اساتذہ کوفرنٹ لائن وارئیرس کے زمرے میں شامل کیا جائے: آئیٹا

اساتذہ کی تنظیم آل انڈیا آ ئیڈیل ٹیچرس ایسوسیشن (آئیٹا) نے مرکز، بہار اوردیگر ریاستی حکومتوں سے سروس کے دوران جاں بحق ہوئے اساتذہ کو فرنٹ لائن واریرس کے زمرے میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اس کے علاوہ جاں بحق ہوئے اساتذہ کے متعلقین کو معاوضہ اور اہل خانہ میں کسی فرد کو سرکاری ملازمت دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ آئیٹا کے قومی صدر شیخ عبد الرحیم نے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ مرکز اور ریاستی حکومتیں اساتذہ کو کووڈکے کام سے بری کردیں تاکہ وہ درس و تدریس کو مؤثر طریقے سے انجام دے سکیں۔ شیخ عبد الرحیم نے کہا کہ آئیٹا اساتذہ برادری پر ہورہے کام کے دباؤ کو لیکر بھی فکر مند ہے۔ اساتذہ کو فرنٹ لائن واریرس میں شمار نہیں کیا گیا ہے تاہم اساتذہ فرنٹ لائن واریرس کے شانہ بہ شانہ اور قدم بہ قدم ملا کر اپنی جانوں کو داؤ پر لگاتے ہوئے خدمات انجا م دے رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے ملک کے مختلف حصوں میں کئی اساتذہ کووڈ جیسی وبا کا شکار ہوئے اور اپنی قیمتی جانیں گنوابیٹھے۔ اتر پردیش میں پانچ سو سے زائد اساتذہ جان بحق ہوگئے لیکن ریاستی حکومت پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ آ ئیٹا حکومت کی اس بے حسی کی سخت مذمت کرتی ہے۔ آئیٹا کے قومی صدر نے وزیر اعلیٰ بہارنتیش کمار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اساتذہ کے حق میں جلد سے جلد کوئی بہتر فیصلہ کریں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*