پٹنہ: 2 فروری 2026
سرو دھرم منچ، بہار کی ایک خصوصی نشست پیر کے روز اے این سنہا انسٹی ٹیوٹ، پٹنہ میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں موجودہ حالات کے پیش نظر یہ اہم فیصلہ کیا گیا کہ بہار کے تمام اضلاع میں منچ کے وفود کا دورہ کر کے امن، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کا پیغام عام کیا جائے گا۔
یہ نشست بڑی پٹن دیوی مندر، پٹنہ سٹی کے مہنت وجے شنکر گری کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں منچ کے ایک عوامی پروگرام کے طور پر 18 فروری کو گیا جی میں ایک کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کانفرنس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ شرکت کریں گے۔
سرو دھرم منچ بہار تمام بڑے مذاہب کے دھرم گروؤں کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے، جس کا بنیادی مقصد باہمی محبت، رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا اور سماج میں پھیلی ہوئی برائیوں کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ہے۔
نشست کے آغاز میں جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی صاحب نے کہا کہ عام لوگ علماء اور دھرم گروؤں کی باتوں کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں اور ان کی رہنمائی میں چلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے میں منچ کے وفود کا تمام اضلاع کا دورہ کرنا سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی سمت میں ایک نہایت اہم قدم ثابت ہوگا۔
اس موقع پر بڑی پٹن دیوی مندر کے مہنت وجے شنکر گری نے کہا کہ سرو دھرم منچ گزشتہ چار برسوں سے سرگرم عمل ہے۔ اب ضرورت اس بات کی ہے کہ منچ کی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے، تاکہ مذہب کی بنیاد پر ہونے والے تنازعات اور کشیدگی کو ختم کرنے میں مدد مل سکے۔
بانکی پور چرچ کے فادر جیمس جارج نے کہا کہ مختلف مذاہب کے ماننے والوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے ایسے مشترکہ پلیٹ فارم وقت کی اہم ضرورت ہیں، اور سرو دھرم منچ کی یہ کوشش قابلِ ستائش ہے۔
اس کے بعد بہار دلت وکاس سمیتی کے سکریٹری فادر جوس نے تجویز پیش کی کہ سرو دھرم منچ کے بینر تلے مارچ کے آخری ہفتے میں شانتی اور سدبھاؤنا کے فروغ کے لیے ایک سمینار منعقد کیا جانا چاہیے، جس میں مختلف مذاہب کے اسکالرز اپنے اپنے مذاہب پر مقالے پیش کریں۔ اس سے لوگوں کو ایک دوسرے کے مذاہب کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملے گا اور غلط فہمیاں بھی دور ہوں گی۔
بودھ دھرم سے تعلق رکھنے والے بھنتے دھم شرن اور بھکشو اُدے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
“امن و شانتی کے لیے سرو دھرم منچ ایک بہت اچھا آئیڈیا ہے، ہم اس کی دل سے ستائش کرتے ہیں۔”
میٹنگ میں جماعت اسلامی ہند، بہار کے سکریٹری محمد شہزاد، محمد شوکت علی اور پٹنہ بگ سٹی کے ناظم شہر لئیق الزماں بھی موجود تھے۔
سناتنی سکھ سبھا، پٹنہ صاحب کے نمائندہ ترلوک سنگھ اگرچہ نشست میں موجود نہیں تھے، تاہم انہوں نے فون پر پروگرام کے انعقاد پر اپنی مکمل تائید اور اتفاق کا اظہار کیا۔

See insights
Create Ad
Like
Comment
Share