جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی کی قیادت میں ایک وفدنے یکم اگست، 2019کو چھپرہ ضلع کے پیغمبر پور گاؤں کا دورہ کیا ۔ یہاں 19 جولائی کو ماب لنچنگ کا واقعہ پیش آیا تھاجس میں تین افراد کی موت ہو گئی تھی ۔
وفدنے سب سے پہلے پیغمبر پور کے پاس کنہولی منوہر ٹولہ کی نٹ بستی کا دورہ کیا اور یہاں کے مرد و زن سے اجتماعی طور پر ملاقات کی ۔ ماب لنچنگ کے واقعہ میں یہاں کے 40 سالہ راجو نٹ 20 سالہ بدیس نٹ کی موت ہو گئی تھی ۔ دونوں آپس میں چچا بھتیجہ تھے ۔ یہ مویشی کی خریدو فروخت کا کام کرتے تھے ۔
ملاقات کے دوران وفد نے مقتولین کے ورثا ء ، جن میں بیوہ اور بچے شامل ہیں ،کے تئیں افسوس اور ہمددردی کا اظہار کیا ۔ انہیں تسلی بھی دی کہ قانون کی رو سے انہیں ایک روز انصاف ضرور ملے گا ۔ اس بات کی بھی تلقین کی کہ وہ کسی کے دباو یا لالچ میں آکر سمجھوتہ نہ کریں ۔ وفد نے ورثا ء سے اپنے بچوں کو تعلیم دلانے اور مہذب زندگی گزارنے پر بھی زور دیا ۔ وفد نے ان کا حقیر سا مالی تعاون بھی کیا ۔
اس کے بعد وفد نے تیسرے مقتول اور پیغمبر پور کے باشدہ چالیس سالہ نوشاد قریشی کے بیٹے، بیٹی اور بڑے بھائی سے ملاقات کی ۔ بیٹا حیدرآباد میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہا ہے ۔ وفد نے نوشاد کی موت پر اظہار تعزیت کیا اور اور اجتماعتی دعائے مغفرت کی ۔ یتیم بچوں کی مالی معاونت بھی کی ۔ انہیں انصاف کی امید بھی دلائی اور کہا کہ انشاء اللہ یوم الجزا، قیامت کے دن لازماً انصاف ملے گا ۔
وفد نے اس موقع پر مقامی مکھیا اور سارن ضلع جے ڈی یو کے صدر الطاف عالم ’راجو‘ سے بھی ملاقات کی ۔ اس دوران وفد نے گاؤں میں مسلکی اور سیاسی اختلاف کو دور کرنے کی تلقین کرتے ہوئے اتحاداور بھائی چارے کے ساتھ پرامن ماحول میں زندگی گزارنے کی ترغیب بھی دی ۔ وفد نے گاؤں والوں کی توجہ ہندو مسلم سدبھاو قائم کرنے کی طرف بھی مبذول کی سدبھاونا منچ قائم کرنے پر بھی زور دیا ۔ اس کے علاوہ مقامی برادارن کو اسلام کا پیغام پہنچانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی اور خود کو جزوی و کلی طور پر اسلام پر عمل کرنے کی تلقین کی ۔
وفد میں دفتر حلقہ سے جناب ضیاء القمر اور جناب زاہد کریم شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ مظفرپور سے ناظم علاقہ جناب محمد نوراللہ خان اور جناب محمد عرفان بھی شریک تھے ۔
Be the first to comment