پٹنہ: 28 دسمبر، 2024
جماعت اسلامی ہند، پٹنہ اور سوسائیٹی فار برائٹ فیوچرکے مشترکہ زیر اہتمام سنیچر کو مرکز اسلامی میں ضرورت مندوں کے درمیان کمبل کی تقسیم کی گئی۔ دو سوسے زیادہ کمبل حاصل کرنے والوں میں بیشتر آس پاس کی سلم بستیوں میں رہنے والی خواتین ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند، بہارکے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے خواتین سے کہاکہ یہاں سے جانے کے بعد وہ یہ عزم کریں کہ مستقبل میں وہ دوسروں کو کمبل تقسیم کریں گی۔ وہ لینے والی نہیں، دینے والی بنیں گی۔ انسان کسی کو کچھ نہیں دیتا ہے، بلکہ اصل دینے والا اللہ ہے۔ اگر اللہ چاہے تو آپ بھی دینے والی بن سکتی ہیں۔ اس لئے اپنا تعلق اللہ سے مضبوط کیجئے۔ اللہ سے لو لگائیے اور مانگئے۔ اللہ کی شکرگزار بندی بنئے۔ اللہ نے آپ کو ہاتھ پیر دیا ہے، بیماریوں سے محفوظ رکھا ہے، آپ صبر اور شکر کی زندگی گزاریں۔
مولانا رضوان احمد نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ اپنے مردوں کوحلال رزق کی تلقین کریں۔ حلال رزق میں برکت ہوتی ہے۔ ان کو منشیات سے روکئے، تعمیری کام میں لگائیے۔
امیر حلقہ نے اس خدمت خلق کے لئے سوسائیٹی فار برائٹ فیوچر کے ساتھ ہی مقامی جماعت کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انتخاب عالم فلاحی نے کمبل کی تقسیم میں مالی امداد فراہم کرنے والوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے تئیں وفادار اور نیک بندہ وہ ہے جو اپنے مال کو رشتہ داروں، یتیموں، مساکین، مسافروں اور مدد مانگنے والوں میں تقسیم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مالدار انسا ن کے دل میں ضرورت مندوں کے تئیں ہمدردی کا جذبہ ہونا چاہئے۔
پروگرام کی نظامت جماعت اسلامی ہند،بگ سیٹی پٹنہ کے ناظم شہرلئیق الزماں نے کی۔
Be the first to comment