دینی و ملی جماعتوں اقلیتی کمیشن کو زویا قتل معاملے میں گھیرا,اقلیتی کمیشن زویا معاملے کی جانچ کے لئے کرے گا ایس آئی ٹی کی سفارش

پٹنہ: 7 اکتوبر، 2025

ریاست کی موقر دینی ملی جماعتوں کے ذمہ داروں نے منگل کو بہارریاستی اقلیتی کمیشن کے چیرمین مولانا غلام رسول بلیاوی کو عرضداشت پیش کرکے زویا کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔اس کے ساتھ ہی کہا کہ دو ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا لیکن ابھی تک ملزم اور مجرم کا کچھ اتاپتا نہیں ہے۔ افسوس کہ اقلیتی کمیشن کی طرف سے کوئی ٹھوس کارروئی نہیں کی گئی۔
اقلیتی کمیشن کے چیرمین سے ملاقات کرنے والوں میں امارت شرعیہ بہارکے ناظم مفتی سعید الرحمان قاسمی اور قاضی وصی احمد جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی، سکریٹری ضیاء القمر اور قمر وارثی، ادارہ شرعیہ بہار کے سکریٹری ڈاکٹر فرید امان اللہ، جمعیت العلماء ہند، بہار (الف) کے جنرل سکریٹری مولاناعباس قاسمی اور ڈاکٹر انوارالہدیٰ، جمعیت العلماء ہند، بہار (میم) نمائندہ محمد فیروز عالم قاسمیاور مجلس علما ء خطباو امامیہ بہار کے مولانا سید امانت حسین شامل ہیں۔
چیرمین اقلیتی کمیشن نے دینی ملی جماعتوں کے وفدکی باتوں کو غور سے سنا اور یقینی دہانی کرائی کہ زویا کو انصاف دلانے کی وہ حتی الامکان کوشش کریں گے۔ انہوں نے وفد کے سامنے ہی ڈی ایس پی سے فون پر بات کی اور انہیں تمام صورت حال سے آ گاہ کراتے ہوئے جانچ میں تیزی لانے پر زور دیا۔وہیں، وفد سے دوران گفتگو انہوں نے کہاکہ وہ زویا معاملے کی جانچ کے لئے حکومت سے ایس آئی ٹی تشکیل کی سفارش کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 27 اگست کو گردنی باغ تھانہ علاقہ کے چتکوہرا واقع گرلس مڈل اسکول، املا ٹولہ کی پانچویں کی طالبہ زویا پروین کی موتاسکول کیمپس میں ہو گئی تھی۔ پولس اس معاملے کو خودکشی ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہے، جبکہ متوفی زویا کے اہل خانہ کا دعویٰ ہے کہ زویا کو آگ لگا کر مار دیا گیا۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے اہل خانہ کا الزام ہے کہ زویا نے اسکول کے ایک ٹیچر کو ایک خاتون ٹیچر کے ساتھ قابل اعتراض حالت میں دیکھ لیا تھا۔ اسی کے شاخسانہ میں زویا کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔