پٹنہ: یکم دسمبر، 2019
جماعت اسلامی ہند، بہار کی ایک خصوصی پیش قدمی
مسلمانوں کے درمیان صنعت و تجارت کو فروغ دینے کے لئے جماعت اسلامی ہند ، بہار نے انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ سیل قائم کیا ہے ۔ سیل کی آج ہوئی ابتدائی میٹنگ کے بعد جماعت اسلامی ہند ، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بتایا کہ جناب شاہد پرویز کے کنوینر شپ میں ایک مشاورتی کمیٹی کی تشکیل کر دی گئی ہے ۔ یہ کمیٹی بہار میں صنعت و حرفت کے امکانات کو تلاش کرے گی اور عملی منصوبے وضع کرے گی ۔ انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ سیل مہاراشٹر کے کاروباری ادارہ رفاہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کرے گا ۔
امیر حلقہ نے بتایا کہ جہاں ایک طرف خلیجی ممالک میں روزگار کے مواقع سمٹنے لگے ہیں ، وہیں دوسری طرف ریاست سے ملک کے مختلف مقامات پر جاکر روزگار کرنے والوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ حالاں کہ بہار میں صنعت وتجارت کے کافی مواقع ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس سمت میں صحیح طریقے سے رہنمائی اور منصوبہ بندی کی جائے ۔
مولانا رضوان احمد نے کہا کہ بہار کے بہت بڑے قطعہ اراضی پر کاشتکاری ہوتی ہے ۔ اس لئے یہاں ایگریکلچرل بایو پروڈکٹ اور مویشی پروری کی کافی گنجائش ہے ۔ تاہم پونجی کی عدم فراہمی اور صحیح رہنمائی نہیں ہونے کی وجہ سے زیادہ تر لوگ تلاش معاش کے لئے اپنا گھر دوار اور بال بچوں کوچھوڑ کر باہر جانے کو مجبور ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند نے ان حقائق کے پیش نظراپنے 2019-23 کے میقاتی منصوبہ کے تحت مرکزی سطح پرانٹر پرینیورشپ کا الگ سے ایک شعبہ قائم کیا جس پر تیزی سے کام ہو رہا ہے ۔ اسی کے ذیل میں بہار میں بھی انٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ سیل قائم کیا گیا ہے ۔
امیر حلقہ نے بتایا کہ آج کی میٹنگ میں مختلف کاروباری اور پیشہ ور لوگوں نے شرکت کی جن کے مشورے سے مشاورتی کمیٹی کی تشکیل عمل میں آئی ۔ مشاورتی کمیٹی میں بحیثیت رکن جناب غلمان احمد صدیقی، جناب شاہد انور، جناب راشد نیر،جناب یوسف ظفر فریدی، جناب عمران احمد صدیقی، جناب سعید الحسن، جناب مجا ہد الاسلام،جناب افتحار اعظم،جناب شمس خان جناب راشد حسین اور جناب ضیاء القمر شامل ہیں ۔
Be the first to comment