پٹنہ: 24 اکتوبر، 2022
قرآن سے حقیقی تعلق پیدا کرنے، اسے دستور حیات بنانے اور اس سے رہنمائی حاصل کرنے کے لئے شروع کی گئی جماعت اسلامی ہند کی دس روزہ مہم نے لوگوں میں قرآن کو سمجھ کر پڑھنے اور قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا کیاہے۔یہ باتیں جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے مہم کے اختتام پر سوموار کو ریاستی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ مولانا رضوان احمدنے بتایا کہ 14 سے 23 اکتوبر کے درمیان چلائی گئی ملک گیر مہم کے تحت پورے بہار میں کئی طرح کے پروگرام منعقد کئے گئے۔ پروگرام میں عوام و خواص، بزرگوں، نوجوانوں،خواتین اور بچوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
امیر حلقہ نے بتایا کہ ریاست میں جماعت کی تقریباً175 یونٹیں فعال ہیں۔ اس کے علاوہ، جماعت کی ذیلی تنظیمیں اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن]ایس آئی او[، گرلس اسلامی آرگنائزیشن ]جی آئی او[،اور بہار یوتھ آرگنائز یشن ]بی وائی او[، آئیٹا وغیرہ سرگرم عمل ہیں۔ جماعت کے شعبہ خواتین،ادارہ ادب اسلامی اور چلڈرنس سرکل فعال ہیں۔ ان تمام اداروں، شعبوں اور طلباء و طالبات کی کوششوں سے لوگوں کو قرآن سے رشتہ جوڑنے،اپنی تربیت کرنے اور امت مسلمہ کا ایک سرگرم فرد بننے کی طرف توجہ دلائی گئی۔اس کام میں ملت کے اہم اداروں، تنظیموں، علماء اور ائمہ مساجد نے بھرپور تعاون کیا۔
مولانا رضوان احمد نے بتایاکہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق، تقریباً ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے راست اس مہم سے استفادہ کیا۔
مہم کے اثرات
…………
مہم سے الحمدللہ عام مسلمانوں میں قرآن کے تعلق سے بیداری پیدا ہو رہی ہے۔ قرآن پڑھنے، سمجھنے، عمل کرنے اور اس کی تعلیمات کو عام کرنے کا رجحان بڑھنے کا امکان ہے۔خواتین نے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ خواتین کی علیحدہ نشستیں منعقد ہوئیں جس سے خواتین کے ذریعہ خواتین کو قرآن سے وابستہ کرنے کی تقلین کی گئی۔
میڈیا کا رول
…………
مولانا رضوان احمد نے میڈیا بالخصوص اردو میڈیااور سوشل میڈیا کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ’رجوع الی القرآن‘ مہم کے پیغام کوعام لوگوں تک پہنچانے میں کافی اہم رول ادا کیا۔وہیں، یومیہ میڈیا کوریج، سوشل میڈیا پر اسٹیکرس اور پوسٹرس کی اشاعت کے علاوہ مختلف یونٹوں کی یومیہ کارکردگی کی اشاعت سے کافی بڑی تعداد تک مہم کا پیغام پہنچا۔
صحافیوں کا مشورہ
…………
’میڈیا میٹ‘ میں اردو، ہندی اورسوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے شرکت کی۔ انہوں نے جہاں ایک طرف جماعت اسلامی ہند کو ’رجوع الی القرآن‘ مہم کے لئے مبارکباد پیش کی، وہیں انہوں نے مہم کے فالو اپ کے لئے چند مشورے بھی دئے۔ انہوں نے قرآن کے سماجی پیغام کو عام کرنے، نوجوان نسل تک سائنسی انداز میں قرآن کی تعلیمات پہنچانے، ترجمہ کے ساتھ قرآن پڑھنے کے لئے مراکز قائم کرنے اور برادران وطن تک قرآن کے بارے میں صحیح جانکاری پہنچانے کا مشورہ دیا۔ اس کے علاوہ صحافیوں نے بچوں میں عربی زبان کی سمجھ پیدا کرنے، قرآن کی اصطلاحات کو آسان زبان میں سمجھانے کا نظم کرنے، قرآن کے تئیں بیداری کے لئے طویل مدتی پروگرام بنانے، مقامی زبان میں قرآن کا مفہوم سمجھانے، قرآن کے تئیں گمراہ کن باتوں کے ازالہ کے لئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال کرنے، صحافیوں و ادیبوں کو قرآن سے قریب کرنے اور تمام مساجد میں مکاتب قائم کرنے کا مشورہ دیا۔
مہم کا دائرہ کار
…………
بہار کی ترہت، سمستی پور، پورنیہ، کوسی، پٹنہ، مگدھ، شاہ آباد اور بھاگلپور کمشنری میں 180 تنظیمی اکائیوں نے اس مہم میں سرگرم رول ادا کیا۔
پروگرام کے مقامات
…………
مسجد، مدرسہ، اسکول، کالج، کوچنگ سنٹر، اسٹریٹ کارنر،محلوں اور گلیوں میں پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
پروگرام کی نوعیت
…………
مہم کے دوران خطاب عام، خطبہ جمعہ، مسجد میں خطابت و تعارفی پروگرام، کلاس میں لکچر، انفرادی و اجتماعی ملاقات،گیٹ ٹوگیدر،بزم ادب، کارنر میٹنگ،تقریری مقابلہ، سمینار،مذاکرہ، مرد و خواتین کا مشترکہ اجتماع، عمائدین شہر کی نشست، خواتین کا اجتماعی مطالعہ قرآن،مکتب کے بچوں کاتلاوت قرآن پروگرام، اسکولی بچوں کا پینل ڈسکشن، قرآن کوئز او رنظم خوانی جیسے پروگرام ہوئے۔
انفرادی ملاقاتیں — تقریباً 25 ہزار لوگوں سے
اجتماعی ملاقاتیں — تقریباً 12 ہزارلوگوں سے
خطبہ جمعہ— تقریباً 800 مساجد میں جس میں تقریباً 32 ہزارنمازیوں کی تعداد رہی
خطاب عام، کارنر میٹنگ مرد و خواتین— تقریباً 500خطاب عام سے50 ہزار لوگوں نے استفادہ کیا
قرآنی کوئز کمپٹیشن— تقریباً 20 کمپٹیشن سے 2 ہزار بچے مستفید ہوئے
اسکولوں میں طلباوطالبات کے درمیان لکچرس— تقریباً 50 لکچرس سے 2 ہزار بچے مستفید ہوئے
عمائدین شہر کے ساتھ نشست — تقریباً 10 نشستوں سے 200 لوگوں نے استفادہ کیا
تعارفی موادکی تقسیم
…………
مہم کے دوران لوگوں کو اردو اور ہندی میں شائع مہم سے متعلق فولڈر، تعارفی کتابچے اور ای پوسٹر تقسیم کئے گئے۔اس سے لوگوں میں مہم کو سمجھنے میں آسانی ہوئی۔اس کے علاوہ ترجمہ قرآن بھی تقسیم کیا گیا۔
ترجمہ قرآن کی تقسیم- تقریباً ایک لوگوں کو
اردواور ہندی کتابچہ- اردو 18ہزار+ ہندی 6 ہزار= 24 ہزار
فولڈر اردو اور ہندی- اردو 45 ہزار + ہندی10 ہزار= 55 ہزار
حوصلہ افزائی
…………
چھوٹے بچوں اور بچیوں کے لئے منعقد کئے گئے قرات وکوئز، نظم خوانی اور تقریری مقابلہ میں شامل بچوں کو انعام اور سندسے نوازکر حوصلہ افزائی کی گئی۔
Be the first to comment