پٹنہ: 6 اپریل، 2021 جماعت اسلامی ہند کے سابق نائب امیر جماعت پروفیسرکے اے صدیق حسن کی رحلت پر جماعت اسلامی ہند بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے شدید رنج و غم اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر صدیق حسن کو اللہ تعالیٰ نے غیر معمولی صلاحیت سے نوازا تھا۔ مرحوم نے بہ حیثیت امیر حلقہ کیرالا اور نائب امیر جماعت، ملت اسلامیہ ہند کے لئے بیش بہا خدمات انجام دیں۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ ریاست بہار سے پروفیسر صدیق کا خصوصی تعلق تھا۔ مرکز میں قیام کے دوران انہوں نے متعدد دورے کئے، کئی تعلیمی، فلاحی کاموں کا آغاز کیا۔ 2008 کے بھیانک سیلاب میں سیلاب زدہ علاقوں کا کشتی سے دورہ کیا اور بڑے پیمانے پر ریلیف کے کاموں کی منصوبہ بندی اور رہنمائی کی۔ امیر حلقہ بہارنے کہا کہ پروفیسر صدیق نے خدمت خلق کا کاموں کے لئے “Vision”کا تصور دیا۔ انہوں نے تعلیمی، رفاہی اور فلاحی کاموں کو مشنری انداز میں کرنے اور کرانے کی کامیاب کوشش کی۔ مرحوم نے دہلی میں شفاء ہاسپٹل، مائیکرو فائنانس اسکیم کے علاوہ ڈاکٹروں اور وکلاء کی تنظیم کاری کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کیرالہ سے ”مادھیمم“اخبار کی اشاعت جیسے کارہائے نمایاں انجام دئے۔ مولانا رضوان احمدنے اللہ سے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے نیز تحریک اسلامی ہند کو انکا نعم البدل عطا فرمائے۔آمین!
Be the first to comment