شمالی بہار کے سیلاب زدہ علاقوں میں جماعت اسلامی ہند ، بہار کی جانب سے متاثرین کی امداد اور راحت رسانی کا کام تیزی سے کیا جارہا ہے ۔ جماعت اسلامی ہند ، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے آج بتایا کہ متاثرین کی امداد اور راحت رسانی کے کام میں جماعت کے ارکان اور کارکنان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ۔ حال ہی میں امیر حلقہ کی جانب سے تمام ارکان و کارکنان کو سرکلر جاری کرکے حسب استطاعت سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے لئے کہا گیا تھا ۔
مولانا رضوان احمد نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ارریہ، پورنیہ اورسپول شامل ہیں ۔ ان اضلاع میں منتخب اور متاثرہ مقامات پر ارکان و کارکنا جماعت متاثرین کی راحت رسانی کے کام میں مصروف ہیں ۔ اس کے لئے مقامی جماعتوں کے بیت المال اور وسائل کے علاوہ حلقہ کے بیت المال سے بھی فنڈ فراہم کیا گیا ہے ۔ ہنگامی ریلیف کے طور پر متاثرین کے درمیان چوڑا، گڑ، پلاسٹک کے علاوہ ضرورت کے دوسرے سامان تقسیم کئے جارہے ہیں ۔
Be the first to comment