہ ایسٹ نے بھی سینٹر کے بچوں اور بچیوں کا تعلیم کے حوالے سے جائزہ لیا۔ دونوں ذمہ داروں کے سامنے ایجوکیشن سینٹر کے بچوں اور بچیوں کے درمیان مفت میں کتاب تقسیم کی گئیں۔ اس کے بعد ناظم شہر اور امیر مقامی نے کہا کہ ایجوکیشن سینٹر میں جتنے بھی بچے بچیاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ان میں سے جتنے بچے اب سرکاری اسکول کے لائق ہو گئے ہیں ان کا داخلہ جلد از جلد کرایا جانا چاہیے۔
اس موقع پر محمد آرزو، سلم ایریا کوآرڈنیٹر جماعت اسلامی ہند پٹنہ بگ سیٹی نے کہا کہ جلد ہی سبھی بچوں کا آدھار کارڈ بنایا جائے گا اور جلد از جلد بچوں کا داخلہ نزدیک کے سرکاری اسکول میں کرایا جائے گا۔ جناب نسیم نے اسی وقت نزدیک کے سرکاری اسکول کا دورہ کرایا اور سرکاری اسکول کے پرنسپل سے بات چیت میں یہ طے پایا کہ سیشن جیسے ہی شروع ہوگا ایجوکیشن سینٹر سلم ایریا کے بچوں بچیوں کا داخلہ ضرور کرا یا جائے گا۔دورہ کے دوران گائے گھاٹ سلم ایریا کے ٹیچرجناب محمد حسن بھی موجود تھے۔

اسلامک نالج ٹسٹ
جماعت اسلامی ہند بگ سٹی پٹنہ کی طرف سے چل رہے فاران مسجد مکتب میں مورخہ 9 نومبر کو ایک اسلامک نالج ٹیسٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں علاقے کے تقریباً 70 بچے اور بچیوں نے حصہ لیا۔ سوال نامہ 60 MCQپر مشتمل تھا جس کے لئے ایک گھنٹہ متعین تھا۔ مدرس مولانا عبدالحنان ندوی (امام و خطیب فاران مسجد) جناب محمد آرزو (نگراں فاران مسجد) کی نگرانی میں امتحان مکمل ہوا۔رضاکارانہ ذمہ داری کے طور پرجناب محمد حسن سیکرٹری ایس آئی او پٹنہ، جناب محمد سلمان ایس ائی او پٹنہ اور عبدالقادر ایس ائی او پٹنہ موجود رہے۔ اس موقع پر بچوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

حلقہ خواتین/جی آئی او
نومبر
بہار شریف واقع حیدر سر کے کوچنگ سینٹر بنولیہ میں 3 نومبر کوجی آئی او کی جانب سے ملک گیر مہم ’کمپینیئن آف شید‘ کے تحت پروگرام منعقد کیا گیا۔ عزیزہ وحیدہ انعم صدر جی آئی او نے مہم اور تنظیم کا جامع تعارف پیش کیا۔ اس کے بعد عزیزہ مصدقی اختر نے’زندگی گذارنے کا طریقہ‘کے عنوان پر کہا کہ ہم سب اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیں۔اس سے دنیا و آخرت دونوں جہاں میں کامیابی ملے گی۔عزیزہ سائمہ نشاط نے حالات حاضرہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں متحد اور اجتماعی زندگی گذارنی چاہیے۔مدھوبنی ضلع کے برداہا واقع مسجد قطبی میں 5 نومبر کو چیرش مہم کے تحت کوئز مقابلہ کا پروگرام ہوا۔
بتیاواقع یتیم خانہ بدریہ کالی باغ میں 5نومبرکوکوئز مقابلہ میں شریک ہوئے طالبات کے لئے انعامی مقابلہ کے نتائج کا اعلان کیاگیا۔اس موقع پرجماعت اسلامی ہند،حلقہ خواتین اورسی آی او کاتعارف حلقہ خواتین کی صدرمحترمہ نادیہ رحمن نے پیش کیا۔ایس آئی او کاتعارف اورمقصد ایس آئی او کے سابق صدر جناب مجاہد اعظم نے پیش کیا۔جی آئی اواور’مہم چیرش‘ کاتعارف اورمقصد محترمہ شفق نازتنویر نے پیش کیا۔جناب پروفیسرمحسن عالم رکن جماعت نے”دورنواورمسلم نوجوان ”کے عنوان سے ایک مدلل تقریرپیش کی۔اس کے بعد انعامات تقسیم ہوئے۔ انعامات کی تقسیم کے لئے مہمان خصوصی ڈاکٹرعبدالکریم رکن جماعت اسلامی ہندبتیا،امیر مقامی بتیاجناب محمد علی اور پروفیسرمحمد محسن عالم موجودتھے۔
جی آئی اوپٹنہ سنٹرل کا ایک پروگرام 5 نومبر کو مرکز اسلامی، پتھر کی مسجد، پٹنہ میں ہوا۔ اس موقع پر ’کیا خواتین کیریئر کی تلاش میں سرگرم عمل ہو سکتی ہیں؟‘ موضوع پر ایک ڈیبیٹ کمپٹیشن ہوا۔ مقابلہ کی فاتح جی آئی اوسلطان گنج کوانعام سے نوازا گیا۔جج جی آئی او سلطان گنج کی سابق صدر محترمہ فوزیہ تبسم تھیں۔
مدرسہ حلیمہ سعدیہ بہار شریف میں 26 نومبر کو جی آئی او کی جانب سے ملک گیر مہمCompanion of Shade کے تحت اختتامی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر عزیزہ غوثیہ فاطمہ نے ”پردہ کی اہمیت”، عزیزہ سائمہ نشاط نے ”مسلم لڑکیوں کے مسائل ”، عزیزہ مصدقی اختر نے ”تاریخی شخصیات کے ذریعے مسلم تشخص کو بحال کرنا” اور محترمہ صبا حنیفہ نے ”عورتوں کے حقوق” پر اپنا نظریہ پیش کیا۔


دسمبر
پٹنہ سنٹرل میں 4 دسمبر کو جی آئی او کا بیت بازی کا پروگرام ہوا جس میں جج کے طور پرامیر مقامی جناب محمد شہزاد اور جناب فضل کریم قاسمی کو بلایا گیا تھا۔پروگرام میں عالم گنج کی بچیاں بھی شریک تھیں۔ دس دس بچیوں کی دو ٹیمیں بنی تھیں جس میں سے ٹیم اے نے کامیابی حاصل کی۔ بچیوں نے بہت اچھا مظاہرہ کیا اور کافی اچھے اشعار پیش کیے جن میں تمکنت یوسف بنت یوسف ظفر فریدی، جویریہ علی بنت شوکت علی، عائشہ بنت اشرف ملک اور رقیہ کریم بنت زاہد کریم شامل ہیں۔
نیشنل فیڈریشن کے زیراہتمام عنوان CHERISH اورموضوع”المتحابون فی اللہ/سایے کے ساتھی“کاافتتاحی پروگرام 5 دسمبر کوبتیاکے اردو گرلس ہائی اسکول میں منعقد کیاگیا۔اس موقع پر محترمہ رقیہ تنویر، کارکن حلقہ خواتین نے”مسلم سماج پرمغربی تہذیب کے اثرات اوراس کاحل” موضوع پرمدلل تقریر پیش کی۔سیرت کے موضوع سے بھی گفتگو ہوئی۔حلقہ خواتین بتیا کی سابقہ ناظمہ محترمہ حسینہ تنویر نے اختتامی کلمات ادا کئے۔
جی آئی او کی ایک ٹیم نے 12 دسمبر کو مظفرپور واقع ایم ڈی ڈی ایم کالج کا دورہ کیا۔اس موقع پرمختلف اسٹریم کی طالبات کے ساتھ خواتین اور لڑکیوں کے ایشوز پر گفتگو کی گئی اور انہیں جی آئی او جوائن کرنے کی دعوت دی گئی۔ ٹیم میں جی آئی او مظفرپور کی صدر محترمہ زہرہ فہیم اور محترمہ رقیہ شامل تھیں۔
جی آئی او کی ٹیم نے 13 دسمبر کو مظفرپور واقع اردو گرلس ہائی اسکول کا دورہ کیا۔اس موقع پر طالبات کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے جی آئی او کا تعارف پیش کیا گیا۔ انہیں جی آئی او کا فولڈر بھی پیش کیا گیا۔ طالبات نے جی آئی او جوائن کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
جماعت کی ایک ٹیم نے 25 دسمبر کو ناظم ضلع ویشالی جناب نور اللہ خان کی پیش رفت اور امیر مقامی جناب شاہد صدیقی کی دعوت پر گاؤں چکنوٹہ کا دورہ کیا۔ تقریباً 200 لوگوں کا اجتماع تھا جہاں فریضہ اقامت دین اوراجتماعیت کی اہمیت پر ایک خطاب عام ہوا نیز حلقہ خواتین و GIO کا قیام بھی عمل میں آیا۔ دونوں گروپوں میں انچارجز اور معاونین بنائے گئے اور اہم بات چیت ہوئی۔ جماعت اور جی آئی او کے تعارفی فولڈر اور کتابچے تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر اسٹیٹ سیکرٹری حلقہ خواتین محترمہ زیبائش فردوس، اسسٹنٹ سکریٹری محترمہ صحیفہ ناز اور جی آئی او بہار کی زونل صدرمحترمہ زہرہ فرحین موجود تھیں۔

خدمت خلق
جماعت اسلامی ہند ارریہ کے دفتر میں 4 دسمبر کوفاؤنڈیشن کی جانب سے 43 یتیم بچوں کے درمیان 9-9 ہزار روپے کے چک تقسیم کئے گئے۔ یہ رقم بچوں کو حصول تعلیم کے مقصد سے دی جاتی ہے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر سابق ضلع مجسٹریٹ پرویز عالم کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔
جماعت اسلامی ہند بہار کی طرف سے 18 دسمبرکو ریاستی دفتر میں بلا امتیاز مذہب و ملت 200 سے زیادہ ضرورت مندوں کے درمیان کمبل تقسیم کئے گئے۔ کمبل حاصل کرنے والوں میں آس پاس کے غربا اور یومیہ مزدوری کرنیوالے مرد و خواتین شامل تھے۔موسم کی مناسبت سے بہار کے دوسرے مقامات پر بھی ضرورت مندوں کو کمبل فراہم کیا گیا۔
اس موقع پر جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بتایا کہ کمبل تقسیم کا یہ کام سوسائیٹی فار برائٹ فیوچر اور اہل خیر حضرات کے تعاون سے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت کے لازمی اور بنیادی کاموں میں ایک کام ’خدمت خلق‘ کا ہے۔ اس کام کو جماعت یوم تاسیس سے بلا تفریق مذہب و ملت کرتی چلی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ضرورتوں کی تکمیل اصلاً سرکاروں کی ذمہ داری ہے تاہم عوام و خواص اور رفاحی و فلاحی ادارے بھی اپنی بساط بھر یہ کام کرتے ہیں۔
امیر حلقہ نے جماعت کا تعاون کرنے والے اہل خیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال موسم سرما میں ضرورت مندوں کے درمیان کمبل کی تقسیم کی جاتی رہی ہے۔ آئندہ بھی اس قسم کے اقدام اٹھائے جاتے رہیں گے۔
اس موقع پرحلقہ سکریٹری جناب نثار احمد، ناظم شہرجناب لئیق الزماں، سکریٹری جناب سلطان احمد صدیقی،جناب محمد شہزاد،جناب محمد شوکت علی،جناب ضیاالقمر، امیر مقامی (ایسٹ) جناب نسیم اختراورجناب محمد آرزو موجود تھے۔
جماعت اسلامی پیرو کی جانب سے30 دسمبرکو ضرورت مندوں کے درمیان کمبل تقسیم کیا گیا۔
موتیہاری کے بتھنا گاؤں میں 31 دسمبر کو ضرورت مند برادران وطن کے درمیان کمبل کی تقسیم کی گئی۔ اس موقع پر امیر مقامی جناب عبدالرشید برق اور جناب سہیل ساحل نے جماعت کا تعارف کرایا اور سماج میں آپسی بھائی چارہ قائم رکھنے پر زور دیا۔
دوسری طرف، مسجد اشاعت الاسلام میں بھی ضرورت مندوں کے درمیان کمبل کی تقسیم کی گئی۔

سرو دھرم منچ
سرو دھرم منچ بہار کا ایک پروگرام 12 دسمبر کو پٹنہ واقع آئی ایم اے ہال میں ہوا۔ اس موقع پر مختلف مذاہب کے مذہبی رہنما موجود تھے۔ان میں وجے شنکر گری مہنت بڑی پٹن دیوی مندر،فادر جیمز جارج بانکی پور چرچ، ترلوک سنگھ سناتنی سکھ سبھا پٹنہ صاحب، فادر جوس، بہار دلت ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن رکن پورہ پٹنہ،مولانا رضوان احمد اصلاحی، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند بہارشامل ہیں۔ اس موقع پرجناب محمد شوکت علی سیکرٹری اور محمد شہزاد سکریٹری جماعت اسلامی ہند، بہار بھی موجود تھے۔مختلف مذاہب کے لوگوں کے بیچ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اعتماد کو مضبوط کرنے کے لیے اس منچ کو بنایا گیا ہے۔

سدبھاونا منچ
مظفرپور کے ماری پور واقع ایک ہوٹل میں 17 دسمبر کوشہر کے ماہرین تعلیم،وکیلوں، دانشوروں،اورسماجی کارکنوں کی ایک نشست ہوئی۔ ان میں برادران وطن بھی شامل تھے۔ اس موقع پر سدبھاونامنچ کی تشکیل ہوئی جس کے جناب ابوذر کمال الدین سرپرست،شری لکشمن دیو پرساد سنگھ صدراورڈاکٹر محمودالحسن سکریٹری منتخب ہوئے۔ پروفیسر وجے کمار جیسوال اورجناب محمد اشتیاق نائب سکریٹری جبکہ پروفیسر کامران غنی خازن منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ پندرہ رکنی شوریٰ کا بھی انتخاب عمل میں آیا۔

کمیونل ہارمنی
بودھ گیا واقع بودھی ٹری اسکول میں 16دسمبر کو ایک تقریب کے دوران اسلامک انفارمیشن و انٹر ریلیجئس ڈائلاگ سنٹر کی جانب سے جناب اے ایچ خان اور جناب انوارالزماں نے تقریب کے مہمان خصوصی اور بودھ مذہب کے 17 ویں کرماپا عزت مآب اوگن ٹرنلی دورجی کو قرآن کا نسخہ، اسلام کا تعارفی فولڈر اور دیگر لٹریچرکا تحفہ پیش کیا۔ بودھ دھرم گرو نے تہہ دل سے تحفہ قبول کرتے ہوئے آئیڈیل معاشرے کی تشکیل میں اپنا رول ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

کتاب میلہ
یکم تا 12 دسمبر کو پٹنہ واقع گاندھی میدان میں منعقدہ بک فیئر میں مکتبہ اسلامی کا اسٹال لگایاگیا۔اسٹال پر وزٹ کرنے والوں میں زیادہ تر برادران وطن تھے۔ وزیر جنگلات تیج پرتاپ یادونے بھی اسٹال کا دورہ کیا۔ انہیں ہندی قرآن بطور تحفہ دیا گیا۔برادران وطن سے بات کر کے اندازہ ہوا کہ وہ قران کو پڑھنا اور سمجھنا چاہتے ہیں۔ اس لیے سب سے زیادہ ڈیمانڈ قران کا ہی رہا۔کئی لوگوں کاکہنا تھا کہ ہم ہر دھرم کو پڑھنا چاہتے ہیں،سمجھنا چاہتے ہیں اس لیے قرآن بھی لے جا رہے ہیں۔ کئی لوگ قرآن کو تفصیل سے بھی سمجھنا چاہ رہے تھے اور وہ مولانا مودودی کا حاشیہ والا قران لے کر گئے۔ کتابوں میں دوسرے نمبر پر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جیونی کا ڈیمانڈ رہا۔ اس کے علاوہ اسلام کی شیتل چھایا،اسلام دھرم، ستیہ کی کھوج وغیرہ کا بھی ڈیمانڈ رہا۔

متفرقات
ملاقات
مونگیر واقع خانقاہ رحمانی میں 26 نومبر کو امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے امارت شرعیہ کے امیر شریعت مولانا فیصل رحمانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سکریٹری حلقہ جناب نثار احمد اور جناب زاہد کریم بھی موجود تھے۔

ون ٹیچر اسکول
ون ٹیچر اسکول کا افتتاحی پروگرام 5 نومبر کو جماعت اسلامی ہند،بہار شریف ملت کالونی میں منعقد کیا گیا۔امیرمقامی جناب خالد انور نے ایک ٹیچر سکول کے اغراض و مقاصد بیان کئے۔ اس کے بعد جناب شکیل خاں ریٹائر ڈ انسپکٹر،سماجی کارکن جناب جعفری احسن اور مولانا امجد قاسمی نے تعلیم کی اہمیت پر اپنی بات رکھی۔ ون ٹیچر اسکول کے کنوینر جناب مظاہر الاسلام نے’بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار‘ کے موضوع پر بہت ہی اہم اور متاثر کن بات رکھی۔دوسری طرف، 26نومبرکو جماعت اسلامی پیرو میں One Teacher School کا قیام عمل میں آیا۔ناظم ضلع جناب محمد ضیا الدین اور رکن جماعت جناب محمد اسلام کی کوششوں سے اس کا م کو انجام دیا گیا۔ ناظم ضلع نے باضابطہ طور پر اس کی نگرانی کاذمہ اپنے اوپرلیا ہے۔

کتاب کا اجراء
دربھنگہ میں عبدالوہاب فاؤنڈیشن کی جانب سے26 نومبر کو ایک تقریب کا انعقاد کرکے مرحوم ڈاکٹر عبدالوہاب کی خودنوشت ’سوز وساز حیات‘ کا اجراء کیا گیا۔ اس موقع پر امیر مقامی دربھنگہ نے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی کا تحریری پیغام پڑھا۔

ادارہ ادب اسلامی
ادارہ ادب اسلامی ہند موتیہاری اور انجمن ترقی اردو مشرقی چمپارن کے مشترکہ زیر اہتمام9 نومبر کو عالمی یوم اردو تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب
بانکا ضلع کے دھیریا واقع اپ گریڈیڈ اردو مڈل اسکول ببورا میں ایک تقریب کا انعقاد کرکے سبکدوش ٹیچرشری اوم پرکاش یادو کی عزت افزائی کی گئی۔ اس موق پر امیر مقامی ڈاکٹر محمد سلیمان نے اسلام کے تعارف کے لئے اوم پرکاش جی کو قرآن کا ایک نسخہ پیش کیا۔

مالی تعاون
جماعت اسلامی، پیرو کے دفتر میں 11دسمبر کوپانچ یتیم بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لئے 9-9 ہزار روپے کے چیک دئے گئے۔ اس موقع پر امیر مقامی پیرو اور ناظم ضلع بھوجپور موجود تھے۔

درس قرآن
پٹنہ واقع ہارون نگر- سیکٹر-1 کی مسجد میں 25 نومبر کو درس قرآن کے ماہانہ پروگرام کا آغاز ہوا۔ مولانا سید لطف اللہ قادری کے درس قرآن کے پیش کرنے سے قبل ڈاکٹر عمران الحق، امیر مقامی، جماعت اسلامی ہند، پٹنہ ویسٹ، نے پروگرام کے اغراض و مقاصد کا اختصار سے تعارف پیش کیا۔ اسی اجتماع میں یہ طے پایا کہ ہر ماہ کے آخری سنیچر کو بعد نمازِ مغرب مسجد ہٰذا میں درس قرآن کا اہتمام کیا جائے گا۔

احتجاجی مظاہرہ
فلسطین پر جاری اسرائیلی بربریت کے خلاف بایاں محاذ کی کئی پارٹیوں نے 7 نومبر کو پٹنہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ میں جماعت اسلامی ہند حلقہ بہار کی نمائندگی کرتے ہوئے جناب مختار عالم، جناب زاہد کریم اور ایس آئی او کی طرف سے جناب محمد آرزو، جناب فوزان دانش، جناب فیضان، جناب غفران سمیت کئی لوگوں نے شرکت کی۔

بی وائی او
ذکی انور مجاہدکو2023-25 کے لئے بی وائی او کا ریاستی صدر بنایا گیا۔ وہ اس سے قبل ارریہ بی وائی او کے صدر تھے۔ انہوں نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے گریجویشن کیا ہے۔

ایس آئی او
پٹنہ واقع فاران مسجد میں ایس آئی او کا ویکلی اجتماع ہوا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*