ملک و بہار کی نمائندہ دینی و ملی تنظیموں نے کشمیر کے پلواما میں ہوئے دہشت گرادانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔آج جاری ایک مشترکہ بیان میں ان تنظیموں کے سربراہوں اور ذمہ داروں نے کہا ہے کہ اس حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہوئے جوانوں کے تئیں خراج عقیدت اور ان کے اہل خانہ کے تئیں ہمدردری کا اظہار کرتے ہوئے زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لئے اللہ سے دعا کی نیز اس گھنونے و انسانیت سوز واقعہ کی حکومت ہند سے اعلیٰ سطحی جانچ کرانے اورقصورواروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
ملی قائدین نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک و معاشرے میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
مشترکہ بیان جاری کرنے والوں میں جماعت اسلامی ہند کے امیر جماعت مولانا سید جلا ل الدین عمری، امیر حلقہ ، جماعت اسلامی ،بہار، جناب نیرالزماں، امارت شرعیہ بہار ، اڑیسہ وجھارکھنڈ کے ناظم مولانا انیس الرحمان قاسمی، جمعیتہ علما ء ہند، بہار کے ناظم اعلیٰ الحاج حسن احمد قادری،جمعیتہ اہل حدیث ،ادارہ شرعیہ کے سرپرست اعلیٰ جناب حاجی ثنا ء اللہ رضوی، مجلس ائمہ وخطباوامامیہ ، بہار کے ناظم اعلیٰ جناب سید امانت حسین، بہار ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین الحاج الیاس حسین عرف سونو بابو، بہار رابطہ کمیٹی کے سکریٹری جناب افضل حسین، مسلم مجلس مشاورت بہار کے جنرل سکریٹری جناب انوارلہدیٰ اور جماعت اسلامی ہند، پٹنہ کے امیر مقامی مولانا رضوان احمد اصلاحی اورمدرسہ بورڈ کے سابق چیرمین مولانا اعجاز شامل ہیں۔
Be the first to comment