قرآنی احکام پر عمل کرنے کے لئے جماعت اسلامی ہند شروع کررہی ہے ’مہم رجوع الی القرآن‘

پٹنہ: 2 اکتوبر، 2022
قرآن مجیدایک ایسی کتاب ہدایت ہے جس میں انسانی زندگی کے تمام مراحل اور تمام پہلوؤں کے لئے راہ نمائی موجود ہے۔ لیکن سمجھ کر اس کا مطالعہ نہیں کرنے کی وجہ سے امت مسلمہ کلام اللہ سے خاطراستفادہ نہیں کر پارہی ہے۔ اس صورت حال میں مسلمانوں کو قرآن مجید سے جوڑنے، اس سے حقیقی تعلق پیدا کرنے اور اس سے راہ نمائی حاصل کرنے کے مقصد سے جماعت اسلامی ہند نے 14 سے 23 اکتوبر کے دوران ’رجوع الی القرآن‘ کے عنوان سے ایک دس روزہ مہم منانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مہم کی تفہیم کے لئے جماعت اسلامی ہند، بہار کی جانب سے اتوار کو پٹنہ واقع مرکز اسلامی میں ایک تفہیمی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس میں تقریباً تیس سے زاید اضلاع سے 50 سے زیادہ ناظم علاقہ، امرائے مقامی اور نظمائے یونٹ نے شرکت کی۔
اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ مہم کے دوران مسلمانوں کوقرآن پڑھنے کی ترغیب اور صحیح طریقے سے تلاوت قرآن کی تلقین کی جائے گی۔ اس کے علاوہ قرآن کو سمجھ کر پڑھنے اورلوگوں کے اندر قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے کا جذبہ پیدا کیا جائے گیا۔
امیر حلقہ نے کہا کہ مہم کے دوران مسلم معاشرہ کے تمام طبقات کو مخاطب بنایا جائے گا۔ عام مسلمان، طلبہ، نوجوان، طالبات، خواتین، علماء، دانش ور حضرات، تجارت پیشہ افراد سب کو مہم سے جوڑا جائے گا اور گھر گھر قرآن کا پیغام پہنچایا جائے گا کہ یہی کتاب امت کے روشن مستقبل کا ضامن اور مسائل زندگی کا حل پیش کرتی ہے۔
مولانا رضوان نے کہا کہ زیادہ سے گھروں تک ترجمہ قرآن پہنچانے، قرآن کے تعارف پر مبنی کتابچہ تقسیم کرنے اور اسکولوں و کالجوں میں قرآن پر لکچر کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی متعین تعداد میں قرآن لرننگ سنٹراور تعلیم بالغان مرکز قائم کئے جائیں گے اور طلبہ و نوجوانوں کے درمیان قصص قرآن پر مبنی کوئز مقابلے کرائے جائیں گے۔
امیر حلقہ نے امت کے عوام و خواص، علماء و دانشوروں اور دینی ملی قائدین سے گزارش کی ہے کہ اس مہم کے پیغام کو عام کرنے میں اپنا تعاون پیش کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ اس مہم سے جڑسکیں اورقرآنی احکامات کو عملی زندگی کا حصہ بناسکیں۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*