دہلی فساد متاثرین کی راحت کاری میں تعاون کے لئے جماعت اسلامی ہند کاہمدردان ملت کے تئیں اظہار تشکر

پٹنہ: 16 مارچ 2020

جماعت اسلامی ہند بہار کے سکریٹری خدمت خلق سلطان احمد صدیقی نے دہلی فساد متاثرین کی راحت کاری کے لئے ہمدردان ملت کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہار سمیت پورے ملک سے لوگ آگے آرہے ہیں اور متاثرین کی باز آدکاری کے لئے ہر طرح سے تعاون کررہے ہیں ۔ خیر خواہوں کی بے پناہ محبت اور تعاون کی بدولت جماعت اسلامی ہند اپنی ذیلی تنظیموں کے توسط سے متاثرین تک پہنچنے اور ان کی مدد کرنے میں کامیاب رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دہلی میں ہوئے تشدد نے ہزاروں افراد کو بری طرح متاثر کیاہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 13 مارچ 2020 تک 53 اموات کی اطلاع ملی ہے ۔ 450 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے اور سیکڑوں مکانات کو نقصان پہنچا ۔ کئی سو افراد اپنی معاش کا ذریعہ کھو بیٹھے ۔ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور ہزاروں افراد ابھی تک آتش زنی، لوٹ مار اور توڑ پھوڑ کے صدمے سے باہر نہیں آئے ہیں ۔ ہمدردان ملت کے تعاون سے جماعت اسلامی ہند اور ویژن 2026 کے مشترکہ زیر اہتمام شروع سے ہی متاثرین کو ہنگامی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ امداد فراہم کرنے میں سوساءٹی فار براءٹ فیوچر(ایس بی ایف)، ہیومن ویلفیئر فاؤنڈیشن، ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ، میڈیکل سروس سوساءٹی، الشفا ملٹی اسپیشلٹی اسپتال اور اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن جیسے ادارے برابر کی شریک ہیں ۔

سکریٹری خدمت خلق نے تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ الشفا ملٹی اسپیشلٹی ہسپتال، ایم ایس ایس اور اسٹیٹ بینک کے رضاکار تشدد میں زخمی ہونے والے افراد کو ہنگامی صحت کی دیکھ بھال فراہم کر رہے ہیں ۔ اب تک 2137 افراد کو طبی امداد دی جا چکی ہے، ان میں 37 افراد بھی شامل ہیں جو شدید زخمی ہوئے ہیں ۔

اس کے علاوہ ہنگامی حالات کی بنا پر اسٹیٹ بینک کے رضاکاروں نے متاثرین کو‘فوڈ کٹس’فراہم کیں ۔ اب تک، ایس بی ایف کی جانب سے 7082 افراد کو راشن کٹس فراہم کیا جاچکا ہے ۔ اس کٹ میں دال، چاول، آٹا، تیل، اور روز مرہ کی دیگر اشیاء شامل ہیں ۔

سلطان احمد صدیقی نے بتایا کہ ایس بی ایف نے مصطفی آباد ریلیف کیمپ میں تقریبا 1500 توشک، کمبل، بیڈ شیٹ اور تکیہ مہیا کیا ہے ۔ ساتھ ہی ایس بی ایف نے ایک سروے کیا جس میں لگ بھگ 470 خاندانوں کا احاطہ کیا گیا اور ان کے نقصانات سے متعلق ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ۔ مرد اور خواتین دونوں پر مشتمل ایس بی ایف ٹیم نے 470 متاثرہ خاندانوں سے مشورہ کیا اور ان کی ذہنی صدمے کو کم کرنے اور انہیں نفسیاتی اور جذباتی مددفراہم کرنے کی کوشش کی ۔ علاوہ ازیں ، ایس بی ایف نے 270 متاثرین کوملبوسات (کرتہ پجاما، بچوں کا لباس وغیرہ) فراہم کی ۔ اس کے ساتھ ہی 550خاتون متاثرین کو ان کے لئے ضروری اشیا فراہم کی گئی جس میں سینیٹری نیپکن، انڈرویئرمنٹ، اور بچوں کے کھانے کی اشیاء وغیرہ شامل ہیں ۔ دوسری طرف،ویزن 2026 کے رضاکاروں نے شکایات اور ایف آئی آر درج کرانے، معاوضے کی درخواست فارم جمع کرانے،گرفتار لوگوں کی رہائی اور دیگر قانونی مدد فراہم کی ہیں ۔

سلطان احمد صدیقی نے بتایا کہ متاثرین کے لئے ابھی بھی کافی کچھ کئے جانے کی گنجائش ہے ۔ خیر خواہوں کی بے پناہ محبت اور تعاون کی بدولت انشاء اللہ جلد ہی بچے ہوئے کاموں کو انجام دے دیا جائے گا ۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*