حکومت جنگی پیمانے پر مریضوں کے علاج کا نظم کرے، رضاکار تنظیمیں آگے آئیں: مولانا رضوان احمد

جماعت اسلامی نے ایس کے ایم سی ایچ کا کیا دورہ، امیر حلقہ نے صورت حال کو بتایا تشویش ناک

پٹنہ: 18جون، 2019 جماعت اسلامی ہند، بہار کے ایک وفد نے آج محترم امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی کی قیادت میں مظفرپور کے ایس کے ایم سی ایچ کا دورہ کرکے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اورعلاج کے فقدان میں اپنی جان گنوا بیٹھے بچوں کے تئیں اظہار تعزیت کیا۔ دورہ کے دوران وفد نے اسپتال کے ڈاکٹروں اور مقامی ذمہ داروں سے بھی ملاقات کی اور مریضوں کے بہتر علاج کی طرف انہیں متوجہ کیا۔اس موقع پر امیر حلقہ نے علاج و معالجہ کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے جو نظم کیا گیا ہے وہ ناکافی ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ میڈیکل سائنس نے کافی ترقی کی ہے اس کے باوجود چمکی بخار کے اسباب اور علاج پرریسرچ نہیں کیا گیا۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ حکومت ہر سال اس مرض سے مرنے والے بچوں کے تئیں سنجیدہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو جنگی پیمانے پر مریضوں کے علاج کا نظم کرنا چاہئے۔ امیر حلقہ نے زیر علاج بچوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

مولانا رضوان احمد نے کہا کہ مصیبت کی ایسی گھڑی میں رضاکار تنظیموں کا رول بڑھ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ظاہر سی بات ہے رضاکار تنظیموں کے وسائل محدود ہوتے ہیں، اس کے باوجود اتنا تو ضرور کرنا چاہئے کہ حکومت پر دباو بڑھے اور اور اپنے کام میں تیزی لائے۔

وفد میں جماعت اسلامی ہند دربھنگہ کے ناظم علاقہ نوراللہ خان، امیر مقامی ہشام طارق، سکریٹری شعبہ خلق سلطان احمد صدیقی، ضاء القمر اور ایس آئی او کے رکن جناب دانیال شامل تھے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*