پریس کلب آف انڈیا زعفرانی اثر سے اب بھی محفوظ ہے: آصف

پریس کلب آف انڈیا [پی سی آئی]ملک میں جمہوریت اور صحافت کی آبیاری میں اپنے زمانہ َقیام سے ہی کوشاں ہے ۔ ملک میں پی سی آئی واحد ادارہ ہے جو زعفرانی اثر سے محفوظ ہے ۔ یہ باتیں پی سی آئی کے ایکزکیوٹیو ممبر اورہفت روزہ ’چوتھی دنیا ‘کے ایڈیٹر اے یو آصف نے 3 اگست کو جماعت اسلامی ہند، بہار کے پٹنہ واقع صدر دفتر میں چنندہ صحافیوں کے ساتھ ایک غیر رسمی ملاقات کے دوران کہیں ۔ جناب آصف نے بتایا کہ پی سی آئی کی حیثیت ایک کمپنی کی ہے جس کا قیام 1958 میں ہوا تھا ۔ فی الوقت 21ممبران پر مشتمل ایک بورڈ آف ڈائرکٹرس اس ادارے کو چلا رہا ہے ۔ پورے ملک میں مختلف زبانوں کے 5500 صحافی بطوراراکین اس سے جڑے ہوئے ہیں ۔ 

جناب آصف نے دوران تبادلہ خیال بتایا کہ پی سی آئی صحافیوں کو تمام طرح کی سہولیات فراہم کرتا ہے، اخلاقی حمایت دیتا ہے اور گرفتاری کی صورت میں ان کی رہائی کے لئے قانونی چارہ جوئی کرتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی آئی ہر ریاست میں ایک فیڈیریشن قائم کرنا چاہتا ہے جس کے لئے ضروری کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ پی سی آئی صحافیوں کو مجیٹھیا ویج بورڈکی سفارشات کے مطابق تنخواہ اور دیگر سہولیات فراہم کرانے کی سمت میں بھی کوششیں کر رہا ہے ۔

پی سی آئی اورپریس کی آزادی پر روشنی ڈالتے ہوئے جناب آصف نے بتایا کہ اولین وزیر اعظم جواہر لعل نہرو کے داماد اور اندرا گاندھی کے شوہر فیروز گاندھی نے 1956 میں پریس کی آزادی کو صلب کرنے والے بل کی پارلیامنٹ میں آزاد ممبر کے طور پر پر زور مخالفت کی تھی ۔ انہی کی وجہ سے ان کے سسر یعنی جواہر لعل نہرو کا پیش کردہ مذکورہ بل پارلیامنٹ میں منظور نہیں ہو سکا ۔ فیروز گاندھی نے ہی صحافت کو ’جمہوریت کا چوتھا ستون ‘ کہا تھا ۔ علاوہ ازیں ، انہوں نے ہی دہلی میں رائے سینا ہل کے نزدیک اپنا بنگلہ پریس کلب آف انڈیا کو وقف کر دیا تھا ۔ 

انہوں نے مزید بتایا کہ ہندوستانی صحافت میں لِجنڈ کی حیثیت رکھنے والے آنجہانی کلدیپ نیر نے اپنے کیرئیرکا آغاز دہلی سے شاءع ہونے والے ’انجام‘ نام کے اردو اخبار سے کیا تھا اور اس کا انہیں فخر بھی تھا ۔ 

اس موقع پر جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بہار میں تعمیر اور مثبت سوش کے حامل صحافیوں کی ایک اجتماعیت قائم کرنے پر زور دیا ۔ گفتگو میں خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے بیورو چیف اور پٹنہ پریس کلب کے منتظم انور سعید، روزنامہ انقلاب کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر احمد جاوید، نیوز پورٹل نوکر شاہی ڈاٹ کام کے بانی مدیر ارشادالحق، ہندی روزنامہ دینک جاگرن کے پٹنہ سیٹی بیورو چیف احمد رضا ہاشمی، ٹی وی چینل زی سلام کے نمائندہ سید جاوید حسن، روزنامہ ہمارا نعرہ کے چیف ایڈیٹر انوارالہدیٰ کے علاوہ جماعت اسلامی ہند، بہار کے سابق امیر حلقہ جناب قمرالہدیٰ، شعبہ خدمت خلق کے سکریٹری جناب سلطان احمد صدیقی اور شعبہ دعوت کے نائب سکریٹری جناب محمد شوکت علی بھی موجود تھے ۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*