پٹنہ: 27 اپریل، 2022 ان دنوں گرمی اور پچھوا ہوا کی وجہ سے جگہ جگہ آتشزدگی ہو رہی ہے۔ ایسا ہی افسوس ناک واقعہ حالیہ دنوں سپول اور مدھے پورہ کے گاؤں میں پیش آیا۔ سپو ل ضلع کے پرتاپ گنج بلاک کے موضع گھٹہا گوبند پور میں آتشزدگی حادثہ میں چالیس خاندان کے گھر، مال اور ساز و سامان جل کر راکھ ہو گئے۔ اطلاع ملی تو ناظم علاقہ کوسی اور مقامی ذمہ داروں نے متاثرہ گاؤں کا جائزہ لیا اور فوری طور پر راشن چاول،دال تیل، چنا،بیسن، آٹا،چینی پر مشتمل رمضان کٹ 42 خاندان کو مہیا کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا فاروق ندوی، ناظم علاقہ کوسی و پورنیہ جماعت، کارکن غلام رسول، نور عالم وغیرہ موجود تھے۔اس کٹ سے متاثرین کو بڑی حد تک راحت ملی۔ اسی طرح گزشتہ ۶۱ اپریل کو مدھے پورہ ضلع کے کمار کھنڈ بلاک کے موضع پوکھریا ٹولہ میں بھیانک آتشزدگی ہوئی۔ تقریباً 45گھر جل کر راکھ ہو گئے۔ لوگ بے گھر ہو گئے۔جانور، بکری، مرغیاں تک جل گئیں۔ کھانے کے برتن اور پہننے کے کپڑے بھی نظر آتش ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر جماعت اسلامی ہند کے ناظم ضلع ماسٹر عین الحق مقامی کارکنان کو ساتھ لے کر جائے حادثہ کا جائزہ لیا۔ متاثرین کی رپورٹ محترم امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند بہار کو بھیجی گئی۔ محترم امیر حلقہ نے فوری طور پر راحت رسانی کا کام کرنے کی ہدایت دی۔تیسرے ہی دن متاثرین کو جماعت کی طرف سے ایک عدد لنگی، ایک ساڑی، برتن، راشن اور عید کی مناسبت سے لچھا مہیا کرایا گیا۔ اس موقع پر مولانا فاروق ندوی، ماسٹر عین الحق صاحب، کارکن ماسٹر تنویر عالم، شریف عالم اور منظر عالم اور سابق مکھیا یونس رحمانی موجود تھے۔ حسب ضرورت بازآبادکاری پر توجہ دی جائے گی۔
Be the first to comment