ووٹر لسٹ کے ویریفیکیشن کے سلسلے میں دینی ملی جماعتوں کی طرف سے اپیل جاری

پٹنہ: 4جولائی، 2025
بہار کی دینی ملی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی طرف سے بہار میں جاری ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی کے عمل میں عام لوگوں سے بڑھ چڑھ کر تعاون کی اپیل کی ہے۔ امارت شرعیہ بہار اڈیشہ جھارکھنڈ، جمعیت علماء ہند بہار (الف)، جمعیت علماء ہند بہار (میم)، جماعت اسلامی ہندبہار،صوبائی جمعیت اہل حدیث بہار، مجلس علماء خطباء امامیہ بہار (شعیہ) اور آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت بہار (رجسٹرڈ) کی طرف سے جاری اپیل میں کہا گیا ہے کہ بہار میں آئندہ ماہ نومبر میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ اس کے پیش نظر الیکشن کمیشن ووٹرلسٹ کا Special Intensive Revision یعنی خصوصی گہری نظر ثانی کرا رہا ہے۔ 28 جون، 2025 سے شروع ہوا یہ ریویزن 25جولائی، 2025 تک چلے گا۔ اتنے کم وقت میں بہار کے تقریباً 8 کروڑ ووٹروں کی ووٹر لسٹ کا revision اور verification ہونا ہے۔ اس پر اپوزیشن پارٹیاں اور سول سوسائیٹیزسوال اٹھا رہی ہیں اور الیکشن کمیشن سے اپنا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ اتنی مختصر مدت میں ووٹر لسٹ کے ریویزن کا کام ممکن نہیں ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں ووٹروں کا نام ووٹر لسٹ سے کٹ جائے گا اور لوگ ووٹ دینے کے آئینی حق سے محروم ہو جائیں گے۔
اپیل میں آگے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپوزیشن پارٹیوں اور سول سوسائیٹیز کی درخواست پرکیا فیصلہ کرتا ہے، یہ کہنا مشکل ہے۔البتہ، ہم اپنے طور پر یہی کر سکتے ہیں کہ جتنا جلد ہو سکے، ووٹر لسٹ کے verification کے لئے فارم بھردیں اور اس کے ساتھ ضروری دستاویزمنسلک کر دیں۔
دینی ملی جماعتوں نے کہا ہے کہ جن کی بھی عمر 18 سال سے اوپر ہو چکی ہے، اور تین میں سے کسی بھی قسم میں شامل ہیں، وہ اپنا نام ووٹر لسٹ میں ضرور verify کرائیں کیوں کہ خدا نا خواستہ ایسا نہیں ہوا تونہ صرف ووٹر لسٹ سے نام کٹ جائے گا اور وہ شخص اس بار ووٹ ڈالنے سے محروم ہو جائے گا، بلکہ مستقبل میں اس کی شہریت بھی مشکوک قرار دی جا سکتی ہے۔اس لئے تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ 25 جولائی سے قبل بی ایل او سے فارم لے کر ووٹر لسٹ میں اپنا نام ضرور verify کرا لیں۔
اپیل میں مزید کہا گیا ہے کہ اس کام میں آپ دوسروں کی بھی بڑھ چڑھ کر مدد کریں، خواہ وہ کسی بھی مذہب اور ذات سے تعلق رکھتے ہوں۔ خاص کر ان لوگوں کی، جو غریب، ان پڑھ یا کم پڑھے لکھے ہیں اور ان کے پاس کسی طرح کا کوئی ڈاکیومنٹ نہیں ہے۔ ایسے لوگوں کا ڈاکیومنٹ بنوانے اور فارم بھرانے میں بھی مدد کریں۔ اس کام میں BLO کی بھی مدد کریں کیوں کہ اس کے سر پر بھی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔
دینی ملی جماعتوں نے کہا ہے کہ اس کام کو انسانی جذبے اور کار خیر کی نیت سے بھی انجام دیں۔ اللہ تعالیٰ اس کا اجر عظیم دے گا۔ یا د رکھئے کہ نہ صرف ہمیں اپنی شہریت ثابت کرنی ہے، بلکہ ہمارے بھائیوں اوربہنوں کی بھی شہریت محفوظ رکھنی ہے۔