مولانا رضوان احمد اصلاحی جماعت اسلامی ہند،حلقہ بہار کے امیر حلقہ مقرر

مولانا رضوان احمد اصلاحی

پٹنہ /۲ مئی ۹۱۰۲ امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی صاحب نے جماعت اسلامی ہند، حلقہ بہار کے لئے مولانا رضوان احمد اصلاحی کو میقات 2019-23 کے لئے امیرحلقہ مقرر کیا ہے۔مولانا موصوف گذشتہ 2007 سے شہر پٹنہ کے امیر مقامی کے طور پر اپنے فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ جماعت اسلامی ہند کی مجلس نمائندگان کے رکن اور جماعت اسلامی ہند، حلقہ بہار کی مجلس شوریٰ کے رکن بھی ہیں۔ مولانا نے اپنی تعلیم مدرسۃ الاصلاح سرائے میر اعظم گڑھ (یوپی) سے مکمل کرنے کے معاً بعداسلام کی ترویج و اشاعت، معاشرے کی اصلاح اور سماجی کاموں میں مصروف ہو گئے۔ مولانا رضوان احمد نے موجودہ سیاسی اور سماجی حالات میں اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے سلسلے میں کہا کہ ہمارے سامنے دو طرفہ چیلنجز ہیں۔ جہاں ہمیں اپنی اجتماعیت کو بنیان مرصوص بناکر اقامت دین اور دعوت دین کے لئے نہ صرف اپنے کارکنوں کو سرگرم عمل بنانا ہے، بلکہ امت کو بھی اس انبیائی مشن سے وابستہ کرنا ہے۔وہیں دوسری طرف ملت میں درآئی نت نئی خرابیوں کی اصلاح بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔ ساتھ ہی امت کے اندر اس مایوس کن صورت حال میں حوصلہ اور ہمت پیدا کرکے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہندصرف ایک ملی جماعت نہیں ہے، بلکہ اس کے پاس عام شہریوں کے ارتقا، سماج کی تعمیر، حتیٰ کہ ریاست کی اخلاقی بنیادوں پر تشکیل تک کا پروگرام ہے۔ اس لئے ہماری توجہ ریاست کی غیر مسلم آبادی کی طرف بھی ہوگی۔ ہم ان کے مسائل میں بھی دلچسپی لیں گے اور اس کے حل کے لئے ان کے ساتھ تعاون اور اشتراک کریں تاکہ ریاست کی صورت حال میں ایک محسوس تبدیلی واقع ہو سکے۔ نئے امیر حلقہ نے جہاں اپنے کیڈر سے تعاون کی درخواست کی ہے، وہیں ملت کے عوام و خواص اور عام سماجی کارکنوں سے رہنمائی اور مد د کی اپیل کی ہے۔

شوکت علی
میڈیا انچارج، دفتر جماعت اسلامی ہند، بہار

2 Comments

  1. آج ملت کا سب سے بڑا مسلہ اسکا قول و عمل کا تضاد ہے۔
    اسمیں عام و خاص دونوں شامل ہیں۔
    نےء امیر جماعت عالم ہیں اس پر توجہ دیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.


*