یتیم بچوں کو سرکاری منصوبہ سے استفادہ یقینی بنایا جائے: جماعت اسلامی

پٹنہ: 31 مارچ، 2021 جماعت اسلامی ہندبہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کووڈ جیسی وبا سے یتیم ہوئے بچوں کے لئے شروع کئے گئے سرکاری منصوبوں کا خیرمقدم کیا ہے ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈسے کافی تعداد میں لوگوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ اس کی وجہ سے بڑی تعداد میں بچے یتیم ہو گئے ہیں۔ ان یتیم بچوں کی کفالت اور پرورش و پرداخت اور تعلیم و تربیت کے لئے سپریم کورٹ کی ہدایت پر مرکزاور بہار حکومت نے منصوبے بنائے ہیں۔ ان منصوبوں کا فائدہ ایسے بچوں کو پہنچے،اس کے لئے عام لوگوں بالخصوص فلاحی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے جہاں ایک طرف یتیم بچوں کے لئے پی ایم چلڈرن کیئر فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے وہیں، بہار حکومت نے ہر مہینے ڈیڑھ ہزار روپے دینے کا سرکلر جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں مفت داخلہ کا بھی اعلان کیا ہے۔ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ اسلام میں یتیموں کا حق ادا کرنے پر کافی زور دیا گیا ہے۔ حتیٰ کہ اس کے لئے بڑی بڑی بشارتیں دی گئی ہیں۔لہذا ہر شخص کو اپنے اعزا و اقربا اور پاس پڑوس کا جائزہ لے کر حتی المقدور یتیموں کی تعلیم و تربیت اور پرورش و پرداخت میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی تنظیموں کی بھی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے۔ امیر حلقہ نے اپنے متولسین کو بھی یتیم کی دستگیری کی طرف متوجہ کیا ہے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*