سادگی،امن اور آپسی بھائی چارہ کے ساتھ منائیں عید قربان:امیرحلقہ

پٹنہ: 9 جولائی، 2022
جماعت اسلامی ہند بہار کے امیرحلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے عید قرباں کی مبارکباد دیتے ہوئے قربانی کی روح اور اسپرٹ کو اپنے اندرجذب کرنے اور اس کے بنیادی تقاضوں کو برتنے کی تلقین کی ہے۔ انہوں نے جانور قربان کرتے ہوئے اپنے اندر ملک وملت اور انسانیت کے لیے جذبہ قربانی کوفروغ دینے کی تاکید کی ہے۔
مولانا رضوان احمد نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ قربانی دو عظیم انبیاء کی یاد گار ہے۔یہ حضرت ابراہیم اور اسماعیل علیہ السلام کی لازوال اور بے بدل سنت ہے،لہذا اس موقع پران دونوں انبیاء کی دعوت اور پیغام کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ اس کو عام کرنے کی بھی ضرورت ہے۔
امیرحلقہ نے کہا کہ عید قربان کو سادگی،امن اور آپسی بھائی چارہ کے ساتھ منائیں۔امن وامان کو قائم رکھنا ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔امن وامان کو نقصان پہنچانے والے شرپسند وں کے جھانسے میں نہ آئیں،عید گاہ جاتے اور آتے ہوئے تکبیر تشریق پڑھتے ہوئے جائیں اور پڑھتے ہوئے واپس آئیں۔راستے میں کو ئی شرپسند چھیز چھاڑ کرنا چاہے،یا نازیبا کلمات کہے اور اشتعال دلانا چاہے تو آپ اپنے اند ر کے غصہ اور اشتعال کی بروقت قربانی دیتے ہوئے عفوو درگذرسے کام لیں،اسے معاف کردیں۔ہماری کسی حرکت سے پاس پڑوس کے لوگوں،راہ چلتے مسافروں کو تکلیف نہ پہنچے۔
انہوں نے کہا کہ بالعموم قربانی کے فضلات سے گندیاں پھیلنے کا امکان رہتا ہے لہذا، صفائی ستھرائی کا پوراپورا خیال رکھیں، فضلات اور کھال کو جہاں تہاں پھینکنے کے بجائے بروقت مناسب جگہ منتقل کریں، قربان گاہ کی صفائی کا اہتمام کریں، صفائی ایمان کا حصہ ہے۔ نظم ونسق کے معاملے میں انتظامیہ کے گائڈ لائنس کی پابندی کریں اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*