
پٹنہ:9 مئی، 2025
جماعت اسلامی ہند، پٹنہ شہر کی طرف سے اتوار، 11 مئی کو بعد نماز مغرب پٹنہ واقع اے این سنہا انسٹی چیوٹ میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا موضوع ہے، ’موجودہ صورت حال اور ہماری ذمہ داریاں‘۔جلسہ عام سے جماعت اسلامی ہند کے امیر جماعت سید سعادت اللہ حسینی و نائب صدر، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ، نائب امیر جماعت ڈاکٹر سلیم انجینئر، جماعت اسلامی ہندتلنگانہ کے سابق امیر حلقہ حامد محمد خان اور جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی خطاب کریں گے۔
اس امر کی اطلاع فراہم کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند پٹنہ شہر کے ناظم لئیق الزماں نے مقررین کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ سید سعادت اللہ حسینی ایک علمی و تحریکی شخصیت ہیں جنہوں نے دو درجن سے زائد علمی، تحریکی اور تحقیقی کتابیں تصنیف کی ہیں۔ طالب علمی کے دوران کل ہند طلبہ تنظیم ایس آئی او کی قیادت کرتے رہے اور تعلیمی میدان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مینجمنٹ سے وابستہ رہے۔ان کی مشہور کتابوں میں ہندتوا انتہاپسندی نظریاتی کشمکش، اکیسوی صدی میں سائنس اور ٹیکنالوجی، پس غروب روشنی، پنجیواد سامراجیا اور مہیلائیں، رائے عامہ کی مثبت تبدیلی وغیرہ ہیں۔
انجینئر محمد سلیم راجستھان سے تعلق رکھتے ہیں جہاں وہ امیر حلقہ بھی رہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی ہند کے سیکریٹری جنرل کی ذمہ داری بھی نبھائی۔ انگلینڈ سے الیکٹرانکس میں پی ایچ ڈی مکمل کرنے کے بعد راجستھان میں پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دی ہیں۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بین المذاہب تعلقات کے محاذ پر ہندوستان گیر شہرت رکھتے ہیں۔ سول سوسائٹی، مختلف مذاہب اور سماجی شخصیات کے ساتھ ان کے وسیع روابط ہیں۔ پروفیسر سلیم انجینئر کے پاس 37 سال سے زیادہ تدریسی اور تحقیقی تجربہ ہے۔ ان کے 50 سے زائد تحقیقی مقالے نامور قومی اور بین الاقوامی تحقیقی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کئی قومی اور بین الاقوامی کانفرنسوں میں تحقیقی مقالے پیش کیے اور لیکچرز دیے۔
حامد محمد خان جماعت اسلامی ہند میں ڈائریکٹر توسیع و استحکام بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ اور گوا کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔ تحریک اسلامی کے فعال اور نمایاں قائد ہیں۔ طالب علمی کے زمانے سے ایس آئی او اور تحریک اسلامی سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے حلقہ تلنگانہ میں دو میقات تحریک اسلامی کی قیادت کی ہے اور حیدرآباد میں ملی سطح پر نمایاں شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں۔
لئیق الزماں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات پر مذکورہ مقررین کی گہری نظر ہے۔ ان حالات میں ہماری کیا ذمہ داریاں ہیں، اس پر وہ رہنمائی کریں گے۔
لئیق الزماں نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں خطاب عام میں شریک ہوں اورملک کی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کریں۔
Be the first to comment