پٹنہ: 22 اپریل، 2021 الحاج حسن احمد قادری کے انتقال پر جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہارنے ایک اور اہم ملی وسماجی شعور کے حامل قائد کوکھو دیا ہے۔۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا رضوان نے کہاقادری صاحب جماعتی اور مسلکی تفریق سے بہت اوپر اٹھ کر ملت کے ہر طرح کے مسائل میں مخلصانہ دلچسپی لیتے تھے۔ وہ اتحاد ملت کی اہم علامت تھے۔ ان کے انتقال سے بہار کے متحدہ ملی محاذ کا ایک اہم ستون گر گیا ہے۔ مولانا رضوان احمدنے کہا کہ قادری صاحب قومی یکجہتی کے بھی بڑے علم بردار تھے۔ ملک اور سماج کے مسائل کو حل کرنے کے لئے مختلف طبقات سے کوآرڈینیشن کرنا ان کی زندگی کا اہم حصہ تھا۔ امیر حلقہ نے کہا کہ قادری صاحب جماعت اسلامی ہند بہار کے کی ہر چھوتی بڑی نشستوں اور پروگراموں میں شریک ہوتے اور قیمتی و مخلصانہ مشورے دیتے۔ گزشتہ یکم مارچ کو جماعت اسلامی ہند کے امیر جماعت جناب سید سعادت اللہ حسینی صاحب کی آمد پر قادری صاحب دفتر حلقہ تشریف لائے تھے۔اس موقع پر انہوں نے جماعت کے تئیں اچھے اور نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ امیر حلقہ نے الحاج حسن احمد قادری کی رحلت کو ذاتی خسارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے ایک نہایت ہی مخلص، بزرگ اور ہر محاذ پر شانہ بہ شانہ کام کرنے والے گزشتہ پندرہ برسوں کے ساتھی کو کھو دیا۔ مولانا رضوان احمد نے مرحوم کی مغفرت کے لئے خصوصی دعا اور ان کے پسماندگان سمیت جملہ بہی خواہان کے تئیں صبر جمیل کی دعا کی۔ اللہ تعالی مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات کو بلند فرمائے، ان کی دینی ملی اور سماجی خدمات کو شرف قبولیت فرمائے اور ان کا نعم البدل عطا فرمائے۔آمین!
Be the first to comment