پٹنہ: 23 مئی، 2021 جماعت اسلامی ہند بہار ریاست میں کووڈاور بلیک فنگس جیسی وبا سے لوگوں کو نجات پہنچانے اور راحت پہنچانے کے لئے حتی الامکان کوششیں کر رہی ہے۔جماعت کی ان کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے نیز وبا کے خلاف لڑائی کو اور مضبوطی سے لڑنے کے لئے حئی فاؤنڈویشن پٹنہ نے جماعت اسلامی ہند، بہار کو بطور عطیہ ایک ایمبولنس دیا ہے۔جماعت کے ذمہ داروں کواکزیبیشن روڈ واقع اپنی رہائش گاہ پر ایمبولنس کی چابی سونپتے ہوئے معروف سرجن ڈاکٹر احمد عبدالحئی اور ان کے صاحبزادے ڈاکٹرمحامد عبدالحئی نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں ایمبولنس سروس کی ضرورت کافی بڑھ گئی ہے۔ بازار میں ایمبولنس کا چارج اور کرایہ من مانے ڈھنگ سے لیا جارہا ہے۔ ایسے میں وہ جماعت کو خدمت خلق کی نیت سے بلا شرط ایمبولنس دے رہے ہیں تاکہ وہ زیادہ سے زیادہ انسانیت کی بے لوث خدمت کر سکے۔ حئی فاؤنڈیشن کے تئیں اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ ڈکٹر احمد عبدالحئی سماجی، ملی اور عوامی خدمات میں ہمیشہ سے پیش پیش رہے ہیں۔کووڈ کی دوسری لہر میں جماعت انہی کی سرپرستی میں بہار مین آن لائن میڈیکل کاؤنسلنگ شروع کر سکی۔ اس کاؤنسلنگ سروس میں باصلاحیت ڈاکٹروں کی ایک ٹیم مفت طبی خدمات انجام دے رہی ہے۔ اس موقع پرجماعت اسلامی ہند بہار کے شعبہ خدمت خلق کے سکریٹری سلطان احمد صدیقی اور اور ملی امور کے سکریٹری ضیاء القمر بھی موجود تھے۔
Be the first to comment