اپنی طرززندگی کو تبدیل کرکے کینسر سے رہ سکتے ہیں محفوظ: ڈاکٹر احمد عبدالحئی

پٹنہ: 7نومبر، 2021
یوم قومی کینسر بیداری کے موقع پر جماعت اسلامی ہند بہار کی جانب سے اتوار کو مقامی مدرسہ شمس الہدیٰ میں ایک کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔کانفرنس سے مشہور سرجن ڈاکٹر احمد عبدالحئی، کینسر اسپیشلسٹ ڈاکٹر شیکھر کمار کیسری، ڈاکٹر اروند کمار اور ڈاکٹر عارف حسن سمیت کئی لوگوں نے خطاب کیا۔
ڈاکٹراحمد عبدالحئی نے کہا کہ لوگوں کو سگریٹ، شراب، گٹکھا، پان مسالہ اورکھینی جیسی چیزوں کے استعمال سے پرہیز کرنا چاہئے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے جنک فوڈ سے بچنے، جسمانی محنت کرنے اور پھل و سبزی کھانے پر کافی زور دیا۔انہوں نے کہا کہ کینسر اب لاعلاج مرض نہیں ہے۔ کینسر کے مریض کو شروعاتی اسٹیج میں ہی ڈاکٹر سے رابطہ کرنا چاہئے۔بروقت علاج اور احتیاط سے مریض کو شفا حاصل ہو سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی طرزندگی کو تبدیلی کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر اروند کمار اور ڈاکٹر شیکھر کمارنے کہا کہ آج بہار میں ہر پانچ میں سے تین مریض کینسر کے ہوتے ہیں۔منہ، گلے، پستان اور بچہ دانی میں کینسر کے مریضوں کی تعداد زیادہ دیکھنے کو ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ میں کم سے کم پانچ دن بھاگ دوڑ کرنی چاہئے۔ بیٹھے بیٹھے کام میں وقت نہیں گزارنا چاہئے۔ اس سے موٹاپا بڑھتا ہے اور موٹاپا سے کینسر ہوتا ہے۔
ڈاکٹر عارف حسن نے کہا کہ ہم اپنی جسمانی صاف صفائی سے بھی کینسر سے بچ سکتے ہیں۔
اس موقع پر جماعت اسلامی ہند بہار پٹنہ کے ناظم شہر قمر وارثی نے پروگرام کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں انسانی زندگی کو بچانے پر کافی زور دیا گیا ہے۔اسی مقصد کے تحت کینسر بیداری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لوگوں کو کینسر جیسے مرض کے تئیں بیدار کرنے کے لئے اپنا قیمتی وقت صرف کیا۔
الحرا پبلک اسکول شریف کالونی کے ڈائرکٹر محمد انور نے کہا کہ اسلام نے چودہ سو سال پہلے ہی نشہ کو ممنوع قرار دے دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ گارجین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں پر دھیان دیں کہ وہ نشہ کے شکار تو نہیں ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ نشہ سے بھی کینسر ہو تا ہے۔
پروگرام میں اسکول کے بچے بھی شریک ہوئے۔ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور پوسٹر تھے۔ انہوں نے کہا وہ بڑوں کو یہ پیغام دینے آئے ہیں کہ وہ نشہ نہ کریں اور خاندان و سوسائٹی کو کیسنر سے محفوظ رکھیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*