رسول اللہ ؐ سے محبت اور عشق عین ایمان کی علامت ہے: مولانا رضوان احمد

پٹنہ: 16 اکتوبر، 2021
”رسول اللہ ؐ سے محبت اور عشق عین ایمان کی علامت ہے۔“جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے رسول اللہ ؐ کی ولادت با سعادت کے تعلق سے پٹنہ واقع مرکز اسلامی میں خطبہ جمعہ کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عشق رسول کا ایک اہم تقاضا یہ ہے کہ ہم رسول اللہ ؐ کی سیرت، تعلیمات اورآپؐ کے لائے ہوئے نظام زندگیسے اپنے گھر، سماج اور ملک میں متعارف کرائیں۔
مولانا نے کہا کہ اسی مقدس مہینے میں اللہ کے آخری رسول ؐ کی ولادت با سعادت ہوئی تھی۔یہی وجہ ہے کہ مسلمان اس مہینے میں کثرت سے رسول اللہ ؐ کو یاد کرتے ہیں۔ لیکن یاد رسول ؐ کو کسی مہینے یا دن کے ساتھ محدود نہیں کرنا چاہئے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ہر دن اور ہر،لمحہ رسولؐ کی زندگی سے رہنمائی حاصل کریں، ان کی تعلیمات کو جانیں اور عمل کریں۔
امیر حلقہ نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنی زندگی کو اللہ کے رسول کی سیرت کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔ آپ ؐ کی پسند کو اپنی پسندبنائیں، آپ ؐ نے جن چیزوں کو ناپسند کیا ہے، ان کو سدا کے لئے ترک کریں۔ الغرض یہ کہ ہم اللہ کے اس حکم کے تابع بن جائیں کہ ”ر سول ؐ تمہیں جو کچھ دیں اسے تم لے لو اور جس سے روکیں، اس سے تم رک جاؤ۔“
مولانا نے کہا کہ رسول اللہ ؐ کی زندگی ہی ہمارے لئے اسوہ اور نمونہ ہے۔ دنیا کے سارے مسائل کا حل آج بھی رسول اللہ ؐ کی زندگی میں موجود ہے۔ جہنم نشان دنیا کو جنت نشان بنانے کے لئے آپ کی تعلیمات پر عمل آوری ایک بہترین نسخہ کیمیا ہے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*