پٹنہ: 16 مئی، 2019 جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے ملت کے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کیرئیر کے لئے دوسرے شعبوں کے علاوہ دفاعی شعبہ کی طرف بھی متوجہ ہوں۔فوج اور نیم فوج میں ملازمت کرتے ہوئے ہمیں اپنے ملک کی خدمت کرنے کا بھی موقع ملتا ہے۔ امیر حلقہ نے یہ باتیں کھگڑیا کے جوان لانس نائک محمد جاوید کے اہل خانہ سے جماعت اسلامی ہند، لکھمنیا کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد کہیں۔انہوں نے حکومت سے ملک کے لئے قیمتی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جاوید کے پسماندگان کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
واضح رہے کہ محمد جاوید 10 جون کو جموں و کشمیر کے پونچھ سکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پاکستانی گولہ باری کے دوران اپنی جان نچھاور کر دی تھی۔28 سالہ جاوید فوج کے گرینیڈیئر ریجیمنٹ کی 93ویں بٹالین میں پونچھ میں تعینات تھے۔ جاوید کھگڑیا ضلع کے مورکاہی تھانہ کی مڑر پنچایت کے عیدگاہ محلے کے رہنے والے تھے۔ محمد بدرالدین کے چھ بیٹوں میں جاوید دوسرے نمبر پر تھے۔ اپریل 2010 میں فوج میں بحال ہوئے جاوید کی شادی 2015 میں اتر مڑر پنچایت کی فرزانہ خاتون سے ہوئی تھی۔ ان کا ڈھائی سال کا ایک بیٹا ناوید عرف امن ہے۔
امیر حلقہ رضوان احمد اصلاحی کی ہدایت پر ناظم علاقہ پروفیسر اشعر حمیدی کی قیادت میں جماعت اسلامی ہند لکھمنیا کے ایک وفد نے گزشتہ روز مرحوم جاوید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ہند، بہار کی طرف سے اہل خانہ کی مالی اعانت کی گئی۔ناظم علاقہ اشعر حمیدی نے وہاں موجود لوگوں سے محمد جاوید کی یاد تازہ رکھنے کی تلقین بھی کی۔
Be the first to comment