اپنے ایمان کو تازہ کریں،عنقریب حالات بدلیں گے: ٹی عارف علی

خبرنامہ مارچ۔اپریل 2024

خطاب عام
جماعت اسلامی ہند بگ سیٹی پٹنہ اور مسلم ڈاکٹرس فورم بہارکے مشتر زیر اہتمام 9مارچ، 2024 کوپٹنہ واقع بہار اردو اکادمی کے کانفرنس ہال میں خصوصی خطاب کا اہتمام کیا گیا تھا خواتین سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی تھی۔ خطاب کا موضوع تھا— ’موجودہ حالات اور امت کی ذمہ داری‘۔اس موقع پر مشہور اسلامی اسکالر ڈاکٹر طٰحہ متین،جماعت اسلامی ہند کے جنرل سکریٹری جناب ٹی عارف علی اور امیر حلقہ بہار مولانا رضوان احمد اصلاحی نے فکر انگیز تقریر کی۔ ذیل میں پیش ہیں تقاریر کے مخصوص حصے۔
ڈاکٹر طٰحہ متین، اسلامی اسکالر
ہمیں اسلامی تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہئے اورجنگ بدر، احد،فتح مکہ،قادسیہ،جیسی تاریخی جنگوں سے سبق حاصل کرنا چاہئے۔ جب تک ہم اپنی تاریخ سے روشناس نہیں ہوں گے تب تک حالات حاضرہ میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ آج کل سی اے اے، این آرسی، بلڈوزرکا ذکر کرکے مسلمانوں کو ڈرانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ ماضی میں اس سے بڑے بڑے مصائب مسلمانوں نے جھیلے ہیں اور فرعونیت و چنگیزیت کا مقابلہ کیا ہے۔ تب کے مسلمان اس لئے کامیاب ہوئے کیوں کہ وہ اپنے ایمان پر قائم تھے اور ان کے دلوں میں خوف خدا تھا۔
موجودہ حالات میں ہمیں نہ تو ڈرنے کی ضرورت ہے اور نہ ہی گھبرانے کی۔ ضرورت اپنے ایمان کو تازہ کرنے اور بردباری سے کام لینے کی ہے۔ یہ دور بھی ایک دن گزر جائے گا۔انشاء اللہ۔
کچھ آسودہ لوگ پوچھتے ہیں کہ ہمیں حالات حاضرہ میں کیا کرنا ہے؟کرنا کیا ہے!کھانا کم کرو،بولنا کم کرو،سونا کم کرو،فون چھوڑو،اور کیا کرنا ہے حالات حاضر ہ میں ؔ؟ کھڑے رہو رات میں اللہ کے سامنے۔اپنے ایمان کو تازہ کرو۔اپنے نفس پر قابو پاؤ۔ورنہ یہ شیطان جانے والا نہیں ہے۔
مٹھی بھر ظالم ہیں جو دندناتے پھر رہے ہیں۔ملائکہ نے یاد دلایا تھا کہ دنیا میں یہ لوگ خونریزی کریں گے،مگر اللہ کو معلوم تھاکہ میرے کچھ چند بندے ہوں گے جو کھڑے ہوں گے، فرعون کے سامنے کھڑے ہوں گے، بے کار کام نہیں کریں گے۔ جنت کی خواہش کریں گے۔اللہ کی رضامندی کے لئے ڈٹے رہیں گے۔
ہمیں inclusive ہونا چاہئے۔ ہندوستان میں بہت بڑی تعداد درج فہرست ذات اور قبائل کی ہے۔ ہمیں ان کا اعتماد جیتنا چاہئے۔ ان کا حوصلہ بڑھانا چاہئے، ان کو عزت کا مقام دلانا چاہئے۔
ٹی عارف علی، جنرل سکریٹری جماعت اسلامی ہند
ملک میں فرقہ ہم آہنگی کی فضا کو مسموم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان حالات میں ہمیں خو کو قرآن کریم سے جوڑنا اور اس سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔
مسلمانوں کی آنے والی نسلوں کو طے کرنا ہے کہ اس ملک کی مثبت تبدیلی میں ان کا کیا رول ہوگا۔ اس ملک کے بناؤمیں، اس ملک کی مثبت تبدیلی میں، ہمارے آئین کی، آنے والی نسل کی کیا ذمہ داری ہوگی، وہ اہم ہے۔ اس کے لئے آنے والی نسل کو تیار کیجئے۔
خواتین یہاں بیٹھی ہیں، اپنے بچوں کو دودھ پلاتے ہوئے بچوں کو سکھائیے کہ اسلام کیا ہے، ایمان کیا ہے۔حضور ﷺ سے محبت، جنت کی خواہش، جہنم کا ڈر، ان کو سکھائیے اور اس کی ذمہ داری کے بار ے میں بھی اس سے کہئے۔
ہم بھاگنے والے نہیں ہیں، ہم آگے چلیں گے، آج نہیں تو کل انشاء اللہ تبدیلی آنے والی ہے۔صرف ہندوستان ہی نہیں، بلکہ پوری دنیا کے حالات بدلیں گے۔ اس رمضان میں بہت بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ رمضان تبدیلیوں کا مہینہ ہے۔

مولانا رضوان احمد اصلاحی، امیر حلقہ، جماعت اسلامی ہند، بہار
ہمیں ملک کے موجودہ پریشان کن حالات کا رونا رونے کی بجائے تدابیر کرنی چاہئے۔ایک دوسرے کو مورد الزام ٹھہرانے سے حالات نہیں بدلتے ہیں۔ ہر شخص کو چاہئے کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرتے ہوئے حالات کے رخ کو موڑنے کی کوشش کرے۔ رسول اللہ ؐ کی سیرت اس بات کی گواہ ہے کہ حالات ہمیشہ ایک جیسے نہیں رہتے۔
ملک میں مسلمانوں کے تئیں کئی طرح کی غلط فہمیاں پھیلائی گئی ہیں، ہم ان کا ازالہ اسلام اور قرآن کا حقیقی تعارف پیش کرکے کریں۔ اپنے عمل، کردار اور زبان سے اسلام کی عملی تصویر پیش کریں۔اس سے جن کے دل و دماغ پراگندہ ہو گئے ہیں، ان کا ذہن صاف ہوگا، تعصبات ختم ہوں گے اور حالات بدلیں گے۔اس کے لئے امت مسلمہ کو ہی آگے آنا ہوگا۔

تربیت و تنظیم

ارریہ ضلع کا سہ ماہی اجتماع 9-10 مارچ کوفاربس گنج میں منعقد ہوا۔اس موقع پر استقبال رمضان کے عنوان سے مولانا فاروق ندوی اورمولانا افروز عالم فلاحی نے خطاب کیا۔ تنظیمی نشست وارکان کی نشست ہوئی۔نئے ارکان کے لئے تجدید شہادت کا پروگرام ہوا۔ چار مختلف عنوانات پر منی لکچرس بھی پیش کے گئے۔

رام نگر اورمضافات کاماہانہ تربیتی اجتماع8مارچ کو ہوا۔ امیر مقامی جناب فیض احمد ندوی نے رمضان اورقرآن کے حقوق،جناب صغیر احمد نے رمضان نیکیوں کا موسم بہار، مولانا کلیم اللہ نے افطار و سحر کی فضیلت کے موضوع پر اظہار خیال کیا۔ ناظم اضلاع جناب خورشید امام نے وضاحت کی کہ عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت ہم رمضان کی ہمہ جہت تربیت سے حاصل کر سکتے ہیں، روزہ، تراویح، تلاوت قرآن اور تدبر قرآن سے یہ صلاحیت ہمارے اندر پیدا ہوتی ہے۔
پٹنہ سنٹرل کا اجتماع 10 مارچ کو ہوا۔ حافظ محمد فخر الدین، امام مسجد مرکز اسلامی نے سورہ البقرہ کی رمضان سے متعلق 183 سے 185آیات کی تلاوت کی۔ امیر مقامی جناب محمد شہزاد نے بتایا کہ ڈاکٹر زیبا وقار کی تفسیر یوٹیوب چینل پر ہے۔یہ عام فہم تفسیر ہے اور اس کو سن کر ہم اجتماع میں آسانی سے درس دے سکتے ہیں۔ تفہیم القرآن کا حاصل مطالعہ جناب فخر عالم نے پیش کیا اور بتایا کہ عرب کے لوگ گھوڑے کو مضبوط بنانے کے لیے اسے بھوکا رکھتے تھے اور اسے صوم کہا جاتا تھا تاکہ گھوڑا مضبوط ہو سکے،ہر طرح کے حالات کو جھیل سکے۔ جناب ریحان عمر نے ڈاکٹر اسرار کی تفسیر بیان القران کا حاصل مطالعہ پیش کیا اور بتایا کہ شروع میں تین دن کے روزے ضروری تھے۔ اس وقت روزہ نہ رکھنے پر صدقہ دیا جا سکتا تھا۔ یہ ابتدائی حکم اسی زمانے کا ہے۔ جناب غیور انور نے ڈاکٹر زیبا وقار کی تفسیر کا حاصل مطالعہ پیش کیا اور بتایا کہ سبھی مذاہب میں روزہ رکھا گیا تھا اور سبھی آسمانی کتابیں رمضان میں ہی نازل ہوئی ہیں۔ ڈاکٹر مختار عالم نے امین احسن اصلاحی کی تدبر قران کا حاصل مطالعہ پیش کیا اور بتایا کہ بہت ساری جنگیں رمضان میں ہوئی ہیں اور یہ مسلمانوں کے فتح کا مہینہ ہے۔ جناب حامد حسین ندوی نے خلاصہ کلام میں یہ بات رکھی کہ رمضان اپنے آپ کو بدلنے کا مہینہ ہے۔ہم کو معافی کی خوبی ڈیولپ کرنی چاہیے۔ رسول اللہ نے فتح مکہ کے موقع سے لوگوں کو معاف کر دیا تھا تو رمضان میں ہم کو یہ خوبی ڈیولپ کرنی چاہیے۔ فصل روپنے کا ایک موسم ہوتا ہے اسی طرح رمضان نیکی کمانے کا موسم ہے تو ہم کو اس سے پورا فائدہ اٹھا کر کے خوب نیکی کمانی چاہیے۔ حافظ غلام سرور ندوی نے کہا کہ رمضان اللہ سے رونے اور گڑگڑانے کا مہینہ ہے۔ اللہ سے جڑنے کا مہینہ ہے۔ رمضان میں زکوۃ کلیکشن کو بہتر بنانے پر جناب سلطان احمد صدیقی نے اپنے تجربات پیش کیے اور بتایا کہ عام طور پر زکوۃ کلیکشن میں رفقاء میں جھجک ہوتی ہے۔ اس کو دور کرنا چاہیے، اس لیے کہ ہم زکوۃ کلیکشن اللہ تعالی کی خوشنودی کے لیے کرتے ہیں،اپنے ذاتی فائدے کے لیے نہیں۔ اس کے علاوہ، جن لوگوں سے ملنا ہو،ان کی لسٹ بنا لینی چاہیے اور لگاتار کوشش کی جائے اس کے لیے پلاننگ پہلے سے بھی ضروری ہے۔ جماعت کے ارکان و کارکنان کو اپنی زکوۃ لازماً جماعت کے بیت المال میں ہی جمع کرنی ہے۔
پٹنہ سنٹرل کا اجتماع 17 مارچ کو ہوا۔ پروگرام کے کنوینر جناب ضیاء القمر تھے۔ پروگرام کا آغاز سورۃ توبہ کی 60 نمبر آیت سے ہوئی جس میں زکوۃ کے مدات بتائے گئے تھے۔جناب بختیار التوحید نے ان کی تشریح کی اور بتایا کہ زکوٰۃ کن لوگوں کو دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زکوٰۃ اجتماعی طور پر دیا جانا چاہئے۔امیر مقامی جناب محمد شہزاد نے اعتکاف کی اہمیت کے بارے میں باتیں رکھیں اور اس سلسلے میں سورہ بقرہ کی آیت نمبر 168 کو پیش کیا اور بتایا کہ اعتکاف ضروری ہے۔یہ سنت الکفایہ ہے۔ محلے کے کسی ایک آدمی کے کرنے سے سارے محلے والوں کی طرف سے ہو جاتا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہر سال اعتکاف کیا کرتے تھے۔ایک سال وہ مدینہ میں نہیں تھے تو اگلے سال 20 دنوں کا اعتکاف کیا۔ازواج مطہرات بھی اعتکاف کیا کرتی تھیں۔وہ اپنے گھروں میں اعتکاف کرتی تھیں۔ اعتکاف ایک طرح کا میڈیٹیشن ہے جو تعلق باللہ قائم کرنے کے لیے ایک بہت اچھا ذریعہ ہے۔ سال میں ایک بار دس دنوں کے لیے دنیا سے ناتا توڑ کر اللہ سے تعلق جوڑنا ہی اعتکاف ہے۔ ہم لوگوں کو اعتکاف کا اہتمام کرنا چاہیے۔ امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے ایک حدیث کے حوالے سے بتایا کہ جس نے رمضان کے دنوں میں قیام کیا اس کے گناہ معاف ہو جاتے ہیں تو ہم کو رمضان کے دنوں میں قیام کرنے کا معمول بنانا چاہیے۔
l ایس آئی او پٹنہ اور جماعت اسلامی ہند نیو عظیم آباد، فاران مسجد یونٹ کا مشترکہ ہفتہ وار اجتماع24 مارچ کو ہوا۔ اس موقع پر جناب شرحبیل فلاحی (سیکریٹری،ایس آئی او بہار) نے سورہ البقرہ کی ابتدائی آیتوں کا مطالعہ پیش کیا۔جناب محمد آرزو (صدر ایس آئی او پٹنہ) نے درس حدیث بعنوان ’مسلمان اپنے بھائی کا آئینہ ہے‘ پیش کیا۔
پٹنہ سنٹرل کا اجتماع 31 مارچ کو ہوا۔ ڈاکٹر محمد عمران، امیر مقامی پٹنہ ویسٹ نے سورہ بقرہ کی 183 سے 185 آیات کی تلاوت اور ترجمانی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تقوی کا مقصد یہ ہے کہ انسان کا دل اس طرح کا بن جائے کہ اس کا دل خیر ہی کرنے کا ہو اور شر سے وہ نفرت کرنے لگے۔ہمیں اللہ کا شکرگزار بندہ بننا چاہیے اور تقوی کا اعلیٰ معیار حاصل کرنا چاہیے۔ درس حدیث پیش کرتے ہوئے حافظ محمد آصف نے بتایا کہ روزہ کا بدلہ اللہ تعالی دیتا ہے اس لیے ہمیں روزہ کو اچھے طریقے سے ادا کرنا چاہیے تاکہ اللہ سے بہتر سے بہتر اجر ہمیں حاصل ہو۔ امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے تذکیر کا پروگرام پیش کیا اور بتایا کہ اللہ کی کبریائی اور بڑائی بیان کرنا ہی زندگی کا اصل مقصد ہے جسے سورہ بقرہ کی آیت نمبر 185 میں بیان بھی کیا گیا ہے۔ اقامت دین کا جو فریضہ ہمیں انجام دینا ہے اس کا مقصد بھی اللہ کی بڑائی قائم کرنا ہے تو روزہ کا مقصد تبھی پورا ہوگا جب ہم اللہ کی کبریائی اور بڑائی قائم کریں۔
تزکیہ کیمپ: ڈہٹی یونٹ کی جانب سے ۷۲ رمضان المبارک کے موقع پر تزکیہ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر جناب محمد فارو ق ندوی نے تذکیر بالقرآن کیا جس کا موضوع تھا ’تقویٰ اور شکر گزاری کا مفہوم‘۔تذکیر بالحدیث ماسٹر محمد منصور نے کیا جس کا موضوع تھا ’طاق رات کی اہمیت اور تعین‘۔

شوریٰ کا سالانہ اجلاس
27 اور 28 اپریل کو محترم امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی کی صدارت میں حلقہ بہار کی شوریٰ کاسالانہ اجلاس دفتر حلقہ میں منعقد ہوا جس میں سبھی گیارہ اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔پروفیسر امتیاز احمد(دربھنگہ)اور ڈاکٹر زیبائش فردوس خصوصی مدعو کی حیثیت سے شریک رہے۔ اس اجلاس میں گزشتہ ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ، سال 2024-25 کے بجٹ کی تشکیل اور پچھلے سال کے بجٹ کے مطابق آمد و خرچ کا جائزہ بھی لیا گیا۔ جماعت کے پیغام کو عام کرنے اور میقاتی مشن 2023-27 کے تحت اسلام اور مسلمانوں کے حق میں رائے عامہ کی مثبت تبدیلی کے ذیل میں عوام سے رابطہ کے لئے ایک مہم ’چلو گاؤں کی طرف‘ منانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ دو روزہ اجلاس کی کارروائی کا اختتام محترم امیر حلقہ کی دعا پر ہوا۔

پارلیمانی الیکشن
رکن،مرکزی مجلس شوریٰ و صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا ڈاکٹر سید قاسم رسول الیاس اورمرکزی اسسٹنٹ سکریٹری جناب لئیق احمد خاں نے پارلیمانی الیکشن2024 کے پیش نظر7 سے 10 فروری کے دوران بہار کا چار روزہ دورہ کیا۔حلقہ بہار کے اس دورہ میں مرکزی ذمہ داران نے پٹنہ، ارریہ، دربھنگہ میں حلقہ بہار کی سیاسی کمیٹی، اضلاع کے نمائندے، سول سوسائیٹی اور سیاسی و ملی قائدین کے ساتھ میٹنگ کی۔
قیم جماعت کا دورہ بہار
قیم، جماعت اسلامی ہند محترم ٹی عارف علی کا دو روزہ دورہ بہار 9اور 10مارچ کو ہوا۔ اس دورہ میں محترم قیم جماعت نے 9 مارچ کی صبح دربھنگہ میں متوسلین جماعت کی نشست میں شرکت کی اور اسکالر اسکول کے سالانہ جلسہ میں شریک ہوئے۔ اسی دن شام کو اردو اکادمی، پٹنہ کے کانفرنس ہال میں جماعت اسلامی ہند، بگ سیٹی ہٹنہ اور مسلم ڈاکٹرس فورم کے مشترکہ اجلاس میں عمائدین شہر سے خطاب کیا۔ اگلے روز 10 مارچ کو دفتر حلقہ میں محترم قیم جماعت کی صدارت میں امیر حلقہ اور ذمہ داران جماعت کی نشست منعقد ہوئی۔ اس نشست میں محترم قیم جماعت نے بہار میں تحریک کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔
ہمار ووٹ ہمارا ادھیکار مہم
بہار یوتھ آرگنائزیشن نے پارلیمانی الیکشن کے پیش نظر بہار کے مختلف اضلاع میں ’ہمارا ووٹ ہمارا ادھیکار‘ مہم چلائی۔ مہم کا مقصد آئینی اور جمہوری اقدار میں ہورہی گراوٹ پر قابو پانا اور جمہوری نظام کو مضبوط کرنے کے لئے عام لوگوں کو اپنے ووٹ کے تئیں بیدار کرنا تھا۔ مہم کی شروعات بی وائی او کے یوم تاسیس 13 فروری کو مشرقی چمپارن کے شہر موتیہاری سے ہوئی اور اختتام 3 مارچ کو ارریہ میں ہوا۔ مہم کے دوران موتیہاری اور ارریہ کے علاوہ شیوہر، سیتامڑھی، مظفرپور، پٹنہ، بہارشریف، سمستی پور، دربھنگہ، مدھوبنی، سہرسہ، سپورل، کٹیہار، کشن گنج کے 50 بوتھوں تک پہنچ کر نوجوانوں کے ساتھ مکالمہ قائم کیا گیا۔ نوجوانوں کو اپنے حقوق کے تئیں بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ بہار کے لاکھوں missing voters کو نوجوانوں کے تعاون سے دوبارہ ووٹر لسٹ میں جوڑنے کے لئے متحرک کیا گیا۔ اس کے لئے نوجوانوں کو ٹریننگ بھی دی گئی۔


مہم کے دوران کارنر میٹنگ، wall slogan، نکڑ ناٹک، نکڑ سبھا کا اہتمام کرکے عام لوگوں کے ساتھ سیدھا رابطہ قائم کیا گیا۔ اس کے علاوہ مہم کے مقاصد کو عا م لوگوں تک پہنچانے کے لئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا گیا۔ وہاٹس ایپ اور فیس بک پر مہم سے متعلق سرگرمیوں پر مبنی تصاویر اور ویڈیو ریلیز کئے گئے۔ یوٹیوبر سے ملاقاتیں کی گئیں۔ اس کے علاوہ مین اسٹریم میڈیا تک اپنی بات پہنچانے کے لئے صحافیوں سے رابطہ کیا گیا۔ کٹیہار اور ارریہ میں پریس کانفرنس کئے گئے۔ پرنٹ میڈیا میں 30 سے زیادہ رپورٹیں شائع ہوئیں۔
زکوۃکانفرنس
زکوٰۃ سینٹر (انڈیا) کے پٹنہ چیپٹر کی طرف سے 3 مارچ کو الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی کے اقرا ہال میں ایک کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں شہر کے عمائدین، اصحابِ خیر، دانش وران اور سماجی اور رفاہی کاموں سے دل چسپی لینے والے حضرات بڑی تعداد میں شریک ہوئے – مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے ڈاکٹر محمد رضی الاسلام ندوی نے خطاب کیا۔کانفرنس سے جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے بتایا کہ مال اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے۔ جن لوگوں کے پاس مال ہو انہیں شکر گزاری کے طور پر کچھ مال غریب اور ضرورت مند لوگوں پر خرچ کرنا چاہیے۔ آخر میں جناب ندوی نے زکوٰۃ کے بعض اہم مسائل بیان کیے۔ان کی گفتگو کے بعد حاضرین کو سوالات کا موقع دیا گیا۔


کانفرنس میں شرکت کرنے والوں میں خواتین کی بھی خاصی تعداد تھی -جناب ندوی نے عرض کیا کہ زکوٰۃ ایک عبادت ہے، اس کا تعلق خواتین سے بھی ہے – انھیں بھی اجر کمانے میں سبقت کرنی چاہیے۔

عید ملن
جماعت اسلامی ہند بہار کی طرف سے21 اپریل کوپٹنہ واقع دفتر حلقہ میں ایک غیر رسمی ’عید ملن‘ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مذاہب کے لوگ موجود تھے۔ ان میں روی شنکر پانڈے، گوپال پرساد جیسوال، درگا کانت جھا، این سی گوئل، پی کے آزاد، اروند کمار، نثار احمد، لئیق الزماں،نسیم اختر، احمد امام اور ذکی انور مجاہدشامل تھے۔اس موقع پر جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں انسانوں کی فطرت کا خیال رکھتے ہوئے خوشی کے دن بھی متعین کردیے گئے ہیں۔ یہ عید اور بقرعید خوشی کے لیے ہیں۔ خوشی کی تکمیل اس وقت تک نہیں ہوسکتی ہے جب تک اس کو باہم مل کر بانٹا نہ جائے۔ یہ عید رمضان کے اختتام پر آتی ہے۔ روزہ انسانوں کے اندر غیر معمولی ضبط نفس کی صلاحیت پیدا کرنے کے لیے آیا تھا۔ اسی ماہ میں قرآن جیسی نعمت ملی۔ عید اس پر ایک شکرانہ ہے۔
شعبہ کمیونل ہارمنی کے سکریٹری محمد شہزاد نے بتایاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے جماعت اسلامی ہند بہار کی طرف سے تمام مذاہب کے دھرم گروؤں پر مشتمل ’سرودھرم منچ‘ کی تشکیل کی گئی ہے۔ وہیں،سماج کے سرکردوہ لوگوں پر مشتمل ’سدبھاونا منچ‘ کی تشکیل کی گئی ہے۔ یہ دونوں ہی پلیٹ فارم سرگرم عمل ہیں۔
اخیر میں سوئی اور نمکین سے مہمانوں کی ضیافت کی گئی۔


جماعت اسلامی ہند،موتیہاری یونٹ اور ایس آئی او کی جانب سے11 اپریل کو عید کی نماز کے بعد مقامی عید گاہ کے قریب انتظامیہ و پولس کے اہل کاروں، دکانداروں اور عام لوگوں کے درمیان سوئی، مکسچر اور پانی تقسیم کئے گئے۔اس پیش قدمی کو لوگوں نے کافی پسند کیا۔
جماعت اسلامی ہند موتی ہاری کا عید ملن پروگرام بنجریا محلہ واقع ماسٹر اعجاز الحق کی رہائش گاہ پر13 اپریل کو منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر جناب اسرارلحق نے عید،رمضان اور ارکان اسلام اورسماج پر اسکے اثرات عنوان پر بہترین تقریر کی۔ مہمانوں میں شری کشوری ریٹائرڈ آرمی سوبیدار،پرمودکماربی آرپی،امن کمارکوآ رڈینیٹر پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن موتی ہاری،ہریندرکمار ٹیچر،نو ل کشور جے ای،وغیرہم نے اپنے بہترین خیالات پیش کئے۔سبھوں نے کہا کہ نفرتوں کے اس ماحول میں جماعت محبت کا جو چراغ روشن کر رہی ہے وہ بہت ہی قابلِ تعریف ہے۔انہوں نے وعدہ کیا کہ آپ جب بھی ہمیں پکاریں گے ہم حاضر رہیں گے۔سیوئی اور نمکین سے مہمانوں کی ضیافت کی گی۔ نظامت امیر مقامی موتی ہاری نے کی۔جناب سہیل ساحل نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
مدھوبنی میں عید کے دن تقریباًً 30 ایڈمنسٹریشن کے افراد وتقریبا 20 عام وطنی بھائیوں کی خدمت میں ضیافتی اشیاء کے علاوہ کچھ لٹریچر وپمفیلیٹ تقسیم کئے گئے جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
پٹنہ سنٹرل کا ہفتہ وار اجتماع 14 اپریل کو ہوا جس میں جناب انجینئر راشد حسین، سیکریٹری ملکی امور نے عام انتخابات 2024 میں مرکز کے سرکلر کی روشنی میں ہمارے کرنے کے کام بتائے۔ اس کے بعد مولانا رضوان احمد اصلاحی، امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، بہار نے تذکیر پیش کی اور بتایا کہ اسلام میں خوشی کا طریقہ بھی بتایا گیا ہے اور عید الفطر میں اللہ کی کبریائی کا اعلان کرنے کو کہا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج حالات بہت ہی نازک ہیں اور ہماری ذمہ داری بہت بڑھ جاتی ہے اور ہمارا ملک ٹرننگ پوائنٹ پر ہے۔ہم ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھ نہیں سکتے۔ہم کو حالات کو بدلنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اس انتخاب میں بھرپور حصہ لینا چاہیے۔اس کے بعد عید ملن کا پروگرام ہوا جس میں رفقاء اپنے گھروں سے کھانے پینے کا سامان لے کر آئے تھے۔سب نے مل بیٹھ کر ایک ساتھ کھایا۔ایس آئی او کے نوجوان بھی شریک تھے۔
سدبھاونا منچ مظفّر پور کی جانب سے 14 اپریل کو عید ملن کا پروگرام مقامی ایک ہوٹل میں منعقد کیا گیا جس میں شہر کے ایک سو سے زائد دانشوران و برادران وطن شریک رہے۔پروگرام میں سدبھاونا منچ مظفّر پور کے ذمّہ داران بالخصوص صدر جناب لکچھن دیو پرشاد،سیکرٹری ڈاکٹر محمود الحسن،پروفیسر ارون کمار،پروفیسر اودھیش جی،فادر وکاس جی، ڈاکٹر ابوذر کمال الدین،جناب ہشام طارق اورجناب اشتیاق کے علاوہ کئی برادران وطن نے اظہار خیال کیا۔اس میں انہوں نے سماج میں پھیل رہی نفرت کو دور کرنے کے لئے مل جل کر سدبھاونا کے قیام کے لئے زمینی سطح پر کام کرنے پر زور دیا۔ اخیر میں اجتماعی طور پر سیوئی کی ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔
سلام نگر میں جناب خورشید امام کی رہائش گاہ پر17 اپریل کو جماعت اسلامی موتی ہاری کی جانب سے عید ملن پروگرام منعقد کیا گیا جس میں تلاوت مع ترجمہ و مختصر تفسیر مولانامحمد دستگیر ندوی نے پیش کی اورصدارت پروفیسر محمد اقبال حسین نے کی۔ایس آئی او کی نمائندگی شہباز خان نے کی۔جناب محمد عاصم کلیم نے روزہ اور اسکے مقاصد پر روشنی ڈالی۔جناب ابو نصر نہال الدین نے اسلام و مسلمان کے سلسلے میں میں غلط فہمی کو دور کرنے کی کوشش کی۔برادران وطن میں شری ستیہ نارائن رام، شری مہندر رام، پروفیسر ایس کے رائے،ریٹائرڈ اے ڈی جی للت کمار کشواہا،شری جیوتی کمار، شری گوپی پرساد اور شری منیش شریواستو نے عمدہ خیالات پیش کیے۔سبھوں نے جماعت اسلامی کی کوششوں کو پسند کیا۔ جناب عبدالرشید برق امیر مقامی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اسکے بعد حاضرین کی ضیافت کی گی۔سب آپس میں گلے ملے اور پروگرام اختتام پزیر ہوا۔

دعوت افطار
جماعت اسلامی ہند موتیہاری کی جانب سے 17 مارچ کو بنجریا محلہ واقع جناب اعجازالحق کی رہائش گاہ پر اجتماعی افطار کا اہتمام کیا گیاجس میں برادران وطن نے بھی شرکت کی۔
جماعت اسلامی ہند ہسوا یونٹ کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔
سیتا مڑھی میں 22 مارچ کو دعوت افطارکا پروگرام ہوا۔رمضان اور قرآن پر تبادلہ خیال کے ساتھ قرآن کا درس پیش کیا گیا۔دعوت افطار میں برادران وطن نے بھی شرکت کی۔
گیا واقع ملت ہاسپٹل کیمپس میں 22 مارچ کو سدبھاونا منچ کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں 30 سے زیادہ برادران وطن نے بھی شرکت کی۔ شرکت کرنے والوں میں مقامی ایم ایل اے، مہیش سنگھ یادو کالج کے سکریٹری، یووا پریاس، وائی ایم سی اے اور برہما کماری سے وابستہ لوگوں کے علاوہ تین غیر ملکی بہنیں بھی شامل تھیں۔
سدبھاونا منچ مظفّر پور کی جانب سے 22 مارچ کو دعوت افطار کا پروگرام شہر مظفر پور میں منعقد کیا گیا جس میں 100 سے زائد دانشوران و برادران وطن شریک رہے۔الحمدللہ! مظفّر پور میں تین چار ماہ قبل سدبھاونا منچ کے قیام کے بعد سے کئی نشستیں ہو چکی ہیں اور شہر کی سطح پر ایک امن ریلی کا انعقاد بھی ہو چکا ہے۔ اس دعوت افطار پروگرام میں سدبھاونا منچ کے ذمّہ داران بالخصوص پروفیسر ارون کمار،پروفیسر ویجے کمار جائسوال،ڈاکٹر ابوذر کمال الدین،ڈاکٹر محمود الحسن،جناب ہشام طارق کے علاوہ کئی برادران وطن نے اظہار خیال کیا اور سماج میں پھیل رہی نفرت کے خاتمہ کے لئے مل جل کر زمینی سطح پرکام کرنے پر زور دیا۔
جماعت اسلامی ہند نوادہ یونٹ کی جانب سے 24 مارچ کو المسجد المنار عظمت نگر نوادہ میں دعوت افطار کا احتمام کیا گیا جس میں شہر کے معزز افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر مفتی صباح الدین قاسمی نے اپنی تقریر میں رمضان المبارک اور اجتماعی افطار پر روشنی ڈالی اور ہندوستان میں جماعت اسلامی کی سرگرمیوں کو بیان کیا۔ جناب جاوید اختر امیر مقامی نوادہ یونٹ نے مقامی یونٹ کی سرگرمیوں سے متلق مختصر رپورٹ پیش کی۔
ارریہ میں جماعت اسلامی ہند کی طرف سے 24 مارچ کومسجد عثمان میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیاجس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔
جماعت اسلامی ہند ڈہٹی یونٹ کی جانب سے 27 مارچ کو دعوت افطار کا اہتمام کیا گیاجس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر افطار کے پیغام پرمختصراً گفتگو بھی ہوئی۔
رجوکھر یونٹ کی طرف سے۷۱ رمضان المبارک کودعوت افطار کا اہتمام کیا گیاجس میں جماعت کے متفقین،علاقے کے با اتر و عام لوگ شریک ہوئے۔ مہمانوں کی تعدادسو سے زائد تھی۔اس موقع پر امیر مقامی جناب یحی ٰشریف نے مختصر اًجماعت کا تعارف پیش کیا اورحافظ محمد فیضان احمد نے رمضان کی رحمت و مغفرت پر جامع گفتگو کی۔
جماعت اسلامی ہند بھاگلپورکی جانب سے 28 مارچ کو اجتماعی دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔
جماعت اسلامی ہند،گیاکی طرف سے 31 مارچ کواجتماعی دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔
پٹنہ واقع غوث نگر،تارامنڈل سلم ایریا میں جماعت اسلامی ہند بگ سیٹی پٹنہ کی جانب سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں تقریباً دو سو لوگوں نے شرکت کی۔
مرکز اسلامی، پتھر کی مسجد،پٹنہ میں 7 اپریل کو دعوت افطار کا ہتمام کیا گیا۔
سدبھاونامنچ ارریہ کی جانب سے 7 اپریل کو دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر تقریباً 200 افراد شریک رہے 100 کی تعداد میں برادران وطن شریک رہے۔افطار کے بعد ماسٹر محمد محسن نے روزہ کی اہمیت پر مختصراً گفتگو کی۔

استقبال رمضان
جماعت اسلامی ہند، ڈہٹی کی جانب سے یکم مارچ کو نواب ٹولہ میں، 3 مارچ کوکسکوروا محلہ میں اور5 مارچ کوجگجان بھاگ نیزبوچا بستی میں استقبال رمضان کا پروگرام منعقد کیا گیا۔
ارریہ ضلع میں ڈہٹی یونٹ کی جانب سے مدرسہ عیدگاہ میں استقبال رمضان کا پروگرام ہوا۔
استقبال رمضان کے عنوان سے3مارچ کو حلقہ خواتین، جی آئی او اور ایس آئی او کامشترکہ اجتماع مسجد اشاعت الاسلام سلام نگر موتی ہاری میں منعقد ہوا۔ درس قرآن مولانامحمد دستگیر ندوی نے دیا۔اسکے بعد لکچرس کا پروگرام ہوا۔پہلا لکچربعنوان ’زکوٰۃ‘جناب ابو نصر نہال الدین نے،دوسرا لکچر بعنوان’قرآن سمجھ کر پڑھنا کیوں ضروری ہے؟‘جناب خالد ندیم نے، ’مقاصد صوم‘پر جناب حسن شاہد نے اور’رمضان اور تعلق بااللہ‘ پر جناب عبد الرشید برق نے لکچر پیش کیا۔بعد ازاں مذاکرہ بعنوان’رمضان المبارک میں ہماری معمولات‘زیر صدارت جناب عاصم کلیم منعقد ہواجس میں شہباز خان،صفیہ فاطمہ،نشاط شمع، کہکشاں خاتون نے شرکت کی۔پروگرام کی نظامت برادر ارشاد عالم نے کی۔
ململ مدھوبنی میں 3مارچ کو استقبال رمضان کے مناسبت سے جی آئی او، سی آئی او، وومینس وینگ کا مشترکہ ایک پروگرام ہوا جسمیں شرکاء کی تعداد تقریباً 150 تھی۔
بکرم گنج یونٹ کی جانب سے 8مارچ کو استقبال رمضان پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
پٹنہ سنٹرل میں استقبال رمضان کا پروگرام نشیمن کالونی میں 8 مارچ کو ہوا۔ جناب غلام سرور ندوی نے اپنی تقریر میں رمضان کی اہمیت بتائی اور کہا کہ روزے کا بدلہ اللہ تعالی ہی دے گا۔ انہوں نے روزے کے احکامات بھی بیان کیے اور یہ بھی کہا کہ ہمیں اس کی تیاری پہلے سے کرنی چاہیے اور اللہ سے تعلق جوڑنا چاہیے۔
جماعت اسلامی پیرو میں استقبال رمضان کا پروگرام 8مارچ کو ہوا۔ اس موقع پر’رمضان کیسے گزاریں‘ عنوان پر لکچر ہوا۔لکچر میں حصہ لینے والوں میں جناب محمد مجاہد، جناب محمد اسرار، جناب محمد شمیم اورجناب محمد ذیشان شامل تھے۔لکچرس پر صدارتی گفتگوجناب محمد اسلام نے کی۔ اختتامی کلمات جناب محمد ضیا الدین نے پیش کئے۔
بیگوسرائے ضلع کے لکھمنیاں میں 8اور 9مارچ کو جناب قاضی محمد زیدی کی رہائش گاہ پر استقبال رمضان کا پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام میں خواتین نے بھی اچھی خاصی تعداد میں شرکت کی۔
پٹنہ واقع گائے گھاٹ سلم ایریا میں 10 مارچ کو استقبال رمضان کا پروگرام منعقد کیا گیا۔اس موقع پر ٹیچر برادر محمدحسن نے موجود لوگوں کو ماہ رمضان کی اہمیت اور فضیلت بتائی۔جماعت اسلامی ہند بگ سیٹی پٹنہ کے سلم ایریا کوآرڈینیٹر جناب محمد آرزو نے کہا کہ اس مہینے خوب عبادت کرنی چاہئے اور قرآن کی تلاوت کرنی چاہئے۔
رام نگر میں جی آئی او اور خواتین کا استقبال رمضان پر مشترکہ اجتماع ہوا جس میں شرکاء کی تعداد 300سے زیادہ رہی۔
جماعت اسلامی بتیا کی جانب سے 10 مارچ کو اردو گرلس ہائی اسکول امام باڑہ میں استقبال رمضان کا پروگرام ہوا۔ اس موقع پر سابق امیر مقامی مولانا حسن معاویہ ندوی نے کہا کہ رمضان کے مہینے میں ہمیں زیاسے زیادہ قرآن پڑھنا چاہئے اور سمجھ کر پڑھنا چاہئے۔ امیر مقامی جناب محمد علی نے کہا کہ اس مقدس مہینے میں بندہ اپنے گناہوں سے توبہ و استغفار کرکے اور اپنی کوتاہیوں کو دھو کر اپنے آ پ کو روحانی طور پر پاک و صاف کر سکتا ہے۔ مولانا فہیم حیدر نے کہا کہ قرآن کریم ہمیں تمام مسائل کا حل بتاتا ہے۔
مسجد عمر بن خطاب، رجوکھر میں 10 مارچ کو استقبالِ رمضان کے تعلق سے خطاب عام کا پروگرام ہوا۔ امیر مقامی جناب یحییٰ شریف نے افتتاحی گفتگو پیش کی۔مہمانِ خصوصی مولانا محمد افروز عالم فلاحی نے استقبالِ رمضان کے موضوع پر خطاب کیا۔
رمضان المبارک کے موقع پر نرکٹیا گنج مسجد میں بعد نماز عشاء استقبال رمضان کا پروگرام کیا گیا۔جناب فیض احمد ندوی نے روزہ، تراویح، افطار و سحر کی فضیلت واضح کرتے ہوئے ماہ رمضان میں اپنی تربیت کرنے اور قرآن سے بھر پور استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔ ڈاکٹر امتیاز علی نے رمضان میں کثرت سے عبادت، ذکر ودعا انفاق اور خدمت خلق کرنے پر زور دیا۔
الخدمت سلائی سینٹر قسیم کالونی، پٹنہ میں 7 مارچ کو خواتین کا استقبال رمضان کا پروگرام ہوا۔محترمہ شاذیہ احسن نے سورہ البقرہ کی 183 سے 185 آیات کی تلاوت اور ترجمانی پیش کی۔انہوں نے بتایا کہ روزہ کا مقصود تقوی ہے، اللہ سے تعلق مضبوط کرنا ہے۔ محترمہ راحت عمران (معاون یونٹ انچارج) نے کہا کہ ہم لوگوں کو اس رمضان میں اپنا شیڈیول اس طرح بنانا ہے کہ ہم اللہ کے قریب ہو سکیں۔محترمہ شاہین طلعت نے کہا کہ جب ہمارے یہاں کوئی مہمان آنے والا ہوتاہے تو اس کے لیے تیاری ہوتی ہے،گھر کی صاف صفائی ہوتی ہے۔بہت سارے آئیٹم بنائے جاتے ہیں۔اسی طرح رمضان جب ہمارے اوپر سایہ فگن ہونے والا ہے تو ہم کو اس کی تیاری کرنی چاہیے۔ یہ نیکی کمانے کا مہینہ ہے۔ محترمہ انجم مختار، یونٹ انچارج کی دعا کے ساتھ پروگرام کا خاتمہ ہوا۔

فالو اپ میٹنگ
فروری کی 24 اور 25 تاریخ کو پٹنہ میں کارکن خواتین کادو روزہ اجتماع ہوا تھا۔اجتماع کے متعلق تاثرات جاننے کے لئے شریک خاتون کارکنان کے ساتھ ایک فالو اپ میٹنگ 2 مارچ کودفتر حلقہ پٹنہ میں ہوئی جس میں چار خاتون ارکان جماعت محترمہ زاہدہ خاتون، محترمہ انجم مختار، محترمہ شاذیہ احسن اور محترمہ نغمہ فردوس شریک تھیں۔۔ اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے محترمہ فوزیہ اختری،محترمہ شمع پروین اور محترمہ نازنین نے کہا کہ پروگرام کافی اچھا اور متاثرکن تھا۔ محترمہ صبا ناز نے کہا کہ پروگرام موٹیویٹنگ تھا۔ محترمہ رضیہ سلطانہ نے کہا کہ اللہ کی زمین پر اللہ کے دین کو قائم کرنے کی تلقین کی گئی۔ محترمہ افزا فاطمہ نے کہا کہ پہلی بار اس طرح کے پروگرام میں شرکت ہوئی۔ قرآن ا ور حدیث کو اچھے سے سمجھنے کا موقع ملا۔ محترمہ فروزاں ناہید نے کہا کہ پروگرام سے مل جل کر کام کرنے کا حوصلہ پیدا ہوا۔ محترمہ جہاں آرا نے کہا کہ پروگرام کا انتظام و انصرام بہت اچھا تھا۔
امیر مقامی جناب محمد شہزادنے کہا کہ کارکنان کو ارکان کے لیول پر لے جانا ہے۔اس کے لیے مطالعہ ضروری ہے۔آن لائن مطالعہ کے لیے پروگرام ترتیب دیا جائے گا۔ بتایا گیا کہ محترمہ رضیہ باجی دربھنگہ آن لائن مطالعہ کا پروگرام کامیابی سے چلا رہی ہیں جس میں 242 خواتین شریک ہوتی ہیں۔ اس پروگرام سے بھی استفادہ کیا جائے گا۔
پٹنہ سنٹرل کے لیے ذمہ دار نامزد کرنے کی بات امیر مقامی نے رکھی۔ آئیٹا کے لیے محترمہ رضیہ سلطانہ نے اپنا نام پیش کیا اور تنظیم علماء کے لیے دو عالمہ خواتین محترمہ شاذیہ احسن اور محترمہ شاہین طلعت کا نام آیا۔ خواتین میں سد بھاونا منچ قائم کرنے کے لیے محترمہ زاہدہ خاتون نے حامی بھری اور محترمہ فیروزہ ناہید نے ان کی معاونت کرنے کی بات کہی۔

آئیٹا
آئیٹا موتیہاری کی جانب سے یکم مارچ کو الحمد پبلک اسکول کے ڈائرکٹر کی رہائش گاہ پر نوتقرر بی پی ایس سی ٹیچر س کے ساتھ get together کا اہتمام کیا گیا۔اس موقع پر درس قرآن سورۃ العصر جناب عبد الرشید برق، امیر مقامی موتی ہاری نے پیش کیا۔AIITA کا تعارف جناب خورشید امام نے اور اختتامی کلمات جناب ابونصر نہال الدین نے پیش کیا۔تمام اساتذہ نے AIITA کی سرگرمیوں کو پسند کیااور اس کی رہنمائی میں چلنے کا ارادہ ظاہر کیا۔پروگرام کے اختتام پر تمام اساتذہ کوڈائری وقلم پیش کیا گیا اوران کی ضیافت کی گئی۔پروگرام کی نظامت جناب فصیح احمد فصیح نے کی اوراظہار تشکر جناب اعجاز الحق نے کیا۔

خدمت خلق
سپول ضلع کی گھورن پنچایت میں 7مارچ کو ہوئی آتشزدگی سے متاثر ہ تقریباً 50خاندانوں کے درمیان جماعت اسلامی ہند، بہارکی طرف سے 8مارچ کو راشن کٹ کی تقسیم کی گئی۔ راشن کٹ چاول، آٹا، دال، چینی، کھجور، تیل، چنا، وغیرہ پر مشتمل تھا۔ اس موقع پر جماعت کے مقامی ذمہ دار جناب منت اللہ اور جناب عین الحق سمیت کئی لوگ موجود تھے۔
شہر مظفر پور کے اسلام پورمیں 21 مارچ کو جماعت اسلامی ہند مظفّر پور یونٹ کی جانب سے منتخب ضرورت مندوں کے درمیان انہیں باروزگار بنانے کے لئے اشیاء کی تقسیم کی گئی جس کے تحت ایک فرد کو ٹھیلا دیا گیا جبکہ چار خواتین کو سلائی مشین دیا گیا۔ غور طلب ہے کہ رواں میقات میں مقامی جماعت کے سالانہ منصوبہ میں منتخب ضرورت مند افراد کو روزگار سے جوڑنے کا پروگرام طے کیا گیا تھا جس کے تحت یہ پروگرام منعقد کیا گیا ہے۔اس موقع پر ناظمِ اضلاع جناب نور اللہ خان،امیر مقامی مظفّر پور جناب ہشام طارق،کارکن جماعت جناب احراز اور جناب حامد حسین موجود رہے۔


جماعت اسلامی ہند رام نگر، مغربی چمپارن کی جانب سے26 مارچ کو 80مستحقین کے درمیان، افطار کٹ تقسیم کیا گیا۔
جماعت اسلامی پیرو کے زیر اہتمام آئیڈیل ریلیف ٹرسٹ کے جانب سے28 مارچ کو پیرو میں پچاس رمضان کٹ تقسیم کیا گیا۔
پٹنہ سیٹی واقع گائے گھاٹ سلم ایریامیں جماعت اسلامی ہند پٹنہ کے زیر اہتمام چل رہے ون ٹیچر پارٹ ٹائم اسکول میں پندرہ خواتین کے درمیان قرآن کے نسخے کی تقسیم کی گئی۔اس موقع پر اسکول کے ٹیچر محمدحسن، محمد حنظلہ، سلم ایریا کوآرڈینیٹر جناب محمد آرزو اور جناب محمد امین موجود تھے۔

تعلیمی بیداری جلسہ
پٹنہ سیٹی واقع صادق پور سرائے نظامی مسجد میں 4 مارچ کو تعلیمی بیداری جلسہ ہوا جس میں امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعلیم لگن اور محنت سے حاصل کی جاتی ہے۔ جو شخص اس طرح علم حاصل کرتا ہے وہ کبھی پچھتاوے کا شکارنہیں ہوتا۔وہ ہمیشہ آگے ہی بڑھتا رہتا ہے۔
اسلامک انفارمیشن سنٹر
معروف لوگوں پر مشتمل ایک گروپ نے 18 اپریل کو بودھ گیا واقع اسلامک انفارمیشن وانٹر ریلیجئس ڈائلاگ سنٹر کا دورہ کیا۔اس دوران انہوں نے انتہائی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنٹر کی سرگرمیوں کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ ڈائرکٹر جناب اے ایچ خان نے سنٹر کے قیام و مقاصد کے بارے میں تفصیل سے روشنی ڈالی۔

ایس آئی او
پٹنہ آیس آئی او کا سینٹرل اجتماع10 مارچ کو ہوا۔ پروگرام کی شروعات درسِ قرآن سے برادر کامران نعمانی نے کیا۔ سوال و جواب کے سیشن کے بعد درسِ حدیث برادر اسحاق کریم نے پیش کیا۔رمضان کی تیاری کیسے کریں اس topic پر برادر حنظلہ فریدی نےprogram پیش کیا۔آخر میں اوپن ڈسکشن میں رمضان کی عظمت اور فضیلت پر بات ہوئی اور جناب کامران نعمانی کی دعا کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔


Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*