’’قرآن میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ خانہ کعبہ ہدایت کا عالمی مرکز ہے ، امن کا گھرہے اور مکہ امن کاشہر ہے ۔ اس لئے عازمین وعازمات حج کے بعدنہ صرف ہدایت یافتہ بلکہ انسانی ہدایت کا قرآنی اور عالمی پیغامبر اور امن کا علمبرداربن کر لوٹیں ۔ ساتھ ہی ہدایت اور امن کے پیغام کو اپنے سماج اور اپنے ملک میں عام کرنے کا عزم لے کرآئیں ۔ ‘‘ یہ باتیں 23 جون کو جماعت اسلامی ہند ، بہار کے محترم امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے جماعت اسلامی ہند،پٹنہ کی جانب سے مرکزاسلامی میں عازمین حج کے لیے منعقد تربیتی کیمپ سے خطاب کے دوران کہیں ۔
امیر حلقہ نے کہا کہ حج کی روح یہ ہے کہ انسان مکمل طور پر تمام منکرات،بدعات ، شرک اور برائیوں سے خود کو پاک کر کے لوٹے اورملک و معاشرے کو ان خرابیوں سے پاک کرنے نیز امن و سکون کا ماحول قائم کرنے کا داعی ومبلغ کر کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک حاجی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اللہ کی ہدایت کو عام لوگوں تک پہنچائے ۔ تمام انبیاء کا مشن یہی تھا کہ سماج کو ہدایت یافتہ بنایا جائے اور حج جو کہ ابراہیم علیہ السلام کی لازوال تاریخ سے وابستہ ہے انہوں نے اللہ کی زمین کو ہرطرح کے شرک ،خرافات اور برائیوں سے پاک کرنے کے لیے ہمارے لیے عملی نمونہ چھوڑکر گئے ہیں ۔ سرزمین حج کا اصل تحفہ کھجور اور آب زم زم نہیں ، بلکہ اللہ کی ہدایت کو عام لوگوں تک پہنچانا ہے ۔ مولانا رضوان احمدنے کہا کہ اگر ہم حج کے بعد معاشرے میں امن اور بھائی چارہ قائم کرنے کی کوشش نہ کریں ، فتنہ و فساد برپا کریں ، تو سمجھا جائے گا کہ ہم امن کے گھر، ہدایت کے گھر سے واپس نہیں لوٹے ۔ ہم نے احرام اور حرم کی حرمت کو نہیں سمجھا ۔ وہاں جانوروں کا شکار اور گھاس تک کاٹنا منع ہے ۔ حجاج کو انسانی جانی اور انسانوں کی عزت و حرمت کا سب سے بڑا پاسبان ہونا چاہئے ۔ امیر حلقہ نے کہا کہ آج ہمارے ملک کو سب سے زیادہ امن کی ضرورت ہے اس کے لیے باشندگان ملک کے بیچ خوشگوار رشتے کو استوار کرنے میں عازمین اور عازمات مثبت رول اداکر سکتے ہیں ۔
کیمپ سے بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیف ایکزکیوٹیو افسرمحمد راشد حسین نے بھی خطاب کرتے ہوئے چند انتظامی امور کی طرف توجہ دلائی اور بتایا کہ عازمین کو ہر جگہ صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے ۔ عازمین اور عازمات کے لئے سنٹرل اور ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے فراہم کی گئی سہولیات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ وہ حج گائیڈ کا مطالعہ کریں نیزکسی بھی قسم کی دشواری ہونے پر متعلقہ افراد کو مطلع کریں ۔ موصوف نے عازمین و عازمات کے سوالات کے جوابات بھی دئے ۔ مرکزی حج کمیٹی کے معززرکن جناب عبدالحق صاحب نے بھی حجاج کو فنی طور پر مکہ اور مدینہ میں موجود انڈین حج میشن کے انتظامات اور ان سے استفادے کے طریقے بتائے ۔
اس موقع پرجناب محمد اختر عادل گیلانی نے حج کے عملی طریقے پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ سوال و جواب کا بھی ایک سیشن ہوا جس میں عازمین کے سوال کے تشفی بخش جواب دئے گئے ۔ اس کے علاوہ انڈین حج مشن کی طرف سے جاری کردہ ایک سی ڈی بھی دکھائی گئی جس سے شرکاء پورے سفر حج سے مانوس ہوئے ۔
اس سے قبل حافظ محمد فخرالدین نے تلاوت قرآن کی جب کہ قائم مقام امیر حلقہ جناب سلطان احمد صدیقی نے تربیتی کیمپ کی افادیت پر روشنی ڈالی ۔ جلسے کی نظامت رکن جماعت جناب نسیم احمد نے کی ۔ تربیتی کیمپ میں کثیر تعداد میں عازمین اور عازمات نے شرکت کی ۔ پروفیسراظہرحسین صاحب سابق وائس چانسلرویرکنور یونیورسیٹی،جناب شاکر جمال صاحب سابق ڈائرکٹر محکمہ اقلیتی فلاح حکومت بہار اور جناب قاری عبد الستار صاحب امام جامع مسجدجامن گلی سبزی باغ نے اپنے تاثرات میں اس کیمپ کو کامیاب قراردیتے ہوئے اپنے عازمین شرکاء سے عمل کرنے کی درخواست کی اور منتظمین کے تئیں دعاء خیرفرمائی ۔
Be the first to comment