موجودہ دور میں سوشل میڈیا عظیم نعمت، اس کا مثبت استعمال کیا جائے:محمد سلیم انجینئر

دہلی واقع مرکز جماعت اسلامی ہندمیں سوشل میڈیا پر دوروزہ کل ہند ورکشاپ 2-3 دسمبر کو منعقد ہوا۔ورکشاپ میں مختلف ریاستوں سے سوشل میڈیاکے ذمہ داروں نے شرکت کی ۔ بہار سے سید جاوید حسن اور محمد شوکت علی صاحبان کی شرکت ہوئی۔
ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے قیم جماعت محمد سلیم انجینئر صاحب نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا بہت بڑی نعمت ہے کیوں کہ یہ عام لوگوں کے ہاتھوں میں ہے اور یہ حکومت کے کنٹرول سے باہر ہے۔انہوں نے کہا کہ روایتی میڈیا ایک طرح سے حکومت کا غلام بن کر رہ گیا ہے۔برسراقتدار جماعتیں جو چاہتی ہیں، وہی میڈیا کے ذریعہ عام لوگوں تک پہنچتا ہے۔ اس سے ملک کی حقیقی صورت حال سے عام لوگوں کو واقفیت نہیں ہو پاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن یہ طاقتیں اب سوشل میڈیا کو بھی اپنے کنٹرول میں کرنا چاہتی ہیں۔ فیک نیوز اور نفرت پر مبنی کنٹنٹس اسی کی مثال ہیں۔ قیم جماعت نے کہا کہ اس تناظر میں ہمیں سوشل میڈیا کا استعمال جمہوریت کو بچانے کے لئے، سچ کو پھیلانے کے لئے اور آپسی محبت و بھائی چارہ کو پھیلانے کے لئے کرنا چاہئے۔ 
ورکشاپ کے کئی سیشنس ہوئے۔یہ سیشنس نظریاتی اور تکنیکی بنیادوں پر مبنی تھے۔ ورکشاپ کا مقصد سوشل میڈیا کے استعمال سے متعلق طویل مدتی منصوبہ تیار کرنا اور اس کے نفاذ کے لئے طریقہ عمل وضع کرنا تھا۔ تاہم ،سردست عام انتخاب 2019 کو ذہن میں رکھتے ہوئے مرکزی اور ریاستی سطحوں پر مربوط کام کرنے کا لائحہ عمل اختیار کرنا تھا۔ ورکشاپ میں اس بات پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ جس طرح2014 میں غلط طریقے سے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کرکے مخصوص پارٹی مرکز میں برسر اقتدارآئی، اسی طرح اس بار بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔ چوں کہ برسراقتدار پارٹی ترقی کے ایجنڈے کو نافذ کرنے اور اپنے وعدوں کو وفا کرنے میں ناکام رہی ہے اس لئے مذہب کی بنیاد پر لوگوں کو پولرائز کرنے اور ان کا ووٹ حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کر سکتی ہے۔ 
اس صورت حال سے نپٹنے کے لئے ورکشاپ میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ریاستوں میں جماعت کی سطح پر سوشل میڈیا نیٹ ورک قائم کیا جائے۔ اس نیٹ ورک سے جماعت کے تمام شعبوں ، ذیلی اداروں اور متوسلین کووابستہ کیا جائے۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارم فیس بک، ٹویٹر، وہاٹس ایپ وغیرہ پر اکاؤنٹ کھولے جائیں ۔ اس کے بعدرپورٹ، ویڈیوکلپ، پوسٹر، نعرے، کارٹون وغیرہ کی شکل میں کنٹنٹس تیار کئے جائیں اور ایک دوسرے کو شیئر کیا جائے۔ اس بات کی بھی کوشش کی جائے کہ کنٹنٹس برادران وطن اور ان لوگوں تک بھی پہنچائے جائیں جو ہم سے اتفاق نہیں رکھتے ہیں۔ مختلف سیاسی پارٹیوں کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم تک بھی ہماری رسائی ہونی چاہئے۔ 
ورکشاپ میں اس بات کی تلقین کی گئی کہ کنٹٹس تیار کرتے وقت اخلاقی قدروں کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ کوئی منفی بات نہ کی جائے۔ مہذب لب و لہجہ میں پیغام پہنچایا جائے۔لوگوں کو مسائل کا حل بھی بتایا جائے۔ 
ورکشاپ سے جناب ٹی عارف علی نائب امیر جماعت ، جناب نصرت علی نائب امیر جماعت ، جناب مجتبیٰ فاروق کنوینر کمیٹی ، جناب ارشد شیخ میڈیا سکریٹری مرکز ، جناب انعام اللہ فلاحی معان سکریٹری شعبۂ تعلیم، جناب محمد احمد سکریٹری ملکی و ملکی امور ،جناب انعام خان کنوینر سوشل میڈیا مرکز ،جناب نیرج گپتا ایڈیٹر دی کوئنٹ ،جناب رضی الاسلام ندوی سکریٹری تصنیفی اکیڈمی، جناب سید قاسم رسول الیاس صدر ویلفئر پارٹی آف انڈیا، نے بھی خطاب کیا اور رہنمائی فرمائی۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*