پٹنہ: 17 مارچ، 2022 –
جماعت اسلامی ہند، بہار ہر سال کی طرح امسال بھی غریب اور نادارروزہ دار وں کے درمیان رمضان کٹ تقسیم کا منصوبہ رکھتی ہے۔اس کے لئے شعبہ خدمت خلق کے سکریٹری سلطان احمد صدیقی نے اہل خیر حضرات سے گذارش کہ ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہل و عیال نیز مرحومین کی جانب سے غریب روزہ دار کو افطار اور کھانا کھلانے کی اس اسکیم میں حصہ لیکر زیادہ سے زیادہ نیکیاں حاصل کریں۔جناب صدیقی نے بتایاکہ ایک رمضان کٹ میں چاول، آٹا،چنا،چوڑا، دال، سرسو تیل، بیسن، چینی، کھجوراور نمک شامل ہوں گے جن کا وزن تقریباً 30 کیلو ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کٹ تقریباً 1,550 روپے کا ہوگا۔
جناب صدیقی نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں میں جبکہ کووڈ۔19 کے پیش نظرلاک ڈاؤن تھا، جماعت اسلامی کی اس رمضان کٹ اسکیم کو اہل خیر حضرات کا بھرپور تعاون حاصل ہواجس کے نتیجے میں جماعت نے پورے بہار میں 50 ہزار سے زائد افراد کے درمیان اشیائے خوردنی پر مشتمل کٹ رمضان کے بالکل آغاز میں تقسیم کیا تھا۔ اس کے علاوہ عیدالفطر کے موقع پر ”عید کٹ“ بھی اہتمام کے ساتھ ضرورت مندوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔
سکریٹری شعبہ خدمت خلق نے کہا کہ اگر اس بار بھی اہل خیر حضرات کا تعاون حاصل ہوا تو جماعت اسلامی کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مندوں اور مستحق روزہ داروں تک رمضان کٹ اور عید کٹ پہنچانے میں ہمیں مدد ملے گی، انشاء اللہ۔
Be the first to comment