مولانا محمد ولی رحمانی نے دینی ملی تعلیمی اور سماجی مسائل کو حل کرنے اور کروانے کی غیر معمولی جدوجہد کی: مولانا رضوان احمد

مولانا کے انتقال پر امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی،جماعت اسلامی ہند بہار کا اظہار تعزیت

پٹنہ: 4 اپریل، 2021 امیر شریعت مولانامحمد ولی رحمانی کے انتقال پر جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک و ملت کا ناقابل تلافی خسارہ ہوا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا رضوان نے کہا کہ امیر شریعت کے انتقال سے ان کا ذاتی نقصان بھی ہوا ہے۔ مولانا رضوان احمدنے کہا کہ امیر شریعت ملک اور ملت کے مسائل کے تئیں غیر معمولی حساس تھے۔وہ ملی اتحاد اور مسلم پرسنل لاء کے ایشوز نہایت ہی بصیرت اور حکمت کے ساتھ اٹھاتے رہے اور متعلقہ مسائل کو حل کرتے رہے۔ہندوستانی مسلمان کے مسائل کے حل کے لئے انہوں نے مسلم پرسنل لا بورڈ کے پیلٹ فارم سے مضبوط آواز بلند کی تھی اور امارت شرعیہ کے بینر تلے نارتھ انڈیا سمیت بہار کے دینی ملی تعلیمی اور سماجی مسائل کو حل کرنے اور کروانے کی غیر معمولی جدوجہد کی۔خانقاہ رحمانی مونگیر کو انہوں نے تربیت و تزکیہ کے ساتھ ساتھ ایک تحریک کا رخ دیا تھا۔ افسوس کہ آج وہ آواز اچانک خاموش ہو گئی۔ ان کے اندر عزم، ہمت اور غیر معمولی حوصلہ پایا جاتا تھا۔ ان کے ساتھ کام کرنے میں خوشی محسوس ہوتی تھی۔وہ ہم جیسے چھوٹے بڑے لوگوں کو بھی ساتھ لے کر چلنے کا ملکہ رکھتے تھے۔ اس کے ساتھ ہی وہ ہم جیسے لوگوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ امیر حلقہ نے کہا کہ امیرشریعت سے ان کے ذاتی طور پر گہرے مراسم تھے۔ گزشتہ 22 مارچ کو ریاست کی موجودہ صورت حال پرعلالت کے باوجودامیر شریعت سے موبائل پر ان کی تفصیلی گفتگو ہوتی رہی۔مولانا نے دوران گفتگو بتایا تھا کہ میری طبیعت بہت خراب ہے دعا کیجئے۔ اس کے باوجود تقریبا پندرہ بیس منٹ ٹیلیفونک گفتگو ہوئی۔ ہم نے ازراہ تکلف کہا بھی کہ آپ کی طبعیت خراب ہے بعد میں بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہ بات کیجیے کوئی حرج نہیں ہے۔ صرف بخار ہے، کھانسی ہورہی تھی لیکن الحمدللہ آج ٹھیک ہے۔ مونا رضوان احمدنے کہا کہ یکم اپریل کو مولانا کے صاحبزادے فہد رحمانی صاحب سے ملاقات کرکے مولانا کی علالت کی تفصیلی معلومات حاصل کی تھی۔ پارس پاسپٹل کے اپنے ایک جاننے والے ڈاکٹر سے بھی بیماری کی نوعیت جاننے کی کی کوشش کی۔امیر حلقہ نے بیان ان کے اہل خانہ سمیت امارت شرعیہ، خانقاہ رحمانی اور مسلم پرسنل لابورڈ کے جملہ متوسلین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ امیر حلقہ نے مولانا کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا اور ان کے پسماندگان سمیت جملہ بہی خواہان کے تئیں صبر جمیل کی دعا کی۔ اللہ تعالی مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات کو بلند فرمائے، ان کی دینی ملی اور سماجی خدمات کو شرف قبولیت فرمائے اور ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔آمین!

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*