
بہار ڈیمو کریٹک فورم کے تحت چندرا کمپلکس، مدھوبنی میں 12 اکتوبر کو چنندہ افراد وشخصیات پر مشتمل ایک نشست ہوئی جس میں واثق ندیم خان صاحب الیکشن تجزیہ نگار، سماجی کارکن پروفیسر اجیت جھا اورسینیئر صحافی پرشانت ٹنڈن جی مہمان خصوصی کے طور پر شریک تھے۔
جناب واثق ندیم خان نے ملکی سطح کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے دور سے گزر رہے ہیں جس میں سپریم کورٹ کے جج پر چپل پھینکا جارہا ہے اور اس پر کسی طرح کا ایکشن نہیں ہوتا۔ سبھی نمائندہ ادارے اور اس میں کام کرنے والوں کو یرغمال کی حیثیت سے کام کرنا پڑ رہا ہے۔
جناب اجیت جھا نے کہا کہ سماج کے ہر طبقے کو مدعے کی بات پر نمائندگان کے انتخاب پر زور دینا چاہئے اور ہم سب کو مل کر بوتھ سطح پر محنت کی ضرورت ہے۔
جناب پرشانت ٹنڈن نے کہا کہ مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا کے غلط افواہوں کو عوام کے سامنے لانا ہوگا اور انھیں صحیح مسائل کے طرف توجہ دلانی ہوگی تاکہ وہ اپنے مسائل کے لئے نمائندگا یا سیاسی پارٹیوں سے سوال کرنے والے بنیں۔ بہار کا یہ الیکشن ملکی سیاست کو نیا رخ دینے کا کام کرے گا اس لئے ہمیں فسطائی طاقتوں کی لگائی ہوئی آگ کو روکنے کے لئے ووٹ کرنا ہوگا۔
پروگرام کو سہیل ساحل نے آرگنائز کیا تھا اور کنوینر جناب غلمان احمد صدیقی نے پروگرام کی نظامت کی۔ پٹنہ سے نثار احمد صاحب اور قمروارثی صاحب کی شرکت ہوئی۔ان لوگوں نے سیاسی حالات کا جائزہ لیا اور حسب حال رہنمائی کی۔ شرکاء میں سماجی و سیاسی کارکنان کے ساتھ ساتھ ملی دانشوران بھی موجود تھے۔ مدھوبنی کے ڈپٹی میئر جناب امان اللہ خان نے کہا کہ جب تک ووٹرس کے درمیان ہم آہنگی اور مدعوں پر مکالمہ نہیں ہوگا اس وقت تک فسطائی حکومتوں کو روکنا آسان نہیں ہوگا۔
سماجی کارکن للتا دیوی، اجیت پاسوان اور ڈاکٹر رام نریش پاسوان صاحبان نے کہا کہ ہمیں ہر طبقہ میں گھر گھر جاکر اس انتخاب کو ملک کے لئے مفید بنانا ہوگا۔ الیکشن تجزیہ نگاروآل انڈیا ملی کونسل کے آرگنائزر جناب مرزا ذکی احمد بیگ نے پورے بہار کی سیٹ کے متعلق ڈاٹا کی بنیاد پر گفتگو کی جب کہ آل انڈیا ملی کونسل کے جنرل سیکریٹری محمد وجہ القمر نے اس طرح کے پروگرام کو لگاتار کرنے اور عوامی ذہن سازی و بوتھ لیول پر مہم چھیڑنے کی بات کی۔ پروگرام کی نوعیت رائے دہندگی اور افہام و تفہیم کی تھی۔ شرکاء کی تعدادتقریباً 80 تھی۔ شرکاء کی جانب سے سوالات بھی کئے گئے اور اس کا خاطر خواہ جواب بھی دیا گیا اور اس طرح کے پروگرام کے انعقاد پر سبھی شرکاء نے مبارک باد پیش کی اور جنہیں بھی اس پروگرام کا علم ہوا ان سبھی نے دوبارہ اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کی گزارش کی۔شرکا ء میں نجم الہدی ثانی، محمد علی نظراوی، شاہجہاں انصاری، شمس الحق خان، عدیل احمد، واجد حسین، سنروش یادو، گوپال یادو، آشیش رنجن، سوریا رشی، مہتاب عالم شامل ہیں۔
…………
شہر پورنیہ اور کشن گنج میں 14 اکتوبر کو بہار ڈیموکریٹک فورم کا دورہ ہوا۔ پورنیہ میں برادر فیصل عالم کی نظامت میں ہم سفر میرج ہال میں تقریباً 20 افراد پر مشتمل فورم کا تفہیمی پروگرام ہوا جس میں مہمانانِ خصوصی برادر ندیم خان صاحب(اے پی سی آر) پرشانت ٹنڈن جی سینئر صحافی، اجیت جھا جی معروف ایکٹوسٹ، ڈاکٹر عباس، معروف ایکٹوسٹ وجناب شوکت علی سیکریٹری حلقہ نے اپنی اپنی بات رکھی۔ گفتگو میں ووٹر لسٹ میں ایپک نمبر سے اپنا اسٹیٹس جاننے اور الیکشن کے دن زیادہ سے زیادہ ووٹ کاسٹنگ پر فوکس کیا گیا۔
کشن گنج میں بعد نمازِ مغرب وہائٹ ہاؤس (محترم حبیب الرحمن کے داماد کے ہال نما مکان) میں پروگرام ہوا۔ تقریباً 30 شرکاء کے سامنے برادر ندیم خان نے بہت تفصیلی گفتگو رکھی جس میں فورم کے ساتھ ساتھ APCR کا بھی جامع تعارف پیش کیا۔ گفتگو کے بعد بعض لوگوں نے فورم کے لئے کام کرنے کے عزم کا اظہارکیا۔
