جماعت اسلامی کی عید ملن تقریب میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور

پٹنہ: 31جولائی، 2021 جماعت اسلامی ہند، بہار کے شعبہ دعوت کے زیر اہتمام دفتر حلقہ میں ایک غیر رسمی ’عیدملن‘ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں برادران وطن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے ملک کے موجودہ تناظر میں فرقہ وارانہ آہنگی کو فروغ دینے اور خدمت خلق کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر زور دیا۔برادران وطن نے جماعت کے مذہبی،سماجی اور خدمت خلق کے شعبہ میں کئے جارہے کاموں کی ستائش بھی کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جماعت ماضی کی طرح مستقبل میں بھی تمام مذاہب کے لوگوں کو ساتھ کے کر ملک کی ترقی اور انسانیت کی خدمت میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے اس موقع پر کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں اتحاد و یکجہتی کا ماحول قائم رہے۔ اس کے لئے ایک دوسرے کے مذہب کا احترام اور مطالعہ ضروری ہے۔ جماعت اسلامی ہند نے ملک میں خیر سگالی اور بھائی چارہ کے ماحول کو فروغ دینے کے لئے ہندوستان کی ہر علاقائی زبان میں قرآن، حدیث اور اسلامک لٹریچر کا ترجمہ کرایا ہے تاکہ غلط فہمیوں کا ازالہ ہو سکے۔ امیر حلقہ نے جماعت کے مذہبی، دینی، سماجی اور خدمت خلق کے کاموں کا تفصیل سے تعارف کرایا اور یہ بھی بتایا کہ جماعت انسانوں کے لئے دنیا سے لے کر آخرت تک کی بھلائی کا کام کرتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت کسی ایک طبقہ کے لئے نہیں، بلکہ بلا تفریق مذہب و ملت سب کیلئے کام کرتی ہے اور سب کو ساتھ لے کر کام کرنا چاہتی ہے۔ جو چیزیں مذہبوں کے درمیان مشترک ہیں اور جو برائیاں سماج میں مشترک ہیں اس میں مل جل کر ہی کام کرنے سے کوئی تبدیلی واقع ہوگی۔ تقریب میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران کے علاوہ جن لوگوں نے شرکت کی ان میں ڈاکٹرششی دھرن، ڈاکٹر اویناش، بیجو لال داس، آنند موہن جھا، احمد رضا ہاشمی، رشی آنند، انل رشمی، نوین کمار، اوپندر، کندن کمار، ودیاساگر، ہری کشور، پردیپ مہتا اور سنجیو یادو شامل ہیں۔

12121 commentLikeCommentShare

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*