خاندان کو ٹوٹنے سے بچانے کے لئے جماعت اسلامی پورے ملک میں قائم کرے گی کاؤنسلنگ سنٹر

پٹنہ: 2 مارچ، 2021خاندان جیسے ادارے کو ٹوٹنے سے بچانے کے لئے جماعت اسلامی ہند پورے ملک میں کاؤنسلنگ سنٹر قائم کرے گی۔ ساتھ ہی خاندان کو متحد رکھنے کے لئے فیملی کورسز بھی چلائے گی۔ جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی نے سوموارکو اس بات کی جانکاری دی۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی ہندنے 19 سے 28فروری کے درمیان دس روزہ ملک گیر مہم ’مضبوط خاندان مضبوط سماج‘ چلائی تھی جسے تمام مذاہب اور طبقوں کے لوگوں نے اپنی حمایت دی۔ جناب حسینی نے کہا کہ کئی وجہوں سے آج سماجی قدروں میں گراوٹ آ رہی ہے۔ اس کی وجہ سے خاندان کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی قدروں کو نئے سرے سے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔جب خاندان اور سماج مضبوط ہوگا تب ملک بھی مضبوط ہوگا۔ امیر جماعت نے کہا کہ مہم کے اثرات کا تجزیہ کیا جارہا ہے۔ اس کے بعد آگے کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر انجینئر ایس امین الحسن نے کہا کہ پہلے کے زمانے میں نانی دانی ہوا کرتی تھیں جو بچوں کی تربیت کرتی تھیں۔ اب بچے کمپیوٹر، اسمارٹ فون اور سوشل میڈیا کے حوالے ہو گئے ہیں۔ اس کی وجہ سے ان کی صحیح طریقے سے پرورش و پرداخت نہیں ہو پاتی ہے۔ اس سے بچے اپنی ایک الگ دنیا بنا لیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہی صحیح ہے۔ لیو ان ریلیشن جیسی برائیاں اسی سوچ کی اپج ہیں۔ جناب امین الحسن نے کہا کہ مضبوط خاندان مضبوط سماج مہم کے دوران صحت مند خاندان اور معاشرے کی تعمیر کے تئیں لوگوں میں بیداری لانے کی کوشش کی گئی۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ بہار میں مہم کو گاؤں گاؤں تک پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران تمام مذاہب کے لوگوں نے کہا کہ جدید طرز زندگی اور مادہ پروستی کی وجہ سے ان کے سماج میں کئی طرح کی برائیوں نے جنم لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی برائیوں پر قابو پانے کے لئے تمام مذاہب اور طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ٹھوش کوششیں کرنی ہوں گی۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*