پٹنہ: 12 دسمبر، 2019
پورے ملک میں ہو رہی عصمت دری جیسی گھناونی اور اس کے بعد قتل جیسی وحشیانہ واردات پر قابو پانے کے لئے سخت عملی اقدامات کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت انتہائی ضروری ہے۔ یہ باتیں جماعت اسلامی ہند، بہار کے امیر حلقہ مولانا رضوان اصلاحی نے بتیا، مظفرپور، اناو اور حیدرآباد سمیت ملک بھر میں ہو رہے بیٹیوں پر ظلم و تشددد کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہیں۔
امیر حلقہ نے کہا کہ صرف سخت قانون بنا دینے سے عصمت دری پر روک لگانا مشکل ہے۔ اس کے لئے خواتین کی عصمت و عزت، وقار اور مرتبہ کے ساتھ ساتھ ان کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جنسی بے راہ روی پر قدغن لگانے کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے اسلامی تعلیمات کو عام کرنے اور نوجوانوں کی اخلاقی و روحانی تربیت کی ضرورت ہے کیوں کہ بغیر اخلاقی و روحانی تربیت کے ذہن و افکار میں تبدیلی ناممکن ہے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے ارکان و کارکنان سے کہا کہ وہ اپنے علاقے کے متاثرین سے مل کر جہاں اظہار تعزیت کریں وہیں مقامی نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو اسلام کی روحانی واقفیت بہم پہنچانے کی کوشش کریں۔امیر حلقہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ واردات پر قابو کے لئے سخت عملی اقدام کرے اور مجرمین کو کیفر کردارتک پہنچائے۔
Be the first to comment