کوروناوائرس کی جانچ کے لئے عملی اقدام کی ضرورت: مولانا رضوان احمد

پٹنہ: 4 اپریل، 2020
جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ کوروناوائرس کا مقابلہ کرنے کے لئے کئی محاذ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ کورونا وائرس جیسی علامت ظاہر ہونے پر وہ خود ہی آگے آکر اپنی طبی جانچ کرائیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ عام لوگوں میں کورونا وائرس کے تئیں پھیلے خوف کو دور کرنے کے لئے بیداری مہم چلائے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملوں کو جانچ کے لئے ضروری کٹ مہیا کرائے۔
مولانا رضوان احمد اصلاحی نے کہا کہ حال کے دنوں میں جو لوگ بھی بیرون ملک یا ملک کے دیگر حصوں سے اپنے اپنے گھر کو آئے ہیں انہیں لگاتار بخار، سوکھی کھانسی یا چھینک کی شکایت ہے، وہ قریبی اسپتال میں جاکر اپنی جانچ کرائیں۔ جانچ سے پتہ چل جائے گا کہ ان کے جسم میں کورونا وائرس کا اثر ہے یا نہیں۔ اگر خدا نہ خواستہ وائرس داخل وہ گیا ہوگا تو بروقت علاج سے مریض ٹھیک ہونے کے امکانات رہتے ہیں۔بصورت دیگر دیر ہونے سے جانی نقصان کا خطرہ لاحق ہو جاتا ہے۔
امیر حلقہ نے ان اخباری اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ریاست میں کورونا وارئس کی جانچ کے لئے ڈاکٹروں کے پاس ضروری کٹ دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے طبی جانچ کا کام متاثر ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ، حکومت کی جانب سے مناسب بیداری مہم نہیں چلائے جانے کی وجہ سے عام لوگوں میں کئی طرح کا خوف ہے۔ لوگ سماجی طور پر الگ تھلگ کر دئے جانے سے ڈر رہے ہیں۔ کرایہ دار ڈرے ہوئے ہیں کہ کورونا کی علامت ظاہر ہونے سے مکان مالک انہیں گھر سے نکال نہ دے۔ اسپتال کے ناقص انتظامات کی وجہ سے بھی لوگ وہاں داخل نہیں ہونا چاہ رہے ہیں۔ 
مولا نا رضوان احمد نے کہا کہ اچانک لاک ڈاؤن کی وجہ سے غریبوں اور یومیہ مزدوروں کے گھر کا اناج ختم ہو رہا ہے، اس کی وجہ سے ان کے سامنے فاقہ کشی کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ اس صورت حال سے نپٹنے کے لئے وہ غیر سرکاری تنظیموں اور مذہبی اداروں کے ساتھ تعاون و اشتراک کرکے لوگوں کے گھروں تک راشن پہنچانے کا منصوبہ بنائے۔فی الحال لاک ڈاؤن ختم ہونے میں دس دن باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہند، بہار اپنی سطح سے ریاست گیر پیمانے پر ضرورت مندوں تک راحتی اشیا پہنچانے کا کام لگاتار کر رہی ہے۔

Be the first to comment

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*