
پٹنہ: 13 مئی، 2025
’بہار میں دینی و ملی جماعتوں کے اتحاد کی قدیم اور مثالی روایت رہی ہے۔ ضرورت اس اتحا د کو مستقل اور پائیدار بنانے کی ہے۔‘یہ باتیں امیر، جماعت اسلامی ہندسید سعادت اللہ حسینی نے سوموار کو پٹنہ واقع جماعت اسلامی ہند، بہار کے دفتر میں ریاست کی ملی جماعتوں کے ذمہ داروں کے ساتھ ایک مختصر غیر رسمی نشست کے دوران کہیں۔واضح ہو کہ گزشتہ 10مئی سے جماعت اسلامی ہند کی مرکزی قیادت بہار کے تربیتی وتنظیمی دورے پر تھی۔ دورے کے آخری دن ملی تنظیموں کے ساتھ ملاقات کے دوران امیر جماعت نے مزید کہا کہ عام طور پر اتحاد کی نوعیت عارضی ہوتی ہے۔ انہوں نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ کبھی فساد کے پیش نظر، کبھی کسی سیاسی تو کبھی کسی عائلی ایشو کے پیش نظر ملی اتحاد کی کوششیں ہوتی ہیں۔ یہ کوششیں عارضی ہوتی ہیں۔ یہ دلوں کا اتحاد نہیں ہوتا، بلکہ ظاہری اتحاد ہوتا ہے۔ جناب حسینی نے کہا کہ دینی و ملی جماعتوں کا اتحاد قرآن کے بتائے ہوئے مقاصد، نصب العین اور اسلامی ایجنڈے کی بنیاد پر ہی ہو سکتا ہے۔ایسی بہت سی باتیں ہیں جن پر ہم سب متفق ہیں۔ مثلاً،برادران وطن تک اسلام کا پیغام پہنچانا چاہئے، ان کی غلط فہمیوں کو دور کرنا چاہئے،مسلمانوں کو دین سے جوڑنا چاہئے، شریعت پر عمل کے لئے ان کو آمادہ کرنا چاہئے۔ کیوں نہیں ہم ایسا تجربہ کریں کہ ان سب چیزوں کو مل جل کر کریں!
دینی و ملی جماعتوں کے اتحاد کو مزید مہمیز دینے پر نائب امیر جماعت ڈاکٹر انجینئر محمد سلیم، شعبہ توسیع و استحکام، جماعت اسلامی ہند کے ڈائرکٹر حامد محمد خان،، امیر شریعت مولانا فیصل ولی رحمانی،ناظم امارت شرعیہ مفتی سعیدالرحمان قاسمی،جمعیت علماء ہند، بہار کے جنرل سکریٹری مولانا محمد ناظم، جمعیت العلماء ہند بہار (الف) کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر فیض احمد قادری،ادارہ شرعیہ بہار کے سکریٹری ڈاکٹر فرید امان اللہ، قاضی شریعت قاضی انظار احمد، معاون قاضی وصی احمد، مجلس علماء خطباو امامیہ کے جنرل سکریٹری مولانا سید امانت حسین اور مدرسہ اسلامیہ شمس الہدیٰ کے سابق پرنسپل مولانا ابولکلام قاسمی نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند بہاررضوان احمد اصلاحی نے مرکزی ذمہ داران سمیت بہار کے ملی قائدین کا شکریہ ادا کیا۔عشائیہ کے ساتھ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر موجود لوگوں میں ڈاکٹر ارشاد حسین(ڈائرکٹر، بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن)، ڈاکٹر محمودالحسن(رکن شوریٰ، جماعت اسلامی ہند، بہار)، ڈاکٹرحشمت توحید،ڈاکٹر انوارالہدیٰ (جمعیت العلماء ہند بہار)، ماسٹر نظیر احمد(دربھنگہ)، ماسٹر عامر اقبال(سیتامڑھی)، انجینئر فہد رحمانی(رحمانی تھرٹی)، مولانا احمد حسین قاسمی، احتشام رحمانی، قمر وارثی(سابق ناظم شہر، جماعت اسلامی ہند پٹنہ)، ضیاء القمر(سکریٹری، جماعت اسلامی ہند، بہار)، لئیق الزماں (ناظم شہر،پٹنہ) اورشوکت علی(سکریٹری، پی آر، جماعت اسلامی ہند، بہار) شامل ہیں۔
Be the first to comment