جذبہ قربانی کے بغیرنہ فرد اور نہ ہی ملک ترقی کر سکتا: جماعت اسلامی

پٹنہ:  یکم جولائی، 2024
’قربانی کے بغیر کوئی فرد، گروہ، سماج یا ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ قربانی کا جذبہ ہر جگہ نظر آنا چاہئے۔‘ جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے اتوار کو راجدھانی واقع صدر دفتر میں عیدالاضحیٰ کے موقع سے منعقدہ تقریب عید ملن سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔ تقریب میں اچھی خاصی تعداد میں برادران وطن موجود تھے۔

مولانا رضوان احمد نے کہا کہ محض جانور کی گردن پر چھری چلانا قربانی نہیں ہے۔ قربانی کا مقصد دراصل سوچ وچار کو بدلنا ہے۔ قربانی کا فلسفہ یہ ہے کہ ہم اللہ کی مرضی اور احکامات کی بجاآوری کے لئے جان، مال، وقت، صلاحیت ہر طرح کی قربانی ہر وقت دینے کے لئے تیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان واحد ایسا ملک ہے جہاں صدیوں سے مختلف مذاہب کے لوگ رہتے آرہے ہیں۔ یہاں فرقہ وارانہ ہم آہنگی ہے۔ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے ضروری ہے کہ ہم سنی سنائی باتوں پر عمل کرنے کی بجائے ایک دوسرے کو پڑھیں، سمجھیں اور کسی بھی مذہب کے بارے میں اس کی تعلیمات کی بنیادی باتوں کو جانیں۔
مقامی وارڈ کاؤنسلر بیجو لال داس نے اس موقع پر حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کے حوالے سے قربانی کی تاریخ بیان کی اور کہا کہ تمام لوگوں کو عملی زندگی میں جذبہ قربانی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔
ماہرتعلیم اور صحافی ڈاکٹر دھرو کمار نے اپنا ذاتی قصہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح ان کی بہن اور بہن کی سہیلی کے بیچ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اوردوستانہ تعلقات تھے۔ انہوں نے کہ ایسے تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
روی شنکر پانڈے نے کہا کہ پریم سے بڑھ کر اس دنیا میں کوئی چیز نہیں ہے۔ عید ملن جیسی تقریب پریم اور آپسی میل محبت کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرتی ہیں۔
سدبھاونا منچ کے ممبر درگا کانت جھانے اسلام کی خوبیاں بیان کیں اور کہا کہ ہم سب کو اسلام کے ساتھ ساتھ تمام مذاہب کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے۔ اس سے غلط فہمیاں دور ہوں گی۔
دلت لیڈر امر آزاد پاسوان نے کہا کہ ہندوستان کا آئین آپسی بھائی چارے، سماجی انصاف اور مساوات کو فروغ دیتا ہے۔ ہمیں آئین کے مطابق ایک دوسرے کے ساتھ برتاو کرنا چاہئے۔
اس سے قبل افتتاحی گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند بہار کے شعبہ کمیونل ہارمنی کے سکریٹری محمد شہزاد نے کہا کہ تقریب عید ملن کے انعقاد کا مقصد فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک گیر ایسی تنظیم ہے جو خدمت اوراقدار کو ملحوظ رکھتے ہوئے کام کرتی ہے۔
پروگرام کی نظامت رکن جماعت ڈاکٹر نسیم احمد نے کی جبکہ اظہار تشکر غلام سرور ندوی نے پیش کیا۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*