
پٹنہ: 13 مارچ، 2025
سرو دھرم منچ، بہار نے تمام باشندگان بہار سے ہولی اور رمضان بھائی چارے کے ساتھ پرامن ماحول میں منانے کی اپیل کی ہے۔
ریاست کے تمام لوگوں کے نام جاری پیغام میں سرو دھرم منچ نے کہا ہے کہ مارچ میں مسلمانوں کا مقدس مہینہ رمضان چل رہا ہے۔ اسی بیچ ہندوؤں کا اہم تہوار ہولی بھی منایا جانے والا ہے۔ یہ حسن اتفاق ہے کہ 14 مارچ کو جمعہ بھی ہے اور ہولی بھی۔ حسن اتفاق اس معنی میں کہ تہوار کی خوشی ہمیشہ پرامن ماحول میں اور بھائی چارے کے ساتھ منائی جاتی ہے اور ہمارے پاس یہ ایک اچھاموقع ہے کہ ہم سب مل کر بھائی چارے کا نمونہ پیش کریں۔
سرو دھرم منچ نے دونوں فرقوں کے لوگوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے مذہب کے رسم و رواج کے مطابق اپنے اپنے تہوار کی خوشیاں منائیں۔ منچ نے کہا کہ آپ کا تہوار دوسروں کی خوشی میں اضافہ کرنے کا سبب بننا چاہئے نہ کہ خوشیوں کو کم کرنے کا ذریعہ بننا چاہئے۔
سرو دھرم منچ نے آگے کہا کہ دونوں فرقوں کے لوگ ریاست میں جہاں کہیں بھی رہتے ہیں، وہاں اپنے تہوار کی خوشیوں کو بانٹیں۔یہ ہماری مذہبی اور سماجی روایت رہی ہے۔ بالخصوص دونوں فرقوں کے نوجوان اپنے جذبات پر قابو رکھیں اور بزرگ ان نوجوانوں کی صحیح رہنمائی کریں۔
سرو دھرم منچ نے کہا کہ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ دونوں تہوار پرامن طریقے سے بھائی چارے کے ماحول میں اختتام پذیر ہوں۔
بیان جاری کرنے والوں میں پٹن دیوی مندر پٹنہ کے مہنتھ وجے شنکر گری، رام کرشن مشن کے منیش جی مہاراج، جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی، سیوادار سماج کلیان سمیتی پٹنہ صاحب کے مکھیہ سنرکشک سردار ترلوک سنگھ، بانکی پور چرچ کے فادر جیمس جارج، بہار دلت وکاس سمیتی کے فادر جوس، جین مندر پٹنہ کے تن سکھ لال وید اور گوتم بدھ ویہار کے بھنتے اپالی شامل ہیں۔
Be the first to comment