جمہوریت کو مضبوط بنانے اور عام آدمی کی آواز کو بلند کرنے میں سوشل میڈیا کا اہم رول ہے۔ جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے دفتر حلقہ میں 22 نومبر کو سیٹیزن جرنلسٹ کے لئے منعقدہ ایک میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حق اور انصاف کی طرفداری کرنا اور بے بسوں و مظلوموں کی لڑائی لڑنا ہی حقیقی صحافت ہے۔ مولانا رضوان احمد نے کہا کہ چودہ سو سال قبل اسلام نے ہی صحافت کا بنیادی اصول بتاتے ہوئے واضح کردیا تھا کہ اس پیشے میں جھوٹ، ریاکاری اور پروپگنڈے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلمان ہی صحافت کے پیشے میں کافی پیچھے ہیں۔ ورکشاپ کے دوران سمیع احمد، احمد رضا ہاشمی اور سید جاوید حسن نے ورکشاپ کے شرکاء کو مین اسٹریم میڈیا اور سوشل میڈیا جرنلزم کی باریکیوں کی جانکاری دی۔ جماعت اسلامی ہند، بہارکے شعبہ میڈیا کی جانب سے منعقدہ اس ورکشاپ میں مغربی و مشرقی چمپارن، سپول، سہرسہ، بھاگلپور، بانکا، ارریہ، دربھنگہ، پورنیہ، نالندہ اور پٹنہ ضلع کے سوشل میڈیا سے وابستہ صحافیوں نے حصہ لیا۔
Be the first to comment