پٹنہ: 6 اپریل، 2023
جماعت اسلامی ہند بہار کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے بدھ کو بہار شریف کے فساد متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی کی قیادت میں ٹیم نے فساد متاثرہ افراد سے ملاقات کی اورفرسٹ ہینڈ معلومات حاصل کیں۔ ٹیم نے پایا کہ رام نومی جلوس کے بہانے شرپسند عناصر نے چھوٹے بڑے کئی اداروں اوردکانوں پر حملہ کیا اور انہیں کافی نقصان پہنچایا۔ متاثرین نے کہا کہ پورے واقعہ کے دوران پولس اور انتظامیہ نے سستی برتی۔ اگر پولس مستعد رہتی اور اس نے بروقت کارروائی کی ہوتی تو اس قدر نقصان نہ ہوتا۔کئی متاثرین نے ایف آئی آر درج نہ ہونے کی اب بھی شکایت کی ہے۔
مدرسہ عزیزیہ: مدرسہ عزیزیہ کے انچارج پرنسپل مولانا محمد شاکر قاسمی نے بتایا کہ سوسال قدیم اور بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ سے رجسٹرڈ اس مدرسہ میں شرپسندوں نے پٹرول بم سے آگ لگا دی جس میں مدرسہ لائبریری کی اٹھارہ الماریوں میں رکھی ساڑھے چار ہزار کتابیں،ڈھائی سو مخطوطات اور تین سو کلام پاک کے نسخے پوری طرح جل کر خاک ہوگئے۔ طلبا و طالبات کے ڈاکیومنٹس کے علاوہ مدرسہ کے ضروری کاغذات بھی جلا دئے گئے۔ عمارت کے ساتھ ساتھ اس کی املاک کو بھی بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ دیواروں میں دراریں آ گئی ہیں، فرش مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ وضو خانہ، بیت الخلاوغیرہ بھی تباہ ہو گئے۔ تمام پنکھے، وائرنگ ختم ہو گئے۔
عزیزیہ سپر مارکیٹ: جیمس فوٹ مارکیٹ نویداختر اور نہال اختر نے بتایاکہ شرپسندوں نے ان کے جوتے چپل کی دکان میں آگ لگا دی جس سے پوری دکان جل کر خاک ہو گئی۔ دکان میں عید کے موقع سے نئے نئے مال رکھے گئے تھے۔ان کے جل جانے سے تقریباً بیس لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
بھراو پر پھل منڈی: محمد الطاف اور مہتاب عالم کے میوے اور پھل کی دکان ’سمیع فروٹس‘کو مکمل طور پر جلا دیا گیا۔جلانے سے قبل پچاس ساٹھ ہزار روپے نقد لوٹ لئے گئے۔ اس کے اوپر ’دلی بریانی‘ ہوٹل کو بھی جلا دیا گیا۔ہوٹل کے مالک محمد الطاف اور مہتاب نے کہا کہ اس واقعہ میں تقریباً دس لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
مرارپور کی شاہی مسجد: مسجد کے پیش امام مولانا شہاب الدین نے بتایا کہ اچانک شرپسندوں کا ایک جم غفیر مسجد کے صحن میں داخل ہو گیا۔
مسجد کے مین گیٹ اور دونوں میناروں کو نقصان پہنچایا۔ سنگ باری سے وضوخانہ کی دیوار کوبھی نقصان پہنچایا گیا۔ مسجد کے احاطہ میں واقع ’چنو ڈرائی فروٹس‘ کے ہول سیلر نے بتایا کہ عید کے موقع پر سپلائی کے لئے کافی مقدار میں ڈرائی فروٹس، سیوئی اور لچھا موجود تھے جنہیں بلوائیوں نے آگ کے حوالے کر دیا۔اس سے لاکھوں کا نقصان ہوا۔ اسی دکان کے اندر ایک بولیٹ موٹر سائیکل بھی جلا دی گئی۔ مسجد کے ہی احاطہ میں بریانی پلازہ جلایا گیا۔ اس کے مالک محمد سمیر نے بتایا کہ ان کا اٹھارہ بیس لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔
کانٹا پر محلہ: اس محلہ میں واقع سیٹی پیلس میرج ہال میں بھی شرپسندوں نے آ گ لگا دی۔ ہال کے مالک اور جنتا دل یوکے نالندہ ضلع اقلیتی سیل کے صدرسلطان انصاری نے بتایاکہ آگ سے ہال کے نیچے اور اوپر کا پور ا حصہ جل کر خاک ہوگیا۔ عید کے فوراً بعد کئی شادیوں کے لئے ان کے ہال کی بوکنگ ہو چکی تھی۔وہ اپنے آنسوؤں کو ضبط نہیں کر سکے اور بتایا کہ اب ان کی سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ وہ کیا کریں۔
ڈیجیٹل دنیا: ڈیجیٹل دنیا کمپلکس میں نہایت ہی قیمتی کمپیوٹر اور الکٹرانک اثاثہ کو بلوائیوں لوٹ لیا اور نذر آتش کر دیا جس کے خسارہ کا شاید ابھی اندازہ بھی نہیں لگایا جا سکا ہے۔
صغریٰ کالج: صغریٰ کالج پر بھی شرپسندوں نے پتھراو کیا۔ اس کے علاوہ وہاں رکھے جنریٹر کو بھی انہوں نے جلا دیا۔ کالج احاطہ میں موجود مسجد کو بھی انہوں نے نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
پرمیلا کمپلکس: صغری کالج سے متصل ’پرمیلا کمپلکس‘ میں شرپسندوں نے آگ لگا کی۔ آگ سے کمپلکس میں موجود پائپ اور واٹر ٹینک کے علاوہ اسٹیشنری کے گودام کو بھی کافی نقصان پہنچا۔واضح ہو کہ یہ برادران وطن کا کمپلکس ہے، وفد نے انہیں بھی دلاسا دلایا۔
خاص گنج: خاص گنج میں وفد نے پروفیسر شکیل انصاری کی اہلیہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ پروفیسر شکیل کو بلوائیوں نے تب گولی مار دی جب ہو عشاء کی نماز پڑھ کر گھر آرہے تھے۔ گولی ان کے جبڑے میں لگی۔ فی الحال وہ پی ایم سی ایچ میں زیر علاج ہیں۔
امیر حلقہ سمیت وفد کا خیال ہے کہ بہار شریف فساد میں جس بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے اس کی تلافی کے لئے کافی وقت درکار ہے۔ اس سے بھی زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ برسہا برس کے سماجی رشتوں کو کافی ٹھیس پہنچا ہے۔ ایک ساتھ، شہر اور ایک محلے میں رہنے والے دو فرقوں میں درار پیدا ہو گیا جس کو پاٹنا عین سماجی ضرورت ہے۔
وفد نے سرکا رسے پورے واقعہ کی غیر جانبدارنہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔
ابھی تک جن ملزموں کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہو سکی ہے، ایف آئی آر درج کرائی جاے۔
جو بھی ملزم یا مجرم ہیں ان کی ایماندارانہ جانچ کراکر سزا دی جائے۔
جن بے قصوروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے انہیں ضروری کارروائی کے بعد رہا کیا جائے۔
جو مالی نقصانات ہوئے ہیں ان کی تلافی کے لئے بھرپور معاوضہ دیا جائے۔
جن دکانوں اور مکانوں، مدرسہ اور مسجد کی دیواروں کو نقصان پہنچا ہے اس کی فی الفور مرمت اور تعمیر کرائی جائے۔
امیر حلقہ نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ آپسی تعلقات کو خوش گوار بنائیں، کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ ایک دوسرے کا احترام کریں اور آپس کی غلط فہمیوں کا ازالہ کریں۔ مصیبت کی اس گھڑی میں اللہ کو زیادہ سے زیادہ یاد کریں، توبہ اور استغفار کریں، توکل علی اللہ کا اہتمام کریں۔
دورے پرگئے وفد میں جماعت اسلامی ہند بہارکے سکریٹری حلقہ نثار احمد، سکریٹری ملی امور ضیاء القمر، سکریٹری شعبہ میڈیا سید جاوید حسن، صدر ایس آئی او بہار شادمان نعمانی، مقامی امیرخالد انور، سینئر رکن جماعت شفیق احمد، کارکن محمد اسلام اور منیرالحق شامل تھے۔
Be the first to comment