ہم اپنی منصبی ذمہ داریوں کو پورا کریں تو حالات بدل سکتے ہیں: امیر حلقہ

پٹنہ: 27 مئی، 2019 جماعت اسلامی ہند، پٹنہ کے زیر اہتمام ٹکاری روڈ واقع دفتر میں اتوار کودعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں روزہ داروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ ایک خوشی کا موقع ہے کہ ہم دعوت افطار میں جمع ہوئے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے روزہ داروں کے لئے خوشی کے دو مواقع بتائے ہیں۔ ایک، افطار کا وقت اور دوسرا رب سے ملاقات کا وقت۔ روزہ سے ہمارے اندر ضبط نفس، صبر اور تقویٰ کی جو صفت پیدا ہوئی اس کا تقاضہ ہے کہ ہم اللہ کی کبریائی و بڑائی کا اعلان کریں۔

          ملک کی موجودہ صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے امیر حلقہ نے کہا کہ ہم سب اگر اپنی منصبی ذمہ داریوں کو پورا کریں تو حالات بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 فیصد آبادی کی ذمہ داری ہے کہ وہ 80 فی صد آبادی تک دعوت دین پہنچائے۔ علاوہ ازیں،ہم اپنی عملی زندگی سے اسلام کی آفاقی تصویر پیش کریں۔ موصوف نے کہا کہ کسی بھی ہدف کو حاصل کرنے کے لئے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ مایوسی کے عالم میں ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے سے کچھ نہیں ہوگا۔ اسلامی کی تاریخ ایسی مثالوں سے بھرپور ہے جس میں انتہائی نامساعد حالات میں ہمارے اسلاف نے تدبر اور بصیرت سے کام لیا، چیلنجز کا سامنا کیا اور سرخرو ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند گزشتہ 70 سالوں سے اس ملک میں دعوت دین اور اقامت دین کی عملی جدوجہد کررہی ہے۔ جماعت کی کوششوں کی صرف تائید و حمایت کے بجائے جماعت کے دست و بازو بن کر ملت کو اس ابنیائی مش میں حصہ لینے کی ضرورت ہے۔ انشاء اللہ مثبت نتائج ضرور برآمد ہوں گے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*