بہار میں تبلیغی جماعت کے خلاف ایف آئی آر واپس لی جائے: جماعت اسلامی

پٹنہ: 23 اگست، 2020بہار کی نتیش حکومت تبلیغی جماعت سے وابستہ لوگوں کے خلاف درج کی گئی ایف آئی آر کو جلد سے جلد واپس لے۔یہ مطالبہ کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمداصلاحی نے کہا کہ ممبئی ہائی کورٹ نے بالکل صحیح کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کے معاملے میں تبلیغی جماعت کو بلی کا بکرا بنایا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ممبئی ہائی کورٹ نے 29 غیر ملکی تبلیغی جماعت کے لوگوں کے خلاف مہاراشٹر حکومت کی جانب سے درج ایف آئی آر کو خارج کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ عدالت نے تبلیغی جماعت کے خلاف پروپگنڈا چلانے کے لئے میڈیا کی بھی سرزنش کی ہے۔ مولانا رضوان احمد نے کہا کہ ملک کی الگ الگ ریاستوں میں تبلیغی جماعت کے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں پریشان اور بدنام کیا گیا ہے۔ بہار میں بھی تبلیغی جماعت سے جڑے لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے نتیش حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ممبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ریاست میں تبلیغی جماعت کے خلاف درج تمام ایف آئی آر کو واپس لے کر انصاف پسندی کا نمونہ پیش کرے۔ امیر حلقہ نے کہا کہ اب یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ کورونا کے پھیلانے میں تبلیغی جماعت کا کوئی رول نہیں رہا ہے۔ یہ بے بنیاد الزام ہی نہیں، بلکہ تبلیغی جماعت کے وابستگان کے ساتھ ایک توہین آمیز رویہ اور تعصب ہے۔ تعصب اور توہین کی سماج میں ہر سطح پر مذمت اور حوصلہ شکنی ہونی چاہئے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*