پٹنہ: 17 اپریل، 2021 جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے معمر صحافی ریاض عظیم آبادی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے انتقال سے بہار کی صحافتی دنیا نے ایک بے باک اور ایماندارصحافی کو کھو دیا۔ مولانا رضوان احمد نے کہا کہ ریاض صاحب سے ان کے ذاتی مراسم تھے۔ خاص بات یہ تھی کہ جماعت اسلامی کے موقف اور سرگرمیوں سے نہ صرف وہ اتفاق رکھتے تھے، بلکہ اس کو فروغ دینے میں اپنا تعاون بھی دیتے تھے۔ جماعت اسلامی ہند نے جب ملک گیر مہم ’مضبوط خاندان مضبوط سماج چلائی تھی، تب اس سلسلے میں پٹنہ میں گزشتہ 11 فروری کو ایک میڈیا میٹ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ صحت بہت بہتر نہیں ہونے کے باوجود ریاض صاحب نے اس موقع پر شرکت کی تھی اور اپنے عملی و مفید مشوروں سے نوازا تھا۔ انہوں نے ایک اردو اخبار میں اس مہم کے تعلق سے اداریہ تک لکھ دیا تھا۔بعد ازاں، یکم مارچ کو جب امیر جماعت جناب سید سعاد ت اللہ حسینی کی پٹنہ کے ایک ہوٹل میں پریس کانفرنس تھی، تب بھی ریاض صاحب نے اس میں شرکت کی تھی اوراپنے صحافتی جوہر کا نمونہ پیش کیا تھا۔ ریاض صاحب کو جب بھی یاد کیا جاتا تھا، وہ جماعت اسلامی کے پروگرام میں بلا تکلف قبل از وقت تشریف لے آتے تھے اور مخلصانہ مشورے دیتے تھے۔ امیر حلقہ نے کہا کہ ریاض صاحب تحریک کے لٹریچر کا پابندی سے مطالعہ کرتے تھے۔نوجوانوں کے بارے میں فکر مند رہتے تھے اور نمازوں کے پابند تھے۔ مولانا رضوان احمدنے اللہ سے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے نیز بہار میں اردو صحافت کو ان کانعم البدل عطا فرمائے۔آمین!
Be the first to comment