پٹنہ: 28 مارچ، 2020
جماعت اسلامی ہند بہارنے کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے پریشانیوں میں مبتلا لوگوں تک رسد رسانی کی ریاست گیرمہم شروع کی ہے۔جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بتایا کہ رسد رسانی مہم کے تحت پریشان حال لوگوں کوبلاتفریق مذہب و ملت یومیہ، ہفتہ اور ماہانہ ضرورت کے حساب سے اشیائے خوردنی فراہم کی جارہی ہے۔ اشیائے خوردنی میں آٹا، چاول، دال، تیل، آلواور پیاز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، ماسک اور سینیٹائزر بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔
مولانا رضوان احمد نے بتایا کہ پٹنہ، سہرسہ، موتیہاری،سہسرام، پورنیہ، گیا، ہسواوغیرہ کے مخصوص علاقوں میں اشیائے خوردنی کی قلت سے دوچار سینکڑوں لوگوں کو خدمت خلق کے تحت ضروری چیزیں فراہم کی جارہی ہیں۔پٹنہ کے بعض سلم بالخصوص باری بھون وغیرہ میں بھی امداد اور راحت رسانی شروع کی گئی ہے۔
دھیرے دھیرے اس کا دائرہ بڑھایا جا رہا ہے۔ اس مہم میں جماعت اسلامی ہند، بہار کے ارکان و کارکنان کے علاوہ ایس بی ایف، بی وائی او، ایس آئی اوکے نوجوان پیش پیش ہیں۔ یہ سبھی طبی احتیاطی تدابیر کو دھیان میں رکھتے ہوئے خدمت خلق کے کام میں لگے ہوئے ہیں۔ وہ خود ماسک پہنتے ہیں اور ہاتھوں کو سنیٹائز کرتے ہیں۔ ساتھ ہی سوشل ڈسٹینسنگ کے اصول پر بھی عمل کرتے ہیں۔
مولانا رضوان احمد نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں مقامی دکانوں کی معرفت کارکنان کے روابط والے مستحقین کو مدد فراہم کی جارہی ہے۔ کہیں کہیں نقد رقم بھی دی گئی ہے۔
امیر حلقہ نے عام و خاص سے اپیل کی کہ وہ بھی حفاظتی تدابیر کے ساتھ مصیبت کی اس گھڑی میں ضرورت مندوں کی مددکریں۔ اس کے علاوہ مقامی سطح کے سرکاری افسران و ذمہ داران کو مصیبت زدہ لوگوں کے بارے میں مطلع کرکے ان کی پریشانیوں کو دور کرنے میں اہم رول ادا کریں۔
Be the first to comment